1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

خطرناک سمندری طوفان امریکا کی جانب بڑھتا ہوا

11 ستمبر 2018

فلورنس نامی انتہائی طاقتور سمندری طوفان امریکا کے مشرقی ساحل کی طرف بڑھ رہا ہے۔ حکام نے اس طوفان سے ممکنہ طور پر متاثر ہونے والے علاقوں سے 10 لاکھ افراد کو نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/34fOh
Hurricane Florence Satellitenfotografie
تصویر: Reuters/NASA/@astro_ricky

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کیٹیگری چار کے اس طوفان کے ساتھ 220کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی تیز رفتار ہوائیں بھی شامل ہیں۔ یہ طوفان امریکا کے مشرقی ساحلی علاقے کی طرف بڑھ رہا ہے اور اسی باعث لوگوں نے خطرے کے شکار علاقوں سے نکلنا شروع کر دیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں لوگوں کو متنبہ کیا، ’’مشرقی ساحل سے ٹکرانے والا یہ گزشتہ کئی برسوں کا بدترین طوفان ہے۔‘‘ ٹرمپ نے اپنے پیغام میں لوگوں سے کہا کہ وہ تیار، محتاط اور محفوظ رہیں۔

امریکا کی جنوبی ریاست کیرولینا کے گورنر ہینری میکماسٹر نے ریاست کے مشرقی ساحلی علاقوں سے ایک ملین کے قریب لوگوں کو وہاں سے نکلنے کا حکم دیا ہے۔ یہ طوفان ممکنہ طور پر جمعرات 13 ستمبر کو ساحلی علاقوں سے ٹکرائے گا۔ اس ریاست کی 46  میں سے 26 کاؤنٹیز کے اسکولوں کو آج منگل کے روز سے بند کر دیا گیا ہے۔

ہمسایہ ریاست شمالی کیرولینا کے گورنر نے بھی ممکنہ طور پر طوفان کی زد میں آنے والے علاقوں سے لوگوں کو نکالنے کا حکم دیا ہے۔ جبکہ ریاست ورجینیا میں اسی سبب ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

ریاست کیرولینا کے گورنر ہینری میکماسٹر کے مطابق، ’’یہ انتہائی خطرناک سمندری طوفان ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ساحلی علاقوں سے لوگوں کو منتقل کرنا ’ضروری ہے نا کہ رضاکارانہ‘۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر کا کہنا تھا، ’’ہم نہیں چاہتے کہ ایک بھی زندگی اس طوفان کی نذر ہو۔‘‘

USA South Carolina vor dem Hurrikan Florence
شمالی کیرولینا کے گورنر نے بھی ممکنہ طور پر طوفان کی زد میں آنے والے علاقوں سے لوگوں کو نکالنے کا حکم دیا ہے۔ تصویر: Reuters/R. Hill

اس کے کئی گھنٹوں بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دونوں ساحلی ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے اجازت نامے پر دستخط کر دیے۔ تحفظ اور امدادی کاموں کے لیے وفاقی فنڈز اور مشینری کے استعمال کے لیے قانونی طور پر یہ ضروری اقدام ہے۔

ٹرمپ کے مطابق انہوں نے خطرے کی شکار دونوں ریاستوں کے گورنرز سے بات کی ہے اور ’’وفاقی حکومت تعاون کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔‘‘

فلوریڈا میں سمندری طوفان کے بعد کے مناظر

ا ب ا /ع ح (اے ایف پی)