1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سلم ڈوگ ملینئر کی بھارت میں نمائش جاری

25 جنوری 2009

جمعےکے روز بھارت میں ’’سلم ڈوگ ملینئر‘‘ کو نمائش کے لیے پیش کیا گیا۔ ہفتہ کے روز فلم ناقدین کی جانب سے اسے خوب سراہا گیا اور اخبارات میں لکھے گئے ریویوز میں کئی ایک نے اس فلم کو پانچ میں سے پانج نمبر دئیے ہیں۔

https://p.dw.com/p/GfVg
اس فلم کے حوالے سے بھارتی شائقین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آرہاہے۔تصویر: AP

تاہم فلم بینوں کی جانب سےکچھ ملےجلےردعمل کا اظہار کیاجارہا ہے۔ بھارتی شائقین اس فلم کی نمائش کا انتظار کافی عرصے سے کر رہی تھی۔ بھارت میں اس فلم کو ہندی اور انگریزی میں پیش کیا گیا۔

A. R. Rahman Komponist der Filmmusik von Slumdog Millionaire
بھارتی موسیقار اے آر رحمان کی موسیقی کو آسکر ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کیا گیا ہے۔تصویر: picture alliance / landov

اس فلم کو گولڈن گلوب ایوارڈز ملنے کے بعد اب فلمی دنیا کے سب سے بڑے اعزاز آسکر کے لیے دس زمروں میں نامزد کیا گیا ہے۔یہ فلم ایک ایسے نوجوان کی کہانی ہے جو بمبئی کی جھوپڑ پٹی میں پلا بڑھا ہے لیکن ’ کون بنے گا کروڑ پتی‘ نامی ٹی وی شو میں دو کروڑ جیت لیتا ہے۔ یہ کہانی ہے غریبی سے امیری تک کے سفر کی۔

انگریزی اخبار ہندوستان ٹائمز نے اس فلم کو تکنیکی شاہکار قرار دیتے ہوئے اسے پانچ ستارے دئیے ہیں۔ جبکہ ڈیلی نیوز اینڈ انیلیسز کی جانب سے اسے سراہتے ہوئے چار اعشاریہ پانچ ستارے دئیے گیے۔ ساتھ ہی یہ بھی لکھا گیا کہ اس فلم کہانی میں کہانی سے لے کر ایکٹنگ تک بہترین ہے۔

Danny Boyle Golden Globe
معروف برطانوی فلم ساز ڈینی بوئلتصویر: picture-alliance/ dpa

ٹائمز آف انڈیا نے فلم کی کہانی پر چند سوالات اٹھائے ہیں، جیسے کہ کیا یہ حقیقت پر مبنی ہے وغیرہ وغیرہ مگر ساتھ ہی اسے چار اعشاریہ پانچ ستارے دیتے ہوئے ضرور دیکھنے کا سجھاؤ بھی دیا ہے۔ یہ بھی لکھا گیا ہے کہ صحیح سینیما کا مزہ لینے کے لیے یہ فلم ضرور دیکھی جانی چاہیے۔

تاہم چند ناقدین نے فلم دیکھنے کے بعد مایوسی کا اظہار بھی کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ وکاس سوارپ کا ناول ’Q and A‘ کو صحیح طرح سے فلمایا نہیں گیا۔ مزید یہ کہ اس فلم میں بھارت کی غربت کو ایک غیر ملکی کی نگاہ سے فلمایا گیا ہے۔