1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا بھر میں کورونا کے کیسز بیس کروڑ سے متجاوز

6 اگست 2021

ترقی يافتہ ممالک ميں کورونا سے بچاؤ کی ویکسینیشن مہمات تیزی سے جاری ہيں، جس سبب اس مہلک مرض کے متاثرين ميں اضافے کے باوجود اس سے ہلاک ہونے والوں کی شرح میں کمی آ رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/3ychW
Südostasien | Aktuelle Covid-19 Pandemie-Situation
تصویر: Timur Matahari/AFP/Getty Images

کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد جمعرات کے روز بیس کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔ تاہم دولت مند ملکوں میں ویکسینیشن مہمات میں تیزی کی وجہ سے حالیہ ہفتوں کے دوران کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی شرح میں گراوٹ آئی ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق دسمبر 2019 میں مبينہ طور پر چین سے پھيلنے والے کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد جمعرات کے روز بیس کروڑ سے تجاوز کر گئی۔ اس وبا کی نئی شکل ڈیلٹا کی وجہ سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد میں اچانک تیزی آ گئی ہے البتہ اموات کی شرح میں گراوٹ آئی ہے۔

تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق کورونا سے دنیا بھر میں اب تک بیس کروڑ سترہ لاکھ بارہ ہزار 187افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ اس مہلک مرض سے دنیا بھر میں بیالیس لاکھ اسی ہزار 618 افراد کی موت واقع ہو چکی ہے۔

Afghanistan Coronavirus Pandemie Covid-19
تصویر: Wakil Kohsar/AFP/Getty Images

پاکستان اور بھارت کی صورت حال

پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا ٹيسٹ مثبت آنے کی شرح آٹھ فیصد زیادہ ہو گئی ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کووڈ انیس کے متاثرین کی تعداد دس لاکھ ساٹھ ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔ پاکستان میں کورونا سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 67 افراد کی موت واقع ہوئی، جس کے ساتھ ہی کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد تیئس ہزار 702 ہو گئی ہے۔

ادھر بھارت میں پچھلے چوبیس گھنٹوں میں کورونا کے چوالیس ہزار 643 نئے کیسز سامنے آئے، جس کے ساتھ ہی کورونا سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد تین کروڑ، اٹھارہ لاکھ، چھپن ہزار 757ہو گئی ہے۔ بھارت میں کورونا کی تیسری لہر کے دوران جمعرات کو مسلسل تیسرے روز چالیس ہزار سے زيادہ نئے کیسز درج کیے گئے۔

کورونا کا ڈیلٹا ویریئنٹ، معمول کی طرف بڑھتی زندگی پھر سہم گئی

بھارت میں کورونا سے اب تک چار لاکھ چھبیس ہزار 754 لوگوں کی موت ہو چکی ہے جس میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ہونے والی 464 اموات شامل ہیں۔

Indien | Impfung in Rajasthan
تصویر: Sumit Saraswat/Pacific Press/picture alliance

ویکسینیشن سے شرح اموات میں کمی

اے ایف پی کے مطابق دنیا بھر میں اور بالخصوص دولت مند ملکوں میں، کووڈ انیس کا ویکسین لگوانے والوں کی تعداد میں اضافے کے ساتھ ساتھ اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں کمی آ رہی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق جولائی کے بعد سے اس میں 20 فیصد کی کمی آئی ہے۔

دنیا میں چار ارب کورونا ویکسین کے انجیکشن لگا دیے گئے

اس دوران چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ چین دنیا کو ویکسین کی دو ارب خوراک دینے کی کوشش کرے گا۔ انہوں نے غریب ملکوں کو ویکسین مفت میں فراہم کرنے کے لیے عالمی تنظیم کوویکس سسٹم کو 100ملین کی مالی مدد دینے کا بھی وعدہ کیا ہے۔

ویکسین لگوانے میں جھجھک

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ غیر ملکی ویکسین کے تئیں شکوک و شبہات اور اس کے منفی ضمنی اثرات کے خوف کی وجہ سے کووڈ ویکسین لگوانے میں جھجھک کے سبب افریقہ کی ایک اعشاریہ تین ارب کی آبادی میں کورونا کی وبا کافی دنوں تک موجود رہ سکتی ہے۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کا کہنا ہے کہ افریقہ میں یکم اگست تک ایک ہفتے کے دوران 6400 نئی اموات درج ہوئیں جو اس وبا میں اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

Sydney, Australien | Polizei überwacht strengen Lockdown
تصویر: Loren Elliott/Reuters

آسٹریلیا میں لاک ڈاون

آسٹریلیا کی پچیس ملین کی آبادی میں سے سے کوئی دو تہائی کو جمعرات کے روز سے ایک بار پھر لاک ڈاؤن میں جانا پڑ گيا ہے۔

جرمنی: ویکسین نہ لگوانے والوں کے فوری ٹیسٹ فری نہیں ہوں گے

وکٹوریا کے وزیر اعلی ڈینیئل انڈریوز نے کہا کہ ان کے پاس اس کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں رہ گیا تھا کہ وہ شہر او ریاست میں ایک بار پھر لاک ڈاؤن لگا دیں۔ کوئی ایک ہفتے قبل ہی یہاں سے لاک ڈاؤن ختم کیا گیا تھا۔ اس دوران تقریباً دو ہزار مظاہرین نے سڑکوں پر مارچ کیا اور 'مزید لاک ڈاؤن نہیں‘ کے نعرے لگائے۔ پولیس نے کئی مظاہرین کو گرفتار بھی کیا ہے۔

ج ا / ع س (اے ایف پی)