1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سری لنکا: افراط زر اور تجارتی خسارہ

6 اپریل 2012

گزشتہ سال ريکارڈ اقتصادی ترقی کے باوجود سری لنکا ميں افراط زر اور بڑھتے ہوئے تجارتی خسارے کے باعث ملکی حکومت اقدامات اٹھانے پر مجبور ہو گئی۔

https://p.dw.com/p/14YwJ
تصویر: Dominic Sansoni / The World Bank

مئی 2009ء ميں ’تامل ٹائيگرز‘ کو شکست دينے اور ملک میں خانہ جنگی کے خاتمے کے بعد سری لنکا ميں اقتصادی ترقی کی رفتار نماياں رہی ہے۔ دارالحکومت کولمبو سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سن 2010 ميں اقتصادی نمو کی شرح 8 فيصد اور گزشتہ سال يہ شرح 8.3 فيصد رہی۔ 1948ء ميں برطانيہ سے آزادی ملنے کے بعد سری لنکا کی تاريخ ميں یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ لگاتار دو سال اقتصادی ترقی کی شرح آٹھ فيصد کی سطح يا اس سے بلند رہی ہو۔

البتہ سری لنکا ميں سن 2011 کی قابل ذکر اقتصادی ترقی سے متعلق اعداد و شمار اس وقت سامنے آ رہے ہيں جب کہ ملک ميں قرضوں کی ہاتھ سے نکلتی ہوئی صورتحال، افراط زر اور تجارتی خسارہ ميں اضافہ بھی ريکارڈ کيا جا رہا ہے۔ ملک ميں افراط زر سے نمٹنے کے ليے سری لنکا کے مرکزی بينک نے جمعرات کو قرضے کی شرح سود ميں پچھتر بيسس پوائنٹس کا اضافہ کرتے ہوئے نيا ريٹ 9.75 فيصد مقرر کيا ہے۔ کمرشل بينکوں کو ديے جانے والے قرضے کی شرح ميں اضافہ گزشتہ دو ماہ ميں اب دو مرتبہ کيا جا چکا ہے۔ سينٹرل بينک آف سری لنکا نے اپنے ايک بيان ميں کہا ہے کہ قرضوں کے ليے مقرر کردہ سود میں اضافہ ، ملک ميں قرضوں کی بڑھتے ہوئے حجم کے پيش نظر کيا گيا ہے۔ مرکزی بينک کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے ميں رواں سال فروری ميں ماہانہ بنیادوں پر افراط زر کی شرح ميں2.7 فيصد کا اضافہ ہوا جبکہ مارچ ميں اضافے کی يہ شرح 5.5 فيصد رہی۔

تامل ٹائيگرز کو سری لنکن حکومت نے مئی 2009ء ميں شکست دی
تامل ٹائيگرز کو سری لنکن حکومت نے مئی 2009ء ميں شکست دیتصویر: AP

خبر رساں ادارے اے ايف پی کے مطابق عالمی مالياتی ادارے نے اعلان کيا ہے کہ وہ 2009ء میں طے پانے والے ایک معاہدے کے تحت سری لنکا کو رواں ہفتے427 ملين ڈالر کی ایک قسط ادا کرے گا۔ انٹرنيشنل مانيٹری فنڈ کی جانب سے 2.6 بلين ڈالر کا يہ امدادی پيکيج سری لنکا کے زر مبادلہ کے ذخائر ميں توسيع کرنے کے ليے تشکيل ديا گيا ہے۔ سری لنکا ميں حاليہ اقتصادی صورتحال کے پيش نظر مرکزی بينک نے رواں سال اقتصادی ترقی کی شرح ميں کمی کر کے ا سے 7.2 فيصد مقرر کر ديا ہے۔ اس سے قبل مرکزی بینک نے اقتصادی نمو کی شرح 8.0 فیصد تک رہنے کی پیشنگوئی کی تھی۔

as/ai/AFP