1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دی آرٹسٹ اور دی ڈیسینڈنٹس نے گولڈن گلوب کا میلہ لوٹ لیا

16 جنوری 2012

خاموش بلیک اینڈ وائٹ فلم ’دی آرٹسٹ‘ اور فیملی ڈرامہ ’دی ڈیسینڈنٹس‘ نے ہالی ووڈ کے معتبر اعزاز گولڈن گلوب کا میلہ لوٹ لیا۔

https://p.dw.com/p/13k7N
تصویر: dapd

لاس اینجیلس میں منعقدہ ایوارڈز کی تقریب میں ان دونوں فلموں نے مجموعی طور پر پانچ شعبوں میں ایوارڈز جیتے۔ دی آرٹسٹ کو بہترین موسیقی، مزاح اور بہترین مزاحیہ اداکار کے شعبے میں ایوارڈ ملا۔ یہ خاموش فلموں کے آخری دور کے ایک فن کار کی کہانی ہے جو عشق میں مبتلا ہو جاتا ہے۔ عشق و مزاح کے بہترین امتزاج سے مزئین اس فلم میں جان ڈالنے والے فرانسیسی فن کار ژین دوجارین Jean Dujardin کو بہترین مزاحیہ اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔ انہوں نے ایوارڈ وصول کرنے کے بعد ’خاموشی‘ سے مختصر خطاب کیا، فلم کی پسندیدگی پر مداحوں اور جیوری کا شکریہ ادا کیا اور الوداع کہہ کر اپنی نشت پر چلے گئے اور اس تمام عمل میں اپنی فلم کی طرح ان کے مُنہ سے کسی نے ایک لفظ بھی نہیں سنا۔

معروف امریکی فلم اسٹار جورج کلونی کی فلم دی ڈیسینڈنٹس کے حصے میں بہترین اداکار اور بہترین ڈرامائی فلم کا ایوارڈ آیا۔ یہ ایسے شخص (جورج کلونی) کی کہانی ہے، جس کی زوجہ حیات کومہ میں ہے اور وہ اپنے خاندان کی بقاء کی جنگ لڑ رہا ہے۔ کلونی نے ایوارڈ وصول کرنے کے بعد فلم کے مصنف و ہدایت کار الیگزینڈر پائینی کا شکریہ ادا کیا۔ بعد میں صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے پائینی کی تعریف کرتے ہوئے کہا، ’’اسے کہانی بیان کرنا آتا ہے، اسے کسی چیز کو مزاحیہ بنانے اور صورتحال کوالٹنا آتا ہے۔‘‘

Golden Globe Awards Los Angeles USA 2012
ایوارڈ کی تقریب کا ایک منظرتصویر: dapd

ایوارڈ جیتنے والے دیگر فن کاروں میرل سٹریف، میشیل ولیئمز اور سینیئر اداکار کرسٹوفر پلمر بھی شامل تھے۔ میرل سٹریف کو بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔ انہیں یہ ایوارڈ فلم دی آئرن لیڈی میں سابق برطانوی خاتون وزیر اعظم مارگریٹ تھیچر کا کردار ادا کرنے پر دیا گیا۔ میشیل ولیئمز کو بہترین خاتون مزاحیہ اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔ انہیں یہ ایوارڈ مائی ویک ود میریلن نامی فلم کے لیے دیا گیا۔ 82 سالہ کرسٹوفر پلمر کو بیگینرز نامی فلم میں بہترین معاون اداکار کی کیٹیگری کا ایوارڈ دیا گیا۔

ایرانی ہدایتکار اصغر فرہادی کو ان کی فلم اے اسیپیریشن پر بیرونی زبان کی بہترین فلم کا گولڈن گلوب ایوارڈ دیا گیا۔ گولڈن گلوب ایوارڈ کو آسکر ایوارڈز کی نامزدگی کے لیے خاصہ اہم خیال کیا جاتا ہے۔ اس سال آسکر کے لیے دی آرٹسٹ اور دی ڈیسینڈنٹس کے مابین سخت مقابلے کا امکان ہے۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں