1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

رائف بدوی اور اس کے بچوں کا مستقبل آپ کے ہاتھوں میں

عدنان اسحاق24 جون 2015

ڈی ڈبلیو کے زیر اہتمام ذرائع ابلاغ کی کانفرنس’گلوبل میڈیا فورم‘ کے دوران انٹرنیٹ پر سرگرم افراد کے مابین انعامات تقسیم کیے گئے۔ ان میں سعودی بلاگر رائف بدوی بھی شامل ہیں۔

https://p.dw.com/p/1FmlW
تصویر: DW/M. Magunia

ڈوئچے ویلےکی جانب سے سعودی بلاگر رائف بدوی کو’آزادیٴ اظہار ایوارڈ‘ سے نوازا گیا ہے۔ ڈی ڈبلیو کی طرف سے جاری کیا جانے والا یہ ایوارڈ اس سال پہلی مرتبہ دیا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ بون میں منعقدہ اُس تقریب میں دیا گیا، جس میں ڈی ڈبلیو کی طرف سے ’بیسٹ آف بابز‘ یا بہترین بلاگز کے سالانہ مقابلے میں کامیاب ہونے والے بلاگز کے لیے انعامات تقسیم کیے گئے۔ ڈی ڈبلیو کا پہلا ’آزادیٴ اظہار ایوارڈ‘ پانے والے رائف بدوی سعودی عرب میں زیر حراست ہیں اور انہیں اپنی مبینہ طور پر اسلام دشمن تحریروں کے الزام میں ایک ہزار کوڑوں، جرمانے اور دس سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

اس ایوارڈ کو وصول کرنے کے لیے رائف بدوی کی اہلیہ انصاف حیدر بھی بون پہنچ نہیں پائیں۔ وہ کینیڈا میں رہتی ہیں۔ انہوں نے ٹیلی فون کانفرنس کے ذریعے اپنے شوہر کو ملنے والے اس ایوارڈ کا شکریہ ادا کیا اور کہا:’’یہ ان سب کے لیے ایک بڑا دن ہے، جو آزادیٴ اظہار کے لیے جدو جہد کر رہے ہیں‘‘۔ اس موقع پر انہوں نے عالمی برادری سے درخواست کی کہ وہ رائف کو یاد رکھیں اور ان کی رہائی کے لیے کوششیں جاری رکھیں:’’رائف اور اس کے بچوں کی قسمت آپ کے ہاتھوں میں ہے‘‘۔

GMF 2015 The Bobs Awards Ceremony
تصویر: DW/M. Müller

بلاگرز پراجیکٹ بنگلہ دیش

رائف بدوی اس میدان میں تنہا نہیں ہیں۔ بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والی بلاگر رافدہ بونیا احمد کی کہانی بھی کچھ کم غم انگیز نہیں ہے۔ ان کے شوہر ابھی جیت روئے کو اپنی تنقیدی صحافت کی قیمت اپنی جان کی صورت میں ادا کرنا پڑی ہے۔ فروری 2015ء میں ابھی جیت اور رافدہ پر نا معلوم افراد نے حملہ کیا، جس میں دونوں شدید زخمی ہوئے۔ تاہم بعد ازاں ابھی جیت زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ رافدہ کے بقول ’’اگر میرے شوہر یہاں ہوتے تو وہ بہت خوش ہوتے‘‘۔ ابھی جیت نے بلاگنگ ویب سائٹ ’مکتو مونا‘ قائم کی تھی۔ انہیں بون میں ’بیسٹ آف آن لائن ایکٹوزم‘ کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔

مزید دو انعامات

پرائیویسی اور سکیورٹی کا ایوارڈ میکسیکو کی ویب سائٹ ’Rancho Electronico‘ کو دیا گیا۔ یہ پلیٹ فارم کوائف کو محفوظ بنانے اور میکسیکو میں انٹرنیٹ پر ہونے والی نگرانی کے حوالے سے لوگوں کو آگاہ کرتا ہے۔ جبکہ بیسٹ آف آن لائن ایکٹوزم کے آرٹ اینڈ میڈیا پرائز کا حقدار ’Zaytoun, the little Refugee‘ نامی ویڈیو گیم کو قرار دیا گیا۔ یہ شامی اور فلسطینی مہاجرین کے حالات سے آگاہ کرنے والا ایک ویڈیو گیم ہے۔ ’بیسٹ آف بابز‘ کی تقریبِ تقسیمِ انعامات سالانہ گلوبل میڈیا فورم کے منعقد ہوئی، جو تین روز تک جاری رہنے کے بعد آج اپنے اختتام کو پہنچ رہا ہے اور جس میں دنیا کے ایک سو ممالک سے آئے ہوئے دو ہزار مندوبین شریک ہیں۔