1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستاسرائیل

غزہ: جنگ بندی کے لیے سفارتی کوششیں جاری، اسرائیلی حملے بھی

21 دسمبر 2023

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے غزہ میں جمرات کے روز متعدد مقامات پر بمباری کی، دوسری جانب عالمی سفارت کاروں کی کوشش ہے کہ کسی طرح سے اس ساحلی پٹی میں فائربندی کے معاہدے تک پہنچا جائے۔

https://p.dw.com/p/4aRau
Gazastreifen | Israelische Offensive
تصویر: Clodagh Kilcoyne/REUTERS

غزہ میں جنگ بندی کے لیے عالمی سطح پر سفارت کاری کی کوششوں کے دوران اسرائیل  نے اس محصور ساحلی پٹی  پر حملوں میں کوئی کمی نہیں کی۔ فلسطینی عسکریت پسند تنظیم اور غزہ کی منتظم حماس کا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی عسکری کارروائیوں کے آغاز سے اب تک غزہ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد اب بیس ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

غزہ پٹی میں ایک اور عارضی جنگ بندی کی امید

سلامتی کونسل میں غزہ کی قرارداد پر ووٹنگ موخر

'افسوس ناک اور شرم ناک سنگ میل‘

اقوام متحدہ کے سربراہ برائے انسانی امداد مارٹن گریفتھس کے مطابق غزہ میں ہلاکتوں کی تعداد ''افسوس ناک اور شرم ناک سنگ میل‘‘ عبور کر چکی ہے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اس کوشش میں ہے کہ کسی طرح سے غزہ میں جاری اس جنگ میں وقتی سیزفائر کا راستہ نکالا جائے۔

Gazastreifen | Israelische Offensive
ابتدا میں فلسطینیوں کو شمالی غزہ سے نکل جانے کو کہا گیا تھاتصویر: Abed Rahim Khatib/dpa/picture alliance

اسرائیلی کارروائیوں میں تیزی

اسرائیلی فوج کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران غزہ میں 230 مقامات پر حملے کیے گئے، جن میں ایک راکٹ لانچنگ سائٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ زمینی فورسز نے جبالیہ کے علاقے کے قریب ایک اسکول سے ہتھیار برآمد کیے ہیں۔

واضح رہے کہ اس جنگ کا آغاز سات اکتوبر  کو اسرائیل پر حماس کے دہشت گردانہ حملے کے بعد ہوا تھا، جس میں گیارہ سو چالیس اسرائیلی شہری ہلاک ہو گئے تھے، جن میں اکثریت عام شہریوں کی تھی۔ اس کے علاوہ حماس کے جنگجو قریب ڈھائی سو افراد کو یرغمال بنا کر اپنے ساتھ لے گئے تھے۔

حماس کے میڈیا دفتر نے بتایا کہ اب تک فلسطینی سرزمین پر اسرائیلی عسکری کارروائیوں میں ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد بیس ہزار سے زائد ہو چکی ہے، جن میں سے آٹھ ہزار بچے اور چھ ہزار دو سو خواتین تھیں۔

خان یونس سے فلسطینی شہریوں کے انخلا کا حکم

اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ اسرائیل نے جنوبی غزہ میں خان یونس کے ایک بڑے علاقے کے رہائشیوں کو وہاں سے نکل جانے کا حکم دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ خان یونس کے علاقے میں ایک لاکھ چالیس ہزار سے زائد بے گھر افراد پناہ لیے ہوئے ہیں۔

اسرائیل نے شمالی غزہ سے لوگوں کے انخلا کے احکامات جاری کیے تھے، جس کے بعد لاکھوں افراد جنوبی غزہ کی جانب منتقل ہو گئے تھے، تاہم اب اسرائیل جنوبی غزہ کے مختلف علاقوں کی جانب پیش قدمی کر رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق ان بے گھر افراد کے لیے پناہ کی جگہیں سکڑتی جا رہی ہیں۔

Gazastreifen | Israelische Offensive
غزہ میں حماس کے خلاف بڑی اسرائیلی کارروائیاں جاری ہیںتصویر: Ohad Zwigenberg/AP Photo/picture alliance

جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملے

جنوبی لبنان میں اسرائیلی شیلنگ کے نتیجے میں ایک معمر خاتون ہلاک ہو گئی۔  یہ واقعہ جمعرات کے روز مارون الراس کے علاقے میں پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ اس واقعے میں اس خاتون کا شوہر زخمی ہو گیا۔ اسرائیلی فوج کے مطابق جمعرات کو اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے جنوبی لبنان میں شیعہ عسکری تنظیم حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

اسرائیلی بیان میں کہا گیا ہے کہ ان تازہ کارروائیوں میں حزب اللہ کی ایک راکٹ لانچنگ سائٹ تباہ کر دی گئی۔ سات اکتوبر کو حماس کے دہشت گردانہ حملے کے بعد سے اسرائیل اور لبنانی شیعہ عسکری تنظیم حزب اللہ کے درمیان بھی وقفے وقفے سے جھڑپیں جاری ہیں۔

ع ت/ش ر، م م (روئٹرز، اے ایف پی)