خوش باش زندگی گزارنے کے لیے کچھ تجاویز
گھریلو مسائل ہوں، دفاتر میں ذہنی دباؤ یا پھر کوئی اور مسئلہ۔ تناؤ ہماری صحت کو بری طرح متاثر کرتی ہے۔ ایک اچھی زندگی گزارنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنا جسمانی اور ذہنی خیال رکھیں۔ خوش باش زندگی گزارنے کے لیے کچھ تجاویز
ٹینکالوجی کا متوازن استعمال
ٹیلی فون کا مسلسل استعمال، انٹرنیٹ سرفنگ یا پھر مسلسل ویڈیو گیمز کھیلنا۔ اس سے اعصابی تناؤ سے مقابلہ کرنے کی ہماری صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔ معتدل انداز میں ٹیکنالوجی کا استعمال ہماری صحت کے لیے بھی اچھا ہے۔ ماہرین کہتے ہیں کہ رات سونے سے ایک گھنٹا قبل ہی ٹی وی دیکھنے یا انٹرنیٹ سرفنگ کا سلسلہ ختم کر دینا چاہیے۔
گہرے سانس لیجیے
کسی مقام پر سکون سے بیٹھ کر گہرے سانس لینا تناؤ کو فوری کم کرنے میں مدد گار ثابت ہوتا ہے۔ اسے میڈیٹیشن بھی کہا جاتا ہے۔ ماہرین کہتے ہیں کہ میڈیٹیشن کے دوران کسی ایک نقطے پر توجہ دی جائے اور دھیرے دھیرے میڈیٹیشن کے دورانیہ کو بڑھایا جائے۔ ایساکرنے سے توجہ دینے کی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے اور سکون ملتا ہے۔
صبح سیر کیجیے
صبح سویرے کی سیر انسان کو ہشاش بشاش کرتی ہے اور ایک اچھا دن گزارنے کے لیے تیار کرتی ہے۔ صبح ٹریفک کا شور اور آلودگی بھی کم ہوتی ہے۔
وزرش کو زندگی کا حصہ بنائیے
ہفتے میں پانچ روز روزانہ آدھا گھنٹہ ورزش ہمیں ذیابیطس، موٹاپے اور دیگر بیماریوں سے محفوظ رکھتی ہے۔ وزرش ذہنی دباؤ کو کم بھی کرتی ہے اور ہمیں ایک اچھی اور خوشگوار زندگی گزارنے میں مدد کرتی ہے۔
نیند پوری کریں
اچھی نیند کا مطلب ہے کہ آپ اچھے موڈ کے ساتھ اٹھیں گے۔ ویب سائٹ ہیلتھ لائن کے مطابق نیند کے دوران جسم اپنے آپ کو اگلے دن کے لیے تیار کرتا ہے۔ نیند پوری کرنا موٹاپے سے بھی دور رکھتا ہے۔
مثبت سوچنا
بعض اوقات مثبت سوچنا مشکل ہوتا ہے۔ لیکن اپنے ذہن کی تربیت کی جا سکتی ہے۔ اگر اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ منفی خیال آتے ہی کچھ اچھا سوچنے کی کوشش کی جائے یا اپنے آپ کو کسی کام میں مصروف کر لیا جائے یا پھر کوئی کتاب پڑھنا شروع کر دی جائے تو منفی خیالات سے جان چھوٹ سکتی ہے۔
اپنے پیاروں کے ساتھ وقت گزارنا
ہمارا بہت سا وقت دفتر میں یا اپنی پیشہ وارانہ سرگرمیاں انجام دینے میں گزرتا ہے۔ ایسے میں ہم بہت قیمتی وقت اپنوں سے دور ہو کر گزارتے ہیں۔ کوشش کی جانی چاہیے کہ ہم اپنے پیاروں کے ساتھ وقت گزاریں یہ لمحات ہماری زندگی کو معنی خیز بناتے ہیں۔
اچھے کی امید
مثبت سوچ ہمارے اندر اچھے مستقبل کی امید پیدا کرتی ہے۔ ایک مشہور کہاوت ہے کہ ماضی کو بھول جائیں، مستقبل کی فکر نہ کریں اور حال میں رہیں۔