1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

زلزلے کے بعد سونامی، غریب ملکوں کو زیادہ خطرہ: ریڈ کراس

11 مارچ 2011

بین الاقوامی ریڈ کراس فیڈریشن نے کہا ہے کہ جمعہ کو جاپان میں آنے والے شدید زلزلے کے بعد پیدا ہونے والی سونامی لہروں سے ان ملکوں کو خاص طور پر خطرات لاحق ہیں، جو ایسی کسی آفت کا مقابلہ کرنے کے لیے اچھی طرح تیار نہیں تھے۔

https://p.dw.com/p/10XZJ
زلزلے میں تباہ ہو جانے والا ایک بس سٹاپتصویر: dapd

جنیوا میں ریڈ کراس اور ریڈ کریسینٹ تنظیموں کی بین الاقوامی فیڈریشن کے ترجمان پال کونیلی نے بتایا کہ جن ریاستوں کو جمعہ کے روز آنے والے بہت طاقتور زلزلے کے بعد پیدا ہونے والی کئی میٹر اونچی سونامی لہروں سے خطرہ ہے، ان میں سے کئی ایک پہلے سے ایسی کسی قدرتی آفت کے لیے تیار نہیں تھیں۔

پال کونیلی کے مطابق ان ملکوں میں یہ خطرہ بھی اپنی جگہ ہے کہ بہت سے ساحلی علاقوں میں ان سونامی لہروں کی وجہ سے شدید تباہی آ سکتی ہے، اسی لیے ہو سکتا ہے کہ ان علاقوں سے عام لوگوں کو وہاں سے باہر نکالنا پڑ جائے۔

پال کونیلی کے بقول عالمی ریڈ کراس تنظیم کو جن ملکوں کے بارے میں خاص طور پر تشویش لاحق ہے، ان میں ایسے ترقی پذیر لیکن ساحلی پٹی پر واقع ملک یا جزیرہ ریاستیں شامل ہیں، جہاں کسی بڑی قدرتی آفت کا مقابلہ کر سکنے کے لیے قومی سطح پر کوئی فعال یا مؤثر نظام موجود نہیں ہے۔

NO FLASH Japan Erdbeben Tsunami
جاپانی شہر ناتوری میں سونامی لہریں ساحلی علاقے میں رہائشی مکانات کو اپنی لیپٹ میں لیتے ہوئےتصویر: dapd

انہوں نے کہا کہ خاص طور پر فلپائن، پاپوا نیوگنی اور جنوبی بحر الکاہل کی جزیرہ ریاستیں ایسے ملک ہیں، جنہیں جمعہ گیارہ مارچ کے روز زلزلے کے شدید جھٹکوں کے بعد پیدا ہونے والی سونامی لہروں سے تباہ کن حد تک نقصان پہنچ سکتا ہے۔

جاپان میں آج جمعہ کو آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 8.9 ریکارڈ کی گئی، وہ آج تک اس ملک میں آنے والے سب سے طاقتور ترین زلزلوں میں سے ایک تھا اور اس کی وجہ سے اب تک بے تحاشا مالی نقصانات کے علاوہ درجنوں افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عدنان اسحاق