1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

حفیظ کی سنچری، پاکستانی ٹیم کی پوزیشن مستحکم

عاطف بلوچ29 اپریل 2015

کُھلنہ ٹیسٹ کے دوسرے دن پاکستانی ٹیم کی شاندار کارکردگی کی بدولت بنگلہ دیشی ٹیم دباؤ میں آ گئی ہے۔ دوسرے دن پاکستانی بولرز نے نہ صرف بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کو جلد آؤٹ کر دیا بلکہ بلے بازوں نے بھی عمدہ کارکردگی دکھائی۔

https://p.dw.com/p/1FHeG
تصویر: AP

بنگلہ دیش کے شہر کُھلنہ کے شیخ ابو نسیم اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستانی اوپنر محمد حفیظ کی شاندارسنچری اور اظہر علی کی محتاط نصف سنچری کی بدولت اس ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کی پوزیشن مستحکم ہو گئی ہے۔ دوسرے دن کے اختتام تک پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 227 رنز بنانے میں کامیاب ہو گئی۔

اس دن کی خاص بات محمد حفیظ کی 137 رنز کی ناقابل شکست اننگز رہی۔ انہوں نے دو چھکوں اور بارہ چوکوں کی مدد سے اپنے کیریئر کی آٹھویں سنچری بنائی۔ گو کہ پاکستان کی طرف سے ٹیسٹ کرکٹ میں قدم رکھنے والے انیس سالہ سمیع اسلم بیس کےانفرادی اسکور پر جلد ہی پویلین لوٹ گئے لیکن بعد ازاں ون ڈاؤن اظہر علی اور حفیظ نے دو سیشن آرام سے کھیلے۔ کھیل کے اختتام پر اظہر علی بھی 65 کے انفرادی اسکور پر ناٹ آؤٹ تھے۔

قبل ازیں جب بنگہ دیش نے پہلے دن کے اسکور 236 رنز چار کھلاڑی آؤٹ پر اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو پاکستانی بولروں نے اچھی کارکردگی دکھائی جبکہ فیلڈرز نے بھی کوئی کیچ ڈراپ نہ کیا۔ بنگلہ دیش کی طرف سے مومن الحق نے 80 جبکہ امر القیس نے اکاون رنز کی اننگز کھیلیں تاہم باقی کوئی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا۔ پاکستان کی طرف سے یاسر شاہ اور وہاب ریاض نے تین تین جبکہ محمد حفیظ اور ذوالفقار بابر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

Cricket Spiel Pakistan vs Australien 26.10.2014 Jubel Zulfiqar Babar
ذوالفقار بابر نے دو وکٹیں حاصل کیںتصویر: Getty Images/Ryan Pierse

دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں اب پاکستان کی پوزیشن مستحکم ہو گئی ہے۔ مبصرین کے مطابق اگر پاکستانی بلے باز تیسرے دن اچھی کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہے تو یہ میچ بنگلہ دیش کے ہاتھ سے نکل بھی سکتا ہے۔ پاکستانی بولنگ کوچ مشتاق احمد نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس موقع کا بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے، ’’یقینی طور پر ہمارا مقصد ہے کہ ہم ایک بڑا اسکور بنا کر میزبان ٹیم پر دباؤ بڑھا دیں۔‘‘

مشتاق احمد نے کُھلنہ کی سست وکٹ پر محمد حفیظ کی حکمت عملی کو سراہتے ہوئے کہا، ’’یہ ایک سست وکٹ ہے، یہاں اسٹروکس کھیلنا آسان نہیں ہے لیکن جس طرح سے حفیظ نے بلے بازی کی، وہ قابل ستائش ہے۔‘‘

بنگلہ دیشی بلے باز سومایا سرکار نے اعتراف کیا ہے کہ ان کی ٹیم کی بری بلے بازی کی وجہ سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو حاوی ہونے میں مدد ملی ہے، ’’میرے خیال میں پہلے دن کے مقابلے میں دوسرے دن ہماری بیٹنگ کا معیار اچھا نہیں رہا۔ پاکستانی بولرز نے اچھی بولنگ کی لیکن ہمارے بلے بازوں نے اسکور نہ بنا کر خود پر پریشر بڑھا دیا۔‘‘

یاد رہے کہ بنگلہ دیش کا دورہ کرنے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم تین ایک روزہ ون ڈے میچوں میں وائٹ واش ہوئی تھی جبکہ واحد ٹی ٹوئنٹی مچ میں بھی بنگلہ دیش کو کامیابی ملی تھی۔ اس کارکردگی کے تناظر میں کہا جا رہا تھا کہ بنگلہ دیشی ٹیم ٹیسٹ سیریز میں بھی پاکستان کو سخت مقابلہ دے گی۔