1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دو جرمن ریاستوں میں انتخابات، میرکل کی جماعت مشکل میں

14 مارچ 2021

جرمنی کی دو ریاستوں میں آج اتوار 14 مارچ کو ہونے والے انتخابات میں چانسلر انگیلا میرکل کی قدامت پسند جماعت کو شکست کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ رواں سال کو انتخابات کا ایک ’غیر معمولی‘ سال قرار دیا جا رہا ہے ۔

https://p.dw.com/p/3qc3I
Deutschland Landtagswahl Baden-Württemberg | Winfried Kretschmann
تصویر: Wolfgang Rattay/REUTERS

 

کرسچن ڈیموکریٹ لیڈر انگیلا میرکل 15 سال سے زیادہ عرصے سے جرمنی کی چانسلر چلی آ رہی ہیں۔ اس سال ستمبر میں وفاقی پارلیمانی انتخابات کے بعد غالباً وہ بطور چانسلر اپنے فرائض سے سبکدوش ہو جائیں گی۔ رواں برس کے اختتام تک جرمنی کا سیاسی منظر نامہ کیا رُخ اختیار کرے گا اس بارے میں کچھ بھی حتمی طور پر نہیں کہا جا سکتا تاہم ایک امر واضح ہے، وہ یہ کہ جرمنی کی قدامت پسند سیاسی قوتوں سی ڈی یو اور سی ایس یو کی ساکھ کمزور ہوئی ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ 2021 ء میں جرمنی میں چھ ریاستوں کے علاوہ وفاقی انتخابات بھی منعقد ہونا ہیں۔

 

ریاستی انتخابات

 جرمنی کی دو وفاقی ریاستوں باڈن ورٹمبرگ اور رائن لینڈ - پلاٹینیٹ میں آج ریاستی انتخابات  کے لیے صبح سویرے سے پولنگ اسٹیشنز کھول دیے گئے۔ رائے دہی کا حق رکھنے والے 11 ملین ووٹروز میں سے نصف نے میل کے ذریعے ووٹ ڈالا ہے۔ اس کی ایک بڑی وجہ کورونا کی وبا ہے۔

 

2021ء کو انتخابات کا ایک 'غیر معمولی‘ سال قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ اس سال چھ ریاستوں کے علاوہ وفاقی انتخابات بھی منعقد ہونا ہیں۔ آج مذکورہ دو ریاستوں میں منعقد ہونے والے انتخابات اس لیے بھی نہایت اہم تصور کیے جا رہے ہیں کہ ان کے نتائج پر غالباً اس بات کا تعین ہو سکے گا کہ 2021 ء کے آخر میں انگیلا میرکل کے چانسلر شپ سے سبکدوش ہونے کے بعد ان کا جانشین کون ہوگا۔

 

Deutschland Landtagswahl Baden-Württemberg
رائن لینڈ - پلاٹینیٹ میں آج ریاستی انتخابات کے لیے ووٹر ووٹ ڈالتے ہوئے۔تصویر: Thilo Schmuelgen/REUTERS

 

حالیہ جائزوں کے نتائج سے یہ ظاہر ہوا ہے کہ جرمن صوبے باڈن ورٹمبرگ میں کرسچن ڈیموکریٹک پارٹی وہاں حکمران گرین پارٹی سے کہیں پیچھے ہے اور سی ڈی یو متعدد وجوہات کی بنا پر اس صوبے میں اکثریتی ووٹ حاصل نہیں کر پائے گی۔  باڈن ورٹمبرگ میں گرین پارٹی سے تعلق رکھنے والے آزمودہ کار اور کہنہ مشق سیاستدان ونفریڈ کرچمن تیسری بار وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے الیکشن لڑ رہے ہیں اور ان کی کامیابی کے امکانات روشن ہیں۔ یہ 2011ء میں باڈن ورٹمبرگ کے وزیر اعلیٰ منتخب ہوئے تھے۔ انہیں کسی جرمن صوبے کے پہلے ماحول دوست گرین لیڈر ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

  رشوت کا الزام: میرکل کا ایک اور اتحادی رکن پارلیمان مستعفی

اُدھر صوبے رائن لینڈ - پلاٹینیٹ میں 'ایس پی ڈی‘ کے بائیں بازو کے سوشل ڈیموکریٹس مضبوط ہوتے دکھائی دے رہے ہیں اور اس صوبے کی وزیر اعلیٰ مالو ڈریئر کی دوبارہ کامیابی عین ممکن ہے۔ یہ پہلے ہی سے اس صوبے کی تین جماعتوں پر مشتمل اتحادی حکومت کی سربراہی کر رہی ہیں۔

Deutschland Bundeskanzlerin Angela Merkel
کورونا بحران پر قابو پانے کی میرکل کی تمام تر کوششوں کے باوجود ان کی جماعت کو اس بحران سے نقصان پہنچا ہے۔تصویر: Bernd von Jutrczenka/dpa/picture alliance

 

کرسچین ڈیموکریٹس کی ساکھ     

حکمران جماعت کرسچن ڈیمو کریٹک یونین یا سی ڈی یو کے لیے یہ سال بڑے امتحان کا سال ثابت ہو سکتا ہے۔ چانسلر انگیلا میرکل کی پارٹی سی ڈی یو کو پہلے ہی کورونا بحران اور ماسک کے حوالے سے ایک اسکینڈل کے سبب کافی نقصان پہنچا ہے۔

جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین (سی ڈی یو) اور صوبے باویریا میں اس کی ہم خیال پارٹی کرسچن سوشل یونین (سی ایس یو) کورونا ماسک افیئر کی وجہ سے مزید مسائل کا شکار اُس وقت  ہوئی جب گزشتہ جمعرات کو سی ڈی یو کے ایک تیسرے قانون ساز کو بھی اس معاملے کے تناظر میں مستعفی ہونے کا اعلان کرنا پڑ گیا۔ ایک ہفتے میں یہ اس جماعت کے تیسرے رکن پارلیمان کا استعفیٰ تھا۔

ک م/ ا ب ا (ڈی پی اے ای)