1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سری لنکا ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں

رپورٹ: ندیم گل، ادارت: گوہرنذیر19 جون 2009

آئی سی سی ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو 57 رنز سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ اب اتوار کو لارڈز کے میدان پر سری لنکا کا مقابلہ پاکستان سے ہوگا۔

https://p.dw.com/p/IV16
تصویر: AP

جمعہ کو لارڈز میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم 159 رنز کے ہدف کا تعاقب نہیں کرسکی ہے۔

Sri Lanka Sport Cricket Cricketspieler Muttiah Muralitharan
مرلی کی گیند کا جادوتصویر: AP

کپتان کرس گیل کے علاوہ ویسٹ انڈیز کا کوئی بھی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔ گیل 63 رنز کے ساتھ آخر تک ناٹ آوٴٹ رہے۔ ویسٹ انڈیز کے تین بلے باز تو میتھوز کے پہلے ہی اوور میں ڈھیر ہو گئے جس کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو سنبھلنے کا موقع نہ مل سکا۔

سری لنکا کی جانب سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ بھی ویسٹ انڈیز کی شکست کا ایک سبب رہا۔ میتھوز نے چار اوورز میں 16 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں، مینڈس نے نو رنز کے عوض دو جبکہ مرلی دھرن نے 29 رنز پر تین وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل سری لنکا کے افتتاحی بیٹسمین دلشان نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 96 رنزبنائے۔ وہ بھی ناٹ آوٴٹ رہے۔

Chris Gayle
ویسٹ انڈیز کے کپتان کرس گیلتصویر: AP

میچ کے بعد ویسٹ انڈیز کے کپتان کرس گیل نے کہا کہ اصل میں دلشان ہی کھیل ان کے ہاتھ سے لے اُڑے۔ گیل نے کہا کہ ایک کھلاڑی کھیل کا پانسہ پلٹ سکتا ہے۔ گیل نے مزید کہا کہ ان کی ٹیم نے بری بولنگ نہیں کی بلکہ بیٹنگ میں انہیں اچھا آغاز نہیں مل سکا۔

سری لنکا کے کپتان اور وکٹ کیپر سنگاکارا نے کہا کہ جیت کا سہرا پوری ٹیم پر ہے، دلشان نے رنز کے ڈھیر لگائے تو میتھیوز نے وکٹیں ڈھیر کیں۔ سنگاکارا نے کہا کہ میتھیوز نے پہلے ہی اوور میں جو کرکے دکھایا، اس سے زیادہ کی توقع نہیں کی جا سکتی۔ دلشان کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

اس سے قبل ٹوئنٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کرکٹ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو سات رنزسے شکست دے دی تھی۔

جنوبی افریقہ میں کھیلے گئے پہلے ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں بھی پاکستان کی ٹیم فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی تھی جہاں اسے بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس مرتبہ بھارت کی ٹیم سپر ایٹ مرحلے ہی سے باہر ہوگئی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں