1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سعودی عرب:بیس ممالک کے مسافروں کے داخلے پر پابندی

3 فروری 2021

سعودی عرب نے پاکستان اور بھارت سمیت بیس ملکوں سے مسافروں کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔

https://p.dw.com/p/3onfO
Saudi Arabien Flughafen von Abha
تصویر: Reuters/F. al Nasser

 کورونا وائرس پر قابو پانے کی کوشش کے تحت بدھ تین فروری سے نافذ العمل اس عارضی پابندی سے تاہم سعودی شہریوں، سفارت کاروں، ڈاکٹروں اور ان کے اہل خانہ کو مستشنی رکھا گیا ہے۔

سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ نے بیس ممالک کے شہریوں کی بدھ کے روز رات نو بجے کے بعد سے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔ اس پابندی کا اطلاق پڑوسی ملک مصر، متحدہ عرب امارات، لبنان اور ترکی کے شہریوں پر بھی ہوگا۔

یہ پابندی کورونا وائرس کی نئی لہر کے مد نظر عائد کی گئی ہے۔ سعودی وزارت داخلہ کے ایک عہدیدار کے مطابق اس عارضی پابندی کا اطلاق ان بیس ممالک کے علاوہ دیگر ممالک سے آنے والے ایسے افراد پر بھی ہوگا جو سعودی عرب میں داخلے کی خواہش سے پہلے کے چودہ روز کے دوران مذکورہ ممالک سے گزرے ہوں۔

سعودی وزارت داخلہ کے مطابق جن ملکوں کے شہریوں کے مملکت میں داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں یورپی ملکوں میں برطانیہ، جرمنی، آئر لینڈ، اٹلی، پرتگال، سویڈن اور سوئٹزر لینڈ شامل ہیں۔

ان کے علاوہ امریکا، ارجینٹینا، برازیل، پاکستان، بھارت، انڈونیشیا، جاپان اور جنوبی افریقہ کے شہریوں کے بھی سعودی عرب میں داخلے پرعارضی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

سعودی وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق سعودی شہریوں کے علاوہ سفارت کاروں اور طبی ماہرین نیز ان کے اہل خانہ کو داخل ہونے کی اجازت ہوگی البتہ انہیں سعودی وزارت صحت کی طرف سے طے کردہ حفاظتی اقدامات پر عمل کرنا ہوگا۔

نئی بندشوں کی وارننگ

یہ فیصلہ سعودی وزیر صحت توفیق الربیعہ کی طرف سے اتوار کے روز اس اعلان کے بعد آیا ہے کہ اگر سعودی شہریوں اور یہا ں مقیم افراد نے صحت کے حوالے سے ضابطوں پر عمل نہیں کیا تو نئے کورونا وائرس کے مد نظر بندشیں عائد کی جاسکتی ہیں۔

سعودی عرب میں اب تک کورونا وائرس کے تین لاکھ 68 ہزار کیسز اورچھ  ہزار 400 اموات ہوچکی ہیں جو خلیجی ممالک میں سب سے بڑی تعداد ہے۔

جنوری کے آغاز میں یومیہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 100 سے کم ہوگئی ہے جو کہ جون میں سب سے زیادہ پانچ ہزار کیسز یومیہ تک پہنچ گئی تھی تاہم اب نئے یومیہ کیسز بڑھ گئے ہیں اور منگل کے روز 310 کیسز سامنے آئے۔

پی آئی اے کی پروازیں بند

دریں اثنا پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے ایک ترجمان کے مطابق پابندی کے باعث کوئی مسافر پاکستان سے سعودی عرب سفر نہیں کرسکے گا۔ البتہ سعودی عرب سے پاکستان آنے والے مسافروں کو واپس لانے کے لیے پروازیں جاری رکھی جائیں گی۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ جو مسافر پاکستان سے سعودی عرب کی پروازوں پر بُک تھے ان کی بکنگ پابندی کے خاتمے تک ملتوی کی جا رہی ہے جو پابندی ختم ہوتے ہی بحال کر دی جائے گی۔

 ج ا/ ص ز (روئٹرز، اے ایف پی)

پاکستان میں کورونا کی نئی قسم کا پھیلاؤ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں