1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دوستانہ فٹ بال میچ: جرمن ٹیم ارجنٹائن سے ہار گئی

16 اگست 2012

ارجنٹائن کی فٹ بال ٹیم نے جرمن شہر فرینکفرٹ میں کھیلے گئے ایک دوستانہ میچ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان جرمن ٹیم کو ہرا دیا۔ گول کیپر کے فاؤل کے بعد جرمن ٹیم دس کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے پر مجبور تھی۔

https://p.dw.com/p/15qO5
تصویر: Getty Images/AFP

ارجنٹائن کے مشہور فارورڈ کھلاڑی لیونل میسی جرمن ٹیم کے خلاف دوستانہ فٹ بال میچ کے پہلے ہاف میں ایک فاؤل پر دی گئی پنالٹی شاٹ سے گول نہ کر سکے مگر دوسرے ہاف میں میسی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے گول کر کے اپنے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ فرینکفرٹ میں کھیلا گیا دوستانہ فٹ بال میچ ارجنٹائن کی ٹیم نے ایک گول کے مقابلے میں تین گول سے جیتا۔ مجموعی طور پر جرمن ٹیم اپنے ہوم گراؤنڈ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرنے سے قاصر رہی اور جواباً ارجنٹائن نے بہتر پرفارمنس سے جیت حاصل کی۔

Fußball Testspiel Deutschland - Argentinien Eigentor
سمیح خضیرہ خود گول کرنے کے بعدتصویر: Getty Images/AFP

اس دوستانہ میچ میں جرمنی کے تیونس نژاد مڈ فیلڈر سمیع خضیرہ نے خود گول کر کے ارجنٹائن کی ٹیم کو برتری سے ہمکنار کیا تھا۔ اینجل ڈی ماریا کی زور دار شاٹ کو باہر پھینکنے کی کوشش میں وہ گول کر بیٹھے۔ پہلے ہاف کے ختم ہونے پر ارجنٹائن کی ٹیم اسی گول کی برتری کے ساتھ میدان سے باہر آئی۔ دوسرے ہاف میں ارجنٹائن کے لیے دوسرا گول لیونل میسی نے کیا۔ اس کے بعد ارجنٹائن کے لیے تیسرا گول اینجل ڈی ماریا نے کیا۔ میچ کے اختتام سے قبل جرمن ٹیم کے لیے گول بینیڈکٹ ہوئےویڈیس نے کیا۔ دفاعی پوزیشن پر کھیلنے والے ہوئے ویڈیس نے 35 میٹر کی دوری سے شاٹ لگا کر حیران کن گول کیا۔ چوبیس سالہ ہوئے ویڈیس اس وقت جرمن فٹ بال کلب شالکے کے کپتان ہیں۔

Barcelona FC Lionel Messi Fußballspieler
ارجنٹائن کے اسٹار فارورڈ لیونل میسیتصویر: picture alliance/Cordon Press

ارجنٹائن کے خلاف میچ میں جرمن ٹیم تقریباً ایک گھنٹے تک دس کھلاڑیوں سے کھیلتی رہی اور اس کا یقینی طور پر دوسرے ہاف میں ارجنٹائنھ کو فائدہ ملا۔ جرمن ٹیم کے گول کیپر ران رابرٹ سیلر نے ارجنٹائن کے کھلاڑی خوزے سانڈ کے خلاف خطرناک فاؤل کیا۔ ریفری نے ریڈ کارڈ دِکھا کر جرمن ٹیم کے گول کیپر سیلر کو میدان سے باہر روانہ کر دیا۔ اس فاؤل پر پنالٹی سے بھی ارجنٹائن کو نوازا گیا۔ متبادل گول کیپر مارک آندرے ٹیر سٹیگن نے ڈائیو لگا کر میسی کی لگائی شاٹ کو گول میں جانے سے روک دیا۔ سٹیگن کا یہ دوسرا بین الاقوامی میچ تھا۔ بیس برس کے سٹیگن بنڈس لیگا کی ایک اور ٹیم مؤنشن گلاڈباخ کے باقاعدہ گول کیپر ہیں۔

لاطینی امریکا کی ایک اور ٹیم یوروگوئے نے بھی بدھ کے روز ایک دوستانہ میچ فرانسیسی ٹیم کے خلاف کھیلا۔ فرانس کی ٹیم کے نئے کوچ Didier Deschamps کا یہ پہلا میچ تھا۔ فرانس اور یوروگوئے کے درمیان یہ میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ اس میچ میں دونوں ٹیموں کی توجہ زیادہ تر دفاعی کھیل پر مرکوز رہی۔ لاطینی امریکا کی ٹیم برازیل نے سویڈن کے خلاف دوستانہ میچ میں صفر کے مقابلے میں تین گول سے کامیابی حاصل کی۔ لندن اولمپکس میں برازیل کی ٹیم طلائی تمغہ جیتنے میں ناکام رہی تھی۔ میکسیکو نے برازیل کو ہرا کر گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔ سویڈش دارالحکومت اسٹاک ہوم میں کھیلے گئے میچ میں متبادل کھلاڑی الیگزینڈر پاٹو نے دو گول کیے۔ اسی طرح ایک اور دوستانہ میچ میں ہالینڈ نے بیلجیئم کی ٹیم کو دو کے مقابلے میں چار گول سے ہرایا۔

(ah/ng (Reuters