1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دائیں بازو کے جرمن دہشت گردوں کو سزائے قید

7 مارچ 2018

جرمنی کی ایک عدالت نے مہاجرین اور ان کے حامیوں کے خلاف دہشت گردانہ حملوں کے الزام میں دائیں بازو کے ایک شدت پسند گروہ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون اور سات مردوں کو طویل قید کی سزائیں سنائی ہیں۔

https://p.dw.com/p/2tsVO
Dresden - Urteile im Prozess gegen «Gruppe Freital»
تصویر: picture-alliance/dpa/S. Kahnert

جرمنی میں مہاجرین اور ان کی حمایت کرنے والے گروہوں کے خلاف دھماکا خیز مواد کے ذریعے حملے کرنے والے دائیں بازو کے آٹھ جرمن شدت پسندوں کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ ایک برس سے جاری ہے۔

جرمن فوجی کی بطور مہاجر پناہ کی درخواست کیسے منظور ہوئی؟

جرمنی کے وفاقی دفتر استغاثہ کے مطابق ’فرائیٹال گروپ‘ نامی دائیں بازو کے شدت پسند گروہ نے مہاجرین اور ان کی مدد کرنے والے رضاکاروں پر حملوں کے ذریعے سن 2015 میں اس وقت ’خوف کی فضا‘ پیدا کرنے کی کوشش کی تھی جب جرمنی اور یورپ میں مہاجرین کا بحران عروج پر تھا۔

اس گروپ کے آٹھ ارکان پر گزشتہ برس دہشت گردی کا مقدمہ شروع کیا گیا تھا۔ عدالت نے آج سنائے گئے اپنے فیصلے میں ان آٹھوں شدت پسندوں پر دہشت گردی کے الزامات ثابت ہونے کے بعد چار سے لے کر دس برس تک قید کی سزائیں سنائی ہیں۔

اس گروپ میں ایک خاتون اور سات مرد شامل ہیں جن کی عمریں بیس تا چالیس برس ہیں۔ مہاجرین مخالف حملوں کے لیے اس گروہ نے دھماکا خیز مواد جرمنی کے پڑوسی ملک چیک جمہوریہ سے خریدا تھا۔

سابقہ مشرقی جرمنی کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے دائیں بازو کے ان دہشت گردوں کے حملوں میں ایک شامی مہاجر شدید زخمی ہوا تھا۔ پراسیکیوٹر کے مطابق گروہ کے ارکان نے بالواسطہ طور پر تسلیم بھی کر لیا تھا کہ دہشت گردانہ حملوں کے دوران وہ زیادہ سے زیادہ مہاجرین کو ہلاک کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔

دائیں بازو کے اس شدت پسند گروہ کے ارکان کا تعلق جرمنی کے مشرقی صوبے سیکسنی کے ایک سرحدی قصبے فرائیٹال سے ہے اور اسی وجہ سے انہیں ’فرائیٹال گروپ‘ کہا جاتا ہے۔ گروپ کے سرغنہ کا نام پیٹرک فیسٹنگ ہے جو پیزا ڈیلیوری کا کام کرتا تھا۔ اسے دس برس قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

ایک اور سرگرم کارکن ٹیمو شُلز کو، جو ایک بس ڈرائیور ہے، ساڑھے نو برس جب کہ گروپ کی واحد خاتون رکن انتیس سالہ ماریا کلائنرٹ کو ساڑھے پانچ برس قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ اس گروپ نے اپنے ہی قصبے میں مہاجرین کے لیے مختص کردہ دو رہائش گاہوں پر دھماکا خیز مواد نصب کیا تھا۔

جرمنی میں مہاجرین اور اسلام مخالف تنظیم پیگیڈا کی شروعات بھی اسی صوبے سے ہوئی تھی۔ علاوہ ازیں دائیں بازو کی عوامیت پسند سیاسی جماعت اے ایف ڈی کی بنیاد بھی اسی صوبے میں رکھی گئی تھی۔

ش ح/ ص ح، ڈی پی اے، اے ایف پی، اے پی

داعش مہاجرین کو منظم طریقے سے یورپ تو نہیں بھیج رہی؟