سرینا ولیمز نے بیسواں گرینڈ سلیم ٹائٹل بھی جیت لیا
6 جون 2015عالمی نمبر ایک سیرینا ولیمز نے ہفتے کے دن ایک ڈرامائی کھیل کے بعد عالمی نمبر تیرہ سافارووا کو چھ تین، سات چھ اور چھ دو سے مات دی۔ فرنچ اوپن کا یہ فائنل میچ دو گھنٹے اور ایک منٹ تک جاری رہا۔ یہ امر اہم ہے کہ سیرینا ولیمز نزلے کی شکار تھیں اور انہوں نے جمعے کے دن معمول کی پریکٹیس بھی نہیں کی تھی۔ تاہم ہفتے کے دن جب وہ کورٹ میں اتریں تو نقاہت کے باوجود اپنی تمام تر توانائی کو بروئے کار لاتے ہوئے انہوں نے سافارووا کو شکست سے دوچار کر دیا۔
میچ کے بعد سیرینا نے فرنچ زبان میں اپنی حریف کھلاڑی کو خراج تحیسن پیش کرتے ہوئے کہا، ’’سافارووا نے انتہائی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ وہ ایک بہترین حریف ثابت ہوئی۔‘‘ اپنی کامیابی پر خوشی کےاظہار میں انہوں نے کہا، ’’یہ ٹورنامنٹ جیتنا میرا خواب تھا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ وہ بہت خوش ہیں کہ انہوں نے ایک اور ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔
اس موقع پر اٹھائیس سالہ سافارووا نے سیرینا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا، ’’سیرینا تم نے آج حیرت انگیز کھیل کا مظاہرہ کیا۔ تم ایک شاندار فائٹر ہو۔ تمیں یہ جیت مبارک ہو۔‘‘ یہ امر اہم ہے کہ سافارووا کا کسی گریںڈ سلیم کا یہ پہلا فائنل میچ تھا۔
33 سالہ ولیمز نے فرنچ اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کے ساتھ بیس مرتبہ میجر سنگل ٹائٹلز اپنے نام کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا ہے۔ یوں وہ مردوں اور خواتین کھلاڑیوں میں ایسی تیسری کھلاڑی بن گئی ہیں، جنہوں نے اتنی مرتبہ یہ ٹائٹل جیتا ہے۔ جرمن خاتون کھلاڑی اسٹیفی گراف نے بائیس جبکہ آسٹریلوی خاتون کھلاڑی مارگریٹ کورٹ نے چوبیس مرتبہ گرینڈ سلیم ٹائٹلز اپنے نام کر رکھے ہیں۔
قبل ازیں سرب کھلاڑی نوواک جوکووچ نے فرنچ اوپن کے دوسرے سیمی فائنل میں ایک دلچسپ مقابلے کے بعد برطانوی اسٹار اینڈی مرے کو شکست دے دی۔ بارش سے متاثرہ اس میچ کا کچھ حصہ آج بروز ہفتہ مکمل کیا گیا۔ نوواک جوکووچ اب فائنل میں سوئس کھلاڑی اسٹانیسلانس واورینکا کے مد مقابل آئیں گے۔ ایک طویل مقابلے کے بعد جوکووچ نے چھ تین، چھ تین، پانچ سات، پانچ سات اور چھ ایک سے مرے کو مات دی۔ فرنچ اوپن میں مردوں کا سنگلز فائنل اتوار کے دن کھیلا جائے گا۔