1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا کے قدیم ترین اخبار کی کاغذ پر اشاعت بند کرنے کا فیصلہ

28 اپریل 2023

آسٹریا کے اخبار ’وِینر سائٹُنگ‘ کا پرنٹ ایڈیشن، جو 1703ء سے شائع ہو رہا تھا،جمعرات کے روز ملکی پارلیمان کے ایک فیصلے کے بعد حتمی طور پر ختم کر دینے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/4Qglu
Österreich | Wiener Zeitung
تصویر: Helmut Fohringer/APA/picturedesk/picture alliance

آسٹریا کے اخبار 'وِینر سائٹُنگ‘ کا پرنٹ ایڈیشن، جو 1703ء سے شائع ہو رہا تھا،جمعرات کے روز ملکی پارلیمان کے ایک فیصلے کے بعد حتمی طور پر ختم کر دینے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

معروف مغربی کلاسیکی موسیقار موزارٹ کی جوانی کے واقعات کو اپنی اشاعت کی زینت بنانے والے آسٹرین اخبار 'وِینر سائٹُنگ‘ کی اشاعت بند کر دینے کا فیصلہ ہو گیا ہے۔ اس اخبار کے پرنٹ ایڈیشن کے خاتمے کا فیصلہ آسٹریا میں میڈیا قوانین میں ترامیم کے بعد ممکن ہوا۔ یہ فیصلہ عملے اور قارئین کے احتجاج کے باوجود ویانا کی پارلیمان نے سنایا۔ آسٹرین پارلیمنٹ نے اکثریتی رائے سے اس قانون کی  منظوری دی، جس کے بعد اس روزنامے کے لیے اپنی موجودہ شکل  میں باقی رہنا ممکن نہیں ہو سکتا تھا۔

اس جریدے نے اپنی 320 سالہ تاریخ میں نوجوان موزارٹ سے لے کر قرون وسطیٰ کی ہابس بُرگ سلطنت کے آخری شہنشاہ کی دستبرداری تک ہر طرح کے موضوعات پر خبروں اور مضمون کی اشاعت کا سلسلہ جاری رکھا تھا اور اس اخبار کے پبلشر کا دعویٰ تھا کہ یہ دنیا کا ایسا قدیم ترین  اخبار ہے، جو آج بھی چھپتا ہے۔ اب لیکن صورت حال مختلف ہو جائے گی۔

اخبار ہو یا انٹرنیٹ، دنیا بھر میں صحافت خطرے میں

 

یہ اخبار 1857ء سے آسٹریا کی حکومت کی ملکیت میں تھا اور ایک سرکاری گزٹ کے طور پر اپنی خدمات انجام دیتا رہا تھا۔ اس میں سرکاری ملازمتوں کے لیے آسامیوں کے اشتہارات اور دیگر سرکاری قانونی نوٹس بھی چھپتے رہے تھے۔ اس طرح اس اخبار کے لیے یہ رستہ اس کی آمدنی کا اہم ذریعہ بھی بن گیا تھا اور یہ اخبار ساتھ ساتھ  خبروں کی رپورٹنگ اور دیگر صحافتی خدمات بھی انجام دیتا رہا تھا۔

Österreich | Wiener Zeitung
آسٹریا کے اخبار ’وِینر سائٹُنگ‘ کی بندش کے خلاف مظاہرےتصویر: Georg Hochmuth/APA/picturedesk/picture alliance

قانونی طور پر خاتمہ

ویانا میں جمعرات کو آسٹریا کی پارلیمنٹ نے ایک قانون منظور کیا جس کے تحت اس اخبار  اور دیگر کمپنیوں کو کاغذ کے پرنٹ ایڈیشنز میں اشتہارات کی ضرورت نہیں ہو گی۔ آسٹریا کے قدامت پسند چانسلر سباستیان کُرس نے 2021 ء میں جب اس اخبار کی اشاعت کے بارے میں قانونی ترامیم پہلی بار پیش کی تھیں، تو ان کا کہنا تھا، ''یہ آسٹرین جمہوریہ  کی ذمہ داری نہیں کہ  وہ روزانہ اخبار چلانے اور اس کی مالی اعانت کرنے میں کوئی کردار ادا کرے۔‘‘

آسٹریا میں میڈیا کے نئے ضوابط نے اخبار 'وِینر سائٹُنگ‘ کے اغراض و مقاصد کو بھی بدل دیا ہے۔ یعنی ایک روزنامے کی خصوصیات سے ہٹ کر اب یہ اخبار ''تربیت اور مزید تعلیم کا ذریعہ‘‘ بن جائے گا۔

Komponist Wolfgang Amadeus Mozart
معروف مغربی کلاسیکی موسیقار موزارٹ کو اس اخبار نے اور زیادہ مقبول بنایاتصویر: Andy Bernhaut/dpa/picture-alliance

اس بارے میں ووٹنگ  کے دن شائع ہونے والے ایک مضمون میں، جس کا عنوان 'قانون کے ذریعے خاتمہ‘ تھا، اس جریدے نے لکھا کہ یہ ایک غیر واضح مینڈیٹ ہے جو اس اخبار کی صحافتی مواد تخلیق کرنے کی صلاحیت کو ختم کر دے گا۔‘‘

عملے اور قارئین نے ویانا میں فیڈرل اسمبلی کے باہر ڈیلی پرنٹ ایڈیشن کی بندش کے منصوبے  کے خلاف کئی احتجاجی مظاہرے بھی کیے تھے۔

اگرچہ آن لائن ایڈیشن اور ایک ماہانہ پرنٹ ایڈیشن مستقبل میں نکلتے رہیں گے۔ تاہم اس اخبار کے ڈپٹی چیف ایڈیٹر تھوماس زائفرٹ نے کہا کہ حکومت کا یہ فیصلہ صرف 'ڈیجیٹل یا پیپر‘ کے درمیان تک ہی محدود نہیں تھا۔

انہوں نے آسٹریا کے ایک اور روزنامے 'دی پریسے‘ کو بتایا، ''وِینر سائٹُنگ کی روح کو محفوظ رکھنے سے بھلا کون سے خطرات جڑے ہو سکتے تھے؟‘‘

ک م / م م (زیک کریلِن)