1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

خلیجی ملکوں میں مشترکہ کرنسی: اجراء میں ممکنہ تاخیر

17 نومبر 2009

کویتی وزیر خزانہ نے منگل کے روز ملکی پارلیمان سے اپنے ایک خطاب میں کہا کہ خلیجی ریاستوں میں مشترکہ کرنسی کی اجراء کی منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے، تاہم اس منصوبے پر عمل درآمد کے لئے ابھی وقت درکار ہوگا۔

https://p.dw.com/p/KZIZ
تصویر: gcc

کویتی وزیرخزانہ مصطفیٰ الشمالی کے بقول خلیج کی عرب ریاستوں میں ایک مشترکہ کرنسی کا اجراء کوئی اتنا آسان کام بھی نہیں کہ اسے محض ایک دو روز میں مکمل کر لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کو حقیقت کا روپ دینے کے لئے ابھی بھی کافی وقت درکار ہو گا۔

کویتی وزیرخزانہ خلیجی مالیاتی کونسل سے متعلق معاہدے کے توثیق کے حوالے سے ملکی پارلیمان میں جاری بحث میں حصہ لے رہے تھے۔ کویت کی قومی پارلیمان میں اس بارے میں جاری بحث میں حصہ لیتے ہوئے متعدد اراکین نے یورپی یونین کے کئی ملکوں میں رائج مشترکہ کرنسی یورو کی طرز پر خلیج کے علاقے میں بھی ایسی ہی ایک علاقائی کرنسی کے ممکنہ اجراء پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ ان اراکین پارلیمان کا کہنا تھا کہ خطے میں کسی مشترکہ کرنسی کے متعارف کرائے جانے سے کویت کی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

اس سے قبل خلیجی ریاستوں نے اگلے سال سے خطے میں سنگل کرنسی کے اجراء کی ایک ڈیڈ لائن بھی مقرر کی تھی تاہم کئی ریاستوں کی جانب سے اب ایسے اشارے بھی موصول ہو رہے ہیں کہ اس حوالے سے مقررہ وقت میں توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔ خطے کی کئی ریاستوں نے تو اس سلسلے میں مجوزہ نظام الاوقات کو غیر حقیقت پسندانہ بھی قرار دیا ہے۔ رواں ماہ کے آغاز پر سعودی عرب کے مرکزی بینک کے گورنر محمد الجسر نے بھی اس مشترکہ کرنسی کے اجراء میں ممکنہ تاخیر کا عندیہ دیا تھا۔

جون میں خلیجی تعاون کی کونسل GCC کے رکن ملکوں میں سے سعودی عرب، کویت، بحرین اور قطر کے درمیان طے پانے والے ایک معاہدے میں مشترکہ مالیاتی کونسل کے قیام کی منظوری دی گئی تھی۔ اس معاہدے کے مطابق مالیاتی کونسل کو بعد میں GCC مرکزی بینک کا درجہ دیا جانا ہے۔ خلیجی تعاون کی کونسل کے رکن دو دیگر ممالک متحدہ عرب امارات اور عمان نے اس معاہدے کو مسترد کر دیا تھا۔

متحدہ عرب امارات نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں خلیجی تعاون کی کونسل کے مرکزی بینک کے قیام کے منصوبے پر سخت اعتراضات کئے تھے۔ عمان اس معاہدے سے یہ کہہ کر علیحدہ ہو گیا تھا کہ ایک علاقائی مرکزی بینک کے قیام تک کی شرائط اس کے لئے قابل عمل نہیں ہیں۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : مقبول ملک