1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستیوکرین

برطانیہ کا یوکرین کو مزید اسلحہ فراہم کرنے کا اعلان

15 مئی 2023

یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی اٹلی، جرمنی اور فرانس کے دورے کے بعد برطانیہ پہنچ گئے۔ دیگر یورپی اتحادیوں کی طرح برطانیہ نے بھی روس کے خلاف جنگ میں یوکرین کو مزید ہتھیار مہیا کرنے کا اعلان کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/4RN0C
برطانوی وزیر اعظم رشی سوناک اور یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی
برطانوی وزیر اعظم رشی سوناک اور یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکیتصویر: Carl Court/Getty Images

یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی  نے آج پیر کو لندن میں برطانوی وزیراعظم  رشی سوناک  سے ملاقات کے بعد کہا کہ وہ مغربی اتحادیوں کی جانب سے یوکرین کو جنگی طیاروں کی فراہمی کے معاہدے کے حوالے سے پرامید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ روس کے خلاف جنگ میں "فائٹر جیٹ تعاون"  کے قیام کے سلسلے میں "انتہائی مثبت" خیالات رکھتے ہیں اور اس بارے میں "عنقریب"  فیصلہ کیا جائے گا۔ ان کے بقول، ''آپ بہت جلد ایک اہم فیصلہ سنیں گے، لیکن اس پر ابھی کچھ کام کرنا باقی  ہے۔‘‘

صدر زیلنسکی کا یوکرین پر روسی حملوں کے آغاز کے بعد برطانیہ کا دوسرا دورہ ہے۔  انہوں نے فروری میں برطانوی پارلیمنٹ میں ایک پرجوش خطاب کے دوران مغربی ممالک سے فائٹر جیٹس کا مطالبہ  کیا تھا۔

یوکرینی صدر کا برطانیہ کا دورہ
یوکرینی صدر کا برطانیہ کا دورہتصویر: Carl Court/AFP/Getty Images

سینکڑوں میزائل اور ڈرونز کا اعلان

علاوہ ازیں صدر زیلنسکی نے  روس کے خلاف جنگ میں برطانیہ کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ رشی سوناک کے ساتھ ملاقات میں "انتہائی اہم مسائل کے سلسلے میں یوکرین کے لیے فوری مدد" پر بھی بات چیت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جنگ محض  یوکرین کی سکیورٹی  کا معاملہ نہیں بلکہ یہ پورے یورپ کے لیے بہت اہم ہے۔

ادھر برطانوی وزیر اعظم سوناک نے صدر زیلنسکی کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سربراہی اور ان کے ملک کی بہادری سب کے لیے مثال کن ہے۔ رشی سوناک نے اس بات کی تصدیق کی کہ برطانیہ یوکرینی پائلٹس کی 'کامبیٹ ٹریننگ' میں مدد کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ آئندہ یورپی کونسل اور جی سیون کے سربراہی اجلاس میں دیگر اتحادیوں سے یوکرین کو جنگی طیارے فراہم کرنے کے معاملے پر بات کریں گے۔

یوکرین میں گولہ بارود کی بھوک

قبل ازیں برطانوی وزیر اعظم کے دفتر نے بتایا کہ سوناک نے یوکرین کے لیے مزید سینکڑوں ایئرڈیفنس میزائل اور ڈرونز فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ گزشتہ ہفتے  برطانیہ  یوکرین کو طویل فاصلے تک مار کرنے کی صلاحیت رکھنے والے کروز میزائل فراہم کرنے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔

روسی حملوں میں تیزی

زیلنسکی روس کے زیر قبضہ یوکرینی علاقے آزاد کرانے کے لیے بڑے جوابی حملے سے قبل اہم یورپی اتحادی ممالک کے دورے پر ہیں۔ اس سے قبل گزشتہ ہفتے کے دروان انہوں نے اٹلی، جرمنی اور فرانس کے غیر اعلانیہ دورہ کیے تھے، جہاں انہوں نے ملکی رہنماؤں سمیت کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس سے بھی ملاقات کی تھی۔

زیلنسکی کی یورپی دارالحکومتوں میں آمد کے دوران روس نے یوکرین کے مختلف علاقوں پر ڈرون اور میزائل حملوں  میں اضافہ کردیا ہے۔ روس کی جانب سے کی گئی تازہ پرتشدد کارروائیوں میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک اور انیس زخمی ہوگئے۔

ع آ / ع ت (اے پی، اے ایف پی)

نیٹو فورسز کی مشترکہ فوجی مشقیں