1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دی ڈکٹیٹر: قذافی کے کردار پر مزاحیہ فلم

18 مئی 2012

امریکی فلم انڈسٹری ہالی وڈ کی جانب سے لیبیا کے معزول اور مقتول آمر مطلق کی زندگی پر بنائی گئی مزاحیہ فلم دی ڈکٹیٹر کو شائقین کی پرزور داد و تحسین حاصل ہو رہی ہے۔ یہ فلم سپر ہٹ ثابت ہوئی ہے۔

https://p.dw.com/p/14xEN
دی ڈکٹیٹرتصویر: AP

جرمن سینما گھروں میں دی ڈکٹیٹر فلم کی ریلیز کل یعنی جمعرات، سترہ مئی کے روز ہوئی ہے۔ اس سے ایک روز قبل، سولہ مئی کو اس فلم کا ورلڈ پریمیئر تھا۔ بدھ، سولہ مئی کے روز یہ فلم  آسٹریلیا، بیلجئم، کینیڈا، ڈنمارک اور امریکا سمیت دنیا کے کئی ملکوں میں ریلیز کی گئی۔ بدھ اور جمعرات کے دو دنوں میں اس فلم نے 42 لاکھ ڈالر کی کمائی کی ہے۔ اس رجحان پر اندازہ لگایا گیا ہے کہ اس ویک اینڈ پر یہ فلم ٹاپ فائیو فلموں میں شامل ہو جائے گی۔

Sacha Baron Cohen als Brüno Flash-Galerie
ساشا بیرن کوہن ایک سابقہ فلم برونو میںتصویر: picture alliance / landov

ادھر اس فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے ساشا بیرن کوہن (Sacha Baron Cohen) نے بین الاقوامی کن فلمی میلے کے دوران اپنی فلم کی پبلسٹی کرتے ہوئے اونٹ پر کن شہر کے ساحل اور گلیوں میں گشت کیا۔ کن شہر میں اونٹ پر سواری کرنے کے دوران انہیں سینکڑوں لوگوں اور بے شمار فوٹوگرافروں نے گھیر لیا۔ اس باعث کن شہر کی بعض سڑکوں پر کچھ دیر کے لیے ٹریفک کی روانی میں تعطل بھی دیکھا گیا۔ برطانوی اداکار ساشا بیرن کوہن نے فلم دی ڈکٹیٹر کا مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ کن شہر میں اس فلم کی پریس کانفرنس کے دوران بھی وہ فلم کے کردار کے حلیے میں سامنے آئے۔ خواتین باڈی گارڈز انہیں گھیرے ہوئے تھیں۔

فلم دی ڈکٹیٹر (آمر مطلق) کا کردار شمالی افریقہ کے معزول اور مقتول لیڈر معمر قذافی کی زندگی کے گرد گھومتا ہے۔ اس فلم کے ڈکٹیٹر کا ملک شمالی افریقہ میں واقع ایک فرضی ملک وادیا (Wadiya) بر وزن لیبیا ہے۔ فلم کا ڈکٹیٹر ایڈمرل الہ دین چالیس برسوں سے اپنے ملک پر حکمران ہے۔ اس کی حفاظت پر مامور خواتین کی فوج ہے اور وہ جوہری ہتھیار سازی میں دلحسپی رکھتا ہے۔ وہ مسلسل اپنے ملک میں جمہوریت مخالف پالیسیوں کو جاری رکھتا ہے۔

Film Sacha Baron Cohen als Borat: Cultural Learnings of America for Make Benefit Nation of Kazakhstan
ساشا بیرن کوہن اس سے پہلے بھی حقائق پر مبنی طنزیہ فلموں میں کام کر چکے ہیںتصویر: AP

فلم دی ڈکٹیٹر کے پروڈیوسر اور کہانی کاروں میں مرکزی کردار ادا کرنے والے ساشا بیرن کوہن کا نام بھی شامل ہے۔ اس فلم کے ہدایتکار لیری چارلز (Larry Charles) ہیں۔ وہ مزاحیہ فلموں کی تخلیق میں خاص شغف رکھتے ہیں۔ یہ فلم  بنیادی طور پر تاریخی حقائق کے تناظر میں مزاحیہ کردار سازی کے زمرے میں آتی ہے۔ فلمسازی یا ڈرامہ سازی کی اس صنف کو انگریزی میں ماکو مینٹری (Mockumentary) کہا جاتا ہے۔

فلم کی مناسبت سے ابھی تک ملا جلا ردعمل سامنے ضرور آیا ہے لیکن یہ طے ہے کہ دی ڈکٹیٹر رواں برس کی سپر ہٹ فلموں میں شامل ہو گی۔ امریکا کی طرح دیگر ملکوں میں بھی اس فلم کے دلچسپ مکالموں اور کردار نگاری کو شائقین پسند کریں گے۔ فلم کے دیگر اداکاروں میں امریکی خاتون اداکارہ آنا فارس (Anna Faris) اور گجراتی نژاد برطانوی اداکار بن کنگزلی (Ben Kingsley) شامل ہیں۔ انا فارس اس فلم کی ایک طرح سے ہیروئن ہیں۔

ah/hk (AP)