1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا کی سب سے بڑی سالانہ ہجرت شروع

17 جنوری 2020

چین میں قمری سال کا آغاز ہوتے ہی جمعے کے روز چین کے باشندے جوق در جوق بس اسٹیشنوں پر پہنچ گئے تا کہ وہ اس قومی تہوار میں حصہ لے سکیں۔ اسے دنیا کی سب سے بڑی سالانہ ہجرت کہا جائے تو غلط نہ ہو گا۔

https://p.dw.com/p/3WLwq
China Reiseverkehr zum Neujahrsfest
تصویر: WANG ZHAO/AFP/Getty Images

بیجنگ میں ملکی وزارت ٹرانسپورٹ کے مطابق موسم بہار کے اس سالانہ تہوار کے دوران کروڑہا چینی شہری مجموعی طور پر تین ارب مرتبہ ایک جگہ سے دوسری جگہ کا سفر کریں گے۔ رواں برس دس جنوری کو اس عوامی تہوار کا آغاز ہوا اور توقع کی جا رہی ہے کہ یہ تہوار اٹھارہ فروری تک جاری رہے گا۔ گو کہ نئے قمری سال کا آغاز پچیس جنوری کو ہو گا۔

چین میں یہ تہہوار اہل خانہ سے ملاقات اور تقریبات میں شریک ہونے کا ایک اہم موقع ہوتا ہے۔ اپنے آبائی علاقوں اور شہروں سے دور کام کرنے والے کروڑوں چینی کارکنوں کے لیے اکثر سال بھر میں وہ واحد موقع بھی جب وہ اپنے گھروں کو لوٹتے ہیں۔

Chinesisches Frühlingsfest
تصویر: picture alliance/dpa

اس سال اس سفر کے لیے اضافی احتیاطی تدابیر بھی اختیار کی جائیں گی کیونکہ وسطی چین میں نمونیا کی وبا بھوٹ پڑی ہے۔ ووہان شہر میں اکتالیس افراد میں کورونا وائرس کی ایک نئی قسم کی تشخیص ہوئی ہے۔ اس وائرس کے نتیجے میں کوئی بھی شخص نزلہ زکام سے لے کر سارس جیسی شدید بیماری کا  بھی شکار ہو سکتا ہے۔ سارس وائرس کسی بھی مریض کے نظام تنفس پر اثر انداز ہوتا ہے۔ اس مرض میں مبتلا دو مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔

وانگ یان جو کہ محکمہ نقل و حمل کے چیف انجینئر ہیں کا کہنا ہے کہ اس بیماری کی روک تھام کے  لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ وانگ نے پچھلے ہفتے ایک نیوز کانفرنس میں رپورٹرز کو بتایا کہ اس بیماری کی وجہ سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل سکتا ہے خاص کر ان جگہوں پر جہاں اس عوامی تہوار کو منانے کے لیے لوگ اکٹھے ہوتے اور سفر کرتے ہیں۔

جمعے کی صبح بیجنگ کے جنوبی اسٹیشن کے مرکزی ہال پر جہاں ہزاروں لوگ جمع تھے اس بیماری سے بچاؤ کے لیے اضافی اسکریننگ یا دیگر اقدامات کے کوئی آثار دکھائی نہ دیے۔ وہاں کی چیک پوسٹ پر موجود افسران کا کہنا تھا کہ وہ کسی کورونا وائرس سے واقف نہیں ہیں۔ اس اسٹیشن کے سروس کاؤنٹر پر موجود وانگ لیو نامی خاتون کا کہنا تھا کہ اسے اس قسم کے حالات کا علم نہیں۔

 

China Transport Bahn U-Bahn Rush Hour
تصویر: Getty Images/AFP

ع ش / ع ا ( خبر رساں ادارے)