1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جوہری ہتھیاروں کے حامل ممالک دنیا کو دھمکا رہے ہیں، ایردوآن

22 مئی 2018

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے جوہری ہتھیاروں کے حامل ممالک پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ دنیا کو دھمکا رہے ہیں۔ ساتھ ہی ایردوآن نے ایرانی جوہری معاہدے سے امریکی دستبرداری پر بھی تنقید کی۔

https://p.dw.com/p/2y5Kw
تصویر: Getty Images/AFP/O. Kose

ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے بقول، ’’وہ ممالک آج کل دنیا کو دھمکا رہے ہیں، جن کے پاس پندرہ ہزار سے زائد جوہری ہتھیار ہیں۔‘‘ زیادہ ترجوہری ہتھیارامریکا اور روس کے پاس ہیں۔ ایردوآن نے مزید کہا، ’’ایسے ہتھیار رکھنے والے ممالک جب نیوکلیئر پاور اسٹیشنز کو ایک خطرے کے طور پر ظاہر کرتے ہیں تو بین الاقوامی برادری میں ان کی کوئی ساکھ باقی نہیں رہ جاتی۔‘‘ انہوں نے یہ بیان ایک افطار ڈنر کے موقع پر دیا۔

Nordkorea Kim Jong Un überwacht Raketentest
تصویر: Reuters/KCNA

اس دوران ترک صدر نے ممکنہ طور پر اسرائیل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ مشرق وسطٰی کو جوہری ہتھیاروں سے پاک ہونا چاہیے۔ خیال کیاجاتا ہے کہ مشرق وسطی کے پورے خطے میں صرف اسرائیل کے پاس ہی جوہری ہتھیار ہیں۔

ایٹمی ہتھیاروں پر پابندی: مذاکرات شروع، کئی بڑے ملک غیر حاضر

تخفیف اسلحہ کا معاہدہ، روس نئے مرحلے کا احترام کرے، امریکا

دوسری جانب  عالمی طاقتوں اور ایران کے مابین ہونے والے جوہری معاہدے سے دستبردای کے موضوع پر ایردوآن نے کہا ، ’’ترکی، معاملات کو دوبارہ سے ہوا دینے کے عمل کو تسلیم نہیں کرتا، اس میں ایرانی جوہری معاہدہ بھی شامل ہے، جو ایک طرح سے مکمل ہو گیا تھا۔ امریکا کے علاوہ اس معاہدے پر دستخط کرنے والے تمام دیگر ملک اس سمجھوتے سے وفاداری کر رہے ہیں‘‘۔

امریکا نے اس معاہدے سے علیحدگی کا اعلان ایک ایسے موقع پر کیا ہے، جب مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے رکن ملک ترکی سے اس کے تعلقات میں تناؤ پایا جاتا ہے۔ ترکی کی جانب سے شام سے متعلق امریکی پالیسی اور ڈونلڈ ٹرمپ کے اسرائیل میں امریکی سفارت خانے کو یروشلم منتقل کرنے کے فیصلے پر بھی تنقید کی گئی ہے۔