1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جینیاتی طور پر تبدیل شدہ کورونا وائرس اب پاکستان میں بھی

29 دسمبر 2020

پاکستانی حکام کے مطابق چند مریضوں میں کورونا وائرس کی جینیاتی طور پر تبدیل شدہ اُس نئی قسم کی تشخیص ہوئی ہے، جو حال ہی میں برطانیہ میں دریافت ہوئی تھی۔

https://p.dw.com/p/3nJlf
Pakistan Covid-19 | Freiwillige für chinesichen Impfstoff
تصویر: Aamir Qureshi/AFP/Getty Images

پاکستانی طبی حکام نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کم از کم تین مریضوں میں وہ نیا کورونا وائرس (میوٹیٹڈ کورونا وائرس) ملا ہے، جو حال ہی میں برطانیہ میں دریافت ہوا تھا اور اب مختلف ملکوں تک پھیل رہا ہے۔ ان تینوں مریضوں کا تعلق صوبہ سندھ سے ہے اور یہ حال ہی میں برطانیہ سے واپس پاکستان آئے تھے۔

سندھ کے محکمہ صحت کے ترجمان میران یوسف کا جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ''تین مریضوں کے سیمپل لیے گئے ہیں اور ان میں پایا جانے والا کورونا وائرس برطانیہ میں دریافت ہونے والے وائرس سے پچانوے فیصد مطابقت رکھتا ہے۔‘‘ صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق برطانیہ سے واپس آنے والے افراد میں سے بارہ کے سیمپل لیے گئے تھے اور ان میں سے چھ کے ٹیسٹ مثبت آئے جبکہ تین مریضوں میں برطانیہ میں دریافت ہونے والا نیا کورونا وائرس پایا گیا۔ حکام کے مطابق ان سیپملز کو اب ایک دوسرے 'جینو ٹائپنگ‘ مرحلے سے گزارا جائے گا تاکہ وائرس کے جینز کے حوالے سے معلومات حاصل کی جا سکے۔

طبی حکام کے مطابق مریضوں کو قرنطینہ میں رکھا جا رہا ہے اور پیر کے روز برطانیہ سے آنے والی پروازوں پر عائد پابندی میں توسیع کر دی گئی ہے۔ پاکستان نے برطانوی پروازوں پر اکیس دسمبر کو عارضی پابندی عائد کی تھی۔ برطانیہ میں دریافت ہونے والا نیا کورونا وائرس انتہائی تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور یہ کئی یورپی ممالک کے علاوہ جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا تک پہنچ چکا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق موجودہ کورونا وائرس کے خلاف تیارکردہ ویکسین اس نئی قسم کے وائرس کے خلاف بھی مؤثر ثابت ہو گی۔ یہ نیا کورونا وائرس موجودہ کورونا وائرس سے ستر فیصد تیزی سے پھیلتا ہے۔ پاکستان کو اس وقت کورونا وائرس کی دوسری لہر کا سامنا ہے اور ہسپتالوں میں پہلے ہی مریضوں کے لیے گنجائش نہ ہونے کے برابر ہے۔ پاکستان میں ابھی تک کم از کم دس ہزار افراد مہلک کورونا وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کورونا وائرس کے تقریباﹰ  اٹھارہ سو نئے کیسز سامنے آئے اور ان میں سے تریسٹھ افراد اس سے ہلاک ہوئے۔

ا ا / ع آ ( ڈی پی اے، روئٹرز)