1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا بچانی ہے تو درخت لگانا ہوں گے، محققین

5 جولائی 2019

محققین نے کہا ہے کہ عالمی حدت سے نمٹنے کا سب سے مؤثر طریقہ بہت بڑے پیمانے درخت لگانا ہے۔ ایک اسٹڈی کے مطابق اس مقصد کے لیے ایک کھرب یا اس سے بھی زیادہ درخت درکار ہوں گے۔

https://p.dw.com/p/3LeZY
Stadtgarten Köln
تصویر: Imago/Joko

محققین نے کہا ہے کہ انتہائی بڑے پیمانے پر درخت لگائے بغیر عالمی حدت کے مسئلے سے نمٹنا ناممکن ہے۔ زیورخ کی ٹیکنیکل یونیورسٹی کے محققین کے مطابق یہ ممکن ہے کہ شہروں اور زرعی زمین کو متاثر کیے بغیر اربوں ہیکٹر بنجر زمین پر درخت اگائے جائیں۔

جمعرات چھ جولائی کو تحقیقی جریدے جریدے'سائنس‘ میں چھپنے والی اس تحقیق میں سوئس محققین نے بتایا ہے کہ شہروں اور زرعی اراضی سے ہٹ کر زمین پر اس مقصد کے لیے درکار جگہ اب بھی دستیاب ہے۔ ان محققین کے مطابق جس علاقے پر درخت لگائے جانے کی ضرورت ہے وہ نو ملین مربع کلومیٹر ہے۔ یہ رقبہ امریکا کے مجموعی رقبے کے برابر بنتا ہے۔

Symbolbild | Natur | Landschaft | Wald | Europa
تصویر: imago/Photocase/weise_maxim

ماہرین کے مطابق جب یہ درخت بڑے ہو جائیں گے تو یہ انسانوں کی طرف سے کاربن کے اخراج کے دو تہائی حصے کا خاتمہ کر سکتے ہیں۔ ان سائسندانوں نے اندازہ لگایا ہے کہ یہ درخت ہمارے کُرہ ارض میں پھنسی ہوئی 830 بلین ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کو جذب کر سکیں گے۔ کاربن کی یہ مقدار اس کے برابر ہے جو انسانوں نے گزشتہ 25 برس کے دوران پیدا کی ہے۔

اس تحقیقی رپورٹ کے مصنفین کے مطابق پودے لگانے کے کچھ عرصے بعد ہی اس کے مثبت نتائج برآمد ہونا شروع ہو جائیں گے کیونکہ پودے جب چھوٹے ہوتے ہیں تو وہ کاربن کی زیادہ مقدار جذب کرتے ہیں۔

Deutschland Kirschblüte in Berlin
تصویر: picture-alliance/dpa/M. Skolimowska

اس تحقیق کے شریک مصنف اور سوئس فیڈرل انسٹیٹوٹ آف ٹیکنالوجی میں ماہر ماحولیات تھوماس کروتھر کے مطابق، ''یہ ہر طرح سے۔۔۔ موسمیاتی تبدیلی کے سستے ترین طریقے سے بھی۔۔۔ ہزاروں گُنا زیادہ مؤثر ہے۔‘‘

اس اسٹڈی کے مطابق جن چھ ممالک میں درخت لگائے جانے کے سب سے زیادہ ممکنات موجود ہیں ان میں روس، امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا، برازیل اور چین شامل ہیں۔

ا ب ا / ع ا (ایسوسی ایٹڈ پریس)