1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سعودی تنصیبات پر حوثی باغيوں کے ڈرون حملے

14 مئی 2019

سعودی عرب نے تصدیق کی ہے کہ حوثی ملیشیا کے ڈرون حملوں ميں تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ ان تنصیبات کو حوثی ملیشیا نے کم از کم سات ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا۔

https://p.dw.com/p/3IToP
Jemen Konflikt Hafenstadt Hudaida sudanesisches Militär
تصویر: Getty Images/AFP/S. Al-Obeidi

سعودی عرب کے وزیر توانائی خالد الفالح نے کہا ہے کہ حوثی ملیشیا نے ڈرون حملوں سے دو تیل پمپ کرنے والے اسٹیشنوں کو نشانہ بنایا جس سے پائپ لائن کے ذریعے تیل کی سپلائی رک گئی ہے۔ یہ دونوں پمپنگ اسٹیشن اُسی پائپ لائن پر واقع ہیں، جس کی سپلائی کو معطل کیا گیا ہے۔ خالد الفالح کے بیان میں پائپ لائن کو پہنچنے والے نقصان کے بارے میں کوئی تفصیل بیان نہیں کی گئی۔

سعودی وزیر کے مطابق ڈرون حملوں کا نشانہ تیل کی دولت سے مالا مال مشرقی سعودی صوبے سے گزرنے والی پائپ لائن تھی۔ سعودی تیل تنصیبات خام تیل ایکسپورٹ کرنے والی بڑے حکومتی ادارے آرامکو کے زیر کنٹرول ہیں۔ سعودی وزیر تیل خالد الفالح کے مطابق ایک مقام پر ڈرون گرنے سے آگ بھی بھڑک اٹھی۔ اس پمپنگ اسٹیشن سے خام تیل کی سپلائی ینبع کی بندرگاہ تک پہنچائی جاتی ہے۔ ڈرون حملے سے لگنے والی آگ پر قابو پایا جا چکا ہے۔

آرامکو کے مطابق فی الحال خام تیل کی سپلائی کو معطل کر دیا گیا ہے۔ اس سپلائی کی بحالی حملے کے مقامات کا مکمل جائزہ لینے کے بعد کی جائے گی۔ بیان کے مطابق پائپ لائن کی مکمل مرمت کے بعد ہی سپلائی کی بحالی ممکن ہے۔ سعودی دارالحکومت ریاض سے سکیورٹی ادارے نے بتایا کہ دارالحکومت کے علاقے میں واقع عفیف اور دُودامی کی تیل تنصیبات کو ڈرون حملوں سے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے لیکن یہ محدود نوعیت کے حملے تھے۔ 

Jemen Drohnenangriff von Huthi-Rebellen auf eine Militärparade
سعودی عرب کے سکیورٹی ماہرین حوثی ملیشیا کے ڈرون حملے کے مقام کا معائنہ کرتے ہوئےتصویر: Reuters

ایران نواز حوثی ملیشیا کے ٹیلی وژن نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈرون حملوں کے ذریعے سعودی عرب کی اہم تنصیبات کو ٹارگٹ کیا گیا۔ حوثی ملیشیا کے حملے منگل چودہ مئی کی صبح کیے گئے تھے۔ حوثی ملیشیا نے بھی نشانہ بنائی گئی سعودی تنصیبات کی کوئی تفصیل بیان نہیں کی تھی۔ المصیرہ ٹیلی وژن کی رپورٹ کے مطابق سات ڈرونز کے ذریعے مختلف اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

یہ حملے ایسے وقت پر کیے گئے جب حوثی ملیشیا نے تین بندرگاہی شہروں صلیف، راس عیسیٰ اور حدیدہ سے اپنے جنگجوؤں کو پیچھے ہٹانے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔  دوسری جانب امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس نے خلیج میں تیل بردار جہازوں کو نشانہ بنانے کے سیٹلائٹ امیجز حاصل کیے ہیں۔ ان امیجز سے بھی بحری جہازوں کو نقصان پہنچانے کے مبینہ حملوں کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ ان چار بحری جہازوں میں سے دو کا تعلق سعودی عرب، ایک ناروے اور چوتھا اماراتی ہے۔ ان مبینہ حملوں کے حوالے سے ایک امریکی اہلکار نے بتایا کہ تمام بحری جہازوں کو ایک جیسا نقصان پہنچا ہے۔