1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی مسلمان سیاست دان بھائی سمیت ڈرامائی حملے میں قتل

16 اپریل 2023

بھارتی ریاست اتر پردیش میں ملکی پارلیمان کے ایک سابق رکن کو ان کے بھائی سمیت ایک ڈرامائی حملے میں قتل کر دیا گیا۔ مقتول سیاست دان اغوا کے جرم میں سزا یافتہ تھے۔ قاتلوں میں سے ایک نے ’جے شری رام‘ کے نعرے بھی لگائے۔

https://p.dw.com/p/4Q9Kc
politician Atiq Ahmad and his brother Ashraf Ahmad were shot dead by unidentified assailants outside Kalvin hospital while being taken for a medical checkup in police custody, in Prayagraj, India
تصویر: Sanjay Kanojia/AFP

بھارتی ریاست اتر پردیش میں لکھنؤ سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق ریاستی حکام نے آج اتوار 16 اپریل کے روز بتایا کہ دوہرے قتل کا یہ واقعہ شہر پریاگراج میں کل ہفتے کی رات پیش آیا۔ پریاگراج ماضی میں الہ آباد کہلاتا تھا۔

مسلمان اگر تفریق کا شکار ہیں تو ان کی آبادی کیوں بڑھی؟ بھارتی وزیر خزانہ

دونوں مقتول مسلمان تھے اور ان میں سے عتیق احمد، جو ایک مقامی سیاست دان کے طور پر ماضی میں بھارت کی قومی پارلیمان کے ایوان زیریں کے رکن بھی رہ چکے تھے، اغوا کے جرم میں سزا یافتہ بھی تھے۔ اس کے علاوہ عتیق احمد پر قتل اور حملوں کے الزامات بھی تھے اور ان کے خلاف مقدمات کی سماعت ابھی جاری تھی۔

حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے عتیق احمد کے ہمراہ ان کے بھائی کو بھی قتل کر دیا، جن کا نام پولیس نے اشرف احمد بتایا ہے۔

بھارت کی مسلم اقلیت 'سبزی خور قوم پرستی‘ کے نشانے پر

politician Atiq Ahmad and his brother Ashraf Ahmad were shot dead by unidentified assailants outside Kalvin hospital while being taken for a medical checkup in police custody, in Prayagraj, India
عتیق احمد اور ان کے بھائی اشرف احمد کو پولیس کی حفاظت میں میڈیکل چیک اپ کے لیے ایک مقامی ہسپتال لے جایا جا رہا تھاتصویر: Sanjay Kanojia/AFP

ڈرامائی حملہ ٹی وی پر لائیو بھی دیکھا گیا

بھارتی حکام کے مطابق عتیق احمد اور ان کے بھائی اشرف احمد ہفتے کی رات پولیس کی حفاظت میں میڈیکل چیک اپ کے لیے ایک مقامی ہسپتال جا رہے تھے کہ ان کو تین ایسے افراد نے نشانہ بنایا، جنہوں نے بظاہر صحافیوں کے طور پر ان تک رسائی حاصل کی تھی۔

بھارتی مسلمانوں کی وزیر داخلہ سے ملاقات میں تشدد کے واقعات پر اظہار تشویش

مقتولین کو شہر پریاگراج میں بہت قریب سے فائرنگ کر کے قتل کیا گیا اور حکام کے مطابق یہ حملہ بظاہر اتنا ڈرامائی نوعیت کا تھا کہ یہ ٹی وی پر لائیو بھی دیکھا گیا۔ یہ دوہرا قتل ٹی وی پر لائیو کس طرح دیکھا گیا، حکام نے اس کی کوئی تفصیلات نہیں بتائیں۔ ایسا شاید اس وجہ سے ہوا کہ تینوں حملہ آور بظاہر انٹرویو کے لیے صحافیوں کے طور پر مقتولین کے قریب پہنچے تھے۔

مسلمان قصائی ہندو قوم پرستوں کے نشانے پر

حملہ آوروں کی گرفتاری اور جے شری رام کے نعرے

ریاستی حکام نے بتایا کہ اس دوہرے قتل کے بعد تینوں حملہ آوروں نے موقع پر ہی خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔ ان میں سے کم از کم ایک حملہ آور نے فائرنگ کے بعد 'جے شری رام‘ اور 'جے رام جی‘ کے نعرے بھی لگائے۔

بھارت میں یہی مذہبی نعرے ہندو قوم پسندوں کی مسلمانوں کے خلاف مہم کے دوران ان کے بنیادی نعرے بن چکے ہیں۔ ریاست اتر پردیش میں ملکی وزیر اعظم نریندر مودی کی ہندو قوم پسند جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) ہی کی حکومت ہے۔

بھارت: 'شواہد کے فقدان' میں ملیانہ فسادات کے تمام ملزمان بری

اس حملے کے بعد رمیت شرما نامی ایک پولیس افسر نے بتایا کہ تینوں حملہ آور ایک موٹر سائیکل پر سوار ہو کر مقتولین کے قریب تک پہینچے تھے۔ رمیت شرما کے مطابق، ''حملہ آور یہ کہہ کر مقتولین کے قریب پہنچے کہ وہ ان کے ساتھ بہت مختصر سی گفتگو ریکارڈ کرنا چاہتے تھے اور اسی دوران انہوں نے دونوں بھائیوں پر فائرنگ شروع کر دی۔ دونوں کو گولیاں سروں میں لگی تھیں اور یہ سب کچھ صرف چند لمحوں میں ہوا۔‘‘

بھارت میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، امریکہ

دو مسلمانوں کو ’زندہ جلانے‘ والے ملزم پکڑے کیوں نہیں جا رہے؟

دو روز قبل ہونے والا مبینہ ’پولیس مقابلہ‘

نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس نے لکھا ہے کہ اس دوہرے قتل سے صرف دو روز قبل جمعرات کے دن مقتول عتیق احمد کا ایک نوجوان بیٹا اور ایک اور شخص پولیس کے ہاتھوں مارے گئے تھے۔ ان دونوں پر ایک حالیہ قتل میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کا الزام تھا۔ پولیس کے مطابق یہ دونوں ایک مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گئے تھے۔

مقتول عتیق احمد کو، جن کی عمر 60 برس تھی، 2019ء میں اس لیے جیل جانا پڑا تھا کہ انہیں ایک عدالت نے اغوا کے الزام میں سزا سنا دی تھی۔ وہ چار مرتبہ اتر پردیش کی ریاستی اسمبلی کے رکن رہے تھے اور 2004ء میں بھارت کی قومی پارلیمان کے رکن بھی منتخب ہوئے تھے۔

بھارت میں داخلی سیاسی تقسیم کے پھیلتے اثرات برطانیہ میں بھی

عتیق احمد اور ان کے بھائی کے مشترکہ وکیل وجے شرما نے اس دوہرے قتل کو بہت بڑے دھچکے کا باعث اور پولیس کی طرف سے مقتولین کی سلامتی کو یقینی بنانے میں واضح ناکامی کا ثبوت قرار دیا ہے۔

اتر پردیش میں سیاسی اپوزیشن کی کئی جماعتوں نے بھی اس دوہرے قتل کو سکیورٹی میں غفلت اور ناکامی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔

م م / ع آ (اے پی، اے ایف پی)