1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سابق باسکٹ بال اسٹار روڈمین کا دورہء شمالی کوریا

عاطف بلوچ9 جنوری 2014

ریٹائرڈ امریکی باسکٹ بال اسٹار ڈینس روڈمین اپنے دورہ شمالی کوریا کے دوران جمعرات کے دن اسکئینگ کے لیے مشہور ایک تعطیلاتی مقام جا رہے ہیں۔ اس دوران ممکنہ طور پر آمر کم یونگ اُن بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔

https://p.dw.com/p/1AnmJ
تصویر: Reuters

خبر رساں ادارے روئٹرز نے سیول سے موصولہ اطلاعات کے حوالے سے بتایا ہے کہ شمالی کوریا میں مقید ایک امریکی باشندے کے بارے میں جاری کیے گئے اپنے ایک حالیہ متنازعہ بیان کی وجہ سے ڈینس روڈمین کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اسی دوران ایسی خبریں منظر عام پر آئی ہیں کہ اپنے چوتھے دورہء شمالی کوریا کے دوران بظاہر روڈمین اور کم یونگ اُن ایک ہی ہیلی کاپٹر میں سوار ہو کر اس پُرتعیش تعطیلاتی مقام جائیں گے۔

باون سالہ روڈمین کے سفری پروگرام سے آگاہ ایک قریبی ذریعے کا حوالہ دیتے ہوئے روئٹرز نے بتایا ہے کہ وہ ایک خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعے کم یونگ اُن کے پسندیدہ سیاحتی مقام جا رہے ہیں۔ تاہم انہوں نے یہ تصدیق نہیں کی کہ روڈمین کے مداح کم یونگ اُن بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔

Kenneth Bae in Nordkorea verhaftet
شمالی کوریا میں سزا پانے والا امریکی باشندہ کنیتھ بےتصویر: Reuters

سابق باسکٹ بال اسٹار روڈمین کا حالیہ دورہء شمالی کوریا اس لیے بھی باعث تنازعہ بنا ہوا ہے کیوں کہ بظاہر روڈمین نے ایک ایسا بیان جاری کیا تھا، جس میں انہوں نے تجویز کیا تھا کہ شمالی کوریا میں سزا پانے والا امریکی باشندہ کنیتھ بے کی گرفتاری کی وجہ پیانگ یانگ حکومت کے بجائے وہ خود ہی ہیں۔ اس بیان پر نہ صرف کنیتھ بے کے خاندان نے بلکہ انسانی حقوق کے متعدد اداروں نے بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

بعد ازاں روڈمین کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں معافی مانگ لی گئی تھی۔ بتایا گیا تھا کہ انہوں نے یہ بیان ایک ایسے دن دیا تھا، جب وہ ذہنی تناؤ کا شکار اور نشے میں تھے۔ بیان میں روڈمین نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ حقیقی معنوں میں شرمسار ہیں۔

کنیتھ بے کی بہن ٹیری چنگ نے اپنی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اور ان کا کنبہ روڈمین کی بیان پر سیخ پا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روڈمین کو اپنے اثرورسوخ کو استعمال کرتے ہوئے کنیتھ بے پر بے بنیاد الزامات عائد کرنے کے بجائے اس کی طرفداری کرنا چاہیے۔ ٹیری کی طرف سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق روڈمین ان کے بھائی کی زندگی کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔

روئٹرز نے بتایا ہے کہ روڈمین نے بدھ کے دن کم یونگ اُن کی سال گرہ کے موقع پر منعقد کی گئی ایک خصوصی تقریب میں بھی شرکت کی۔ اس دوران باسکٹ بال کا ایک دوستانہ میچ بھی کھیلا گیا، جس میں روڈمین اور کم یونگ اُن نے اپنی اہلیہ کے ساتھ شرکت کی۔

یہ امر اہم کے کہ شمالی کوریا کے رہنما کم یونگ اُن روڈمین کے ایک بہٹ بڑے مداح ہیں۔ روڈمین اپنے پروفیشنل کیریئر میں انتہائی اعلیٰ مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے اور وہ امریکا میں باسکٹ بال کے چیدہ چیدہ اسٹار کھلاڑیوں میں شمار کیے جاتے ہیں۔