1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

راجہ رتنم کو کمپنی کی خفیہ معلومات دیں، سابق انٹیل عہدیدار

23 مارچ 2011

کمپنی کے اندرونی رازوں کے سبب مالی فائدہ اٹھانے سے متعلق وال اسٹریٹ کی کئی دہائیوں کی تاریخ کے سب سے بڑے اسکینڈل کی چھان بین جاری ہے۔ اس معاملے میں قریب دو درجن افراد پر الزامات عائد ہیں جن میں سب سے اہم راجہ رتنم ہیں۔

https://p.dw.com/p/10gE6
تصویر: AP

غیر قانونی طور پر منافع کمانے کے حوالے سے جاری مقدمے میں معروف کمپیوٹر چپ بنانے والی کمپنی انٹیل کے ایک سابق عہدیدار راجیو گوئل نے عدالت کے سامنے اعتراف کیا ہے کہ اس نے اس کمپنی کے کاروباری رازوں سے متعلق معلومات اپنے قریبی دوست راجہ رتنم کو فراہم کی تھیں۔

راجیوگوئل دوسرے فرد ہیں جنہوں نے اس مقدمے سے متعلق وعدہ معاف گواہ بننے کا فیصلہ کیا ہے۔ گوئل نے مین ہیٹن کی مرکزی عدالت کے سامنے اپنے بیان میں کہا کہ وہ اپنے دوست راجہ رتنم کو کمپنی کے بارے میں یہ معلومات دیتے ہوئے پریشان تھے کہ وہ کچھ غلط کررہے ہیں۔ گوئل نے بتایا کہ انہوں نے انٹیل کمپنی کی ایک اور وائرلیس نیٹ ورک کمپنی Clearwire Corp. کے ساتھ ممکنہ کاروباری شراکت کے بارے میں راجہ رتنم کو معلومات فراہم کی تھیں۔ اس معلومات کی بنیاد پر راجہ رتنم نے کلیئر وائر کمپنی کے شیئرز خرید کر ایک بڑا منافع کمایا۔

Intel Logo vor Firmensitz in Santa Clara Kalifornien
انٹیل کمپنی کے ایک سابق عہدیدار کے مطابق اس نے راجہ رتنم کو کمپنی کی کاروباری معلومات فراہم کی تھیتصویر: AP

گیلیون ہیج فنڈ Galleon hedge fund کے سربراہ راجہ رتنم پر الزام ہے کہ انہوں نے کمپنی کی اندرونی معلومات کی بدولت غیر قانونی طور 45 ملین امریکی ڈالرز کا منافع کمایا۔ رتنم کی طرف سے ان الزامات کی تردید کی گئی ہے۔ ان الزامات کے سبب راجہ رتنم کو اکتوبر 2009ء میں گرفتار کیا گیا تھا، تاہم انہیں 100 ملین ڈالرز کے عوض ضمانت پر رہا کردیا گیا۔

اس معاملے میں اب تک دو درجن کے قریب افراد پر مقدمات قائم کیے گئے ہیں، جن میں آئی بی ایم اور انٹیل سمیت امریکہ کی کئی بڑی ترین کمپنیوں کے ملازمین شامل ہیں۔ ان میں سے 19 کو اب تک قصور وار ٹھہرایا جاچکا ہے۔

رپورٹ: افسراعوان

ادارت: شامل شمس

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں