جولیا رابرٹس ’ہندو‘ ہو گئیں
8 اگست 2010بیالیس سالہ امریکی اداکارہ کے والدین رومن کیتھولک اورباپٹسٹ عقیدوں سے تعلق رکھتے تھے۔ وہ اٹلانٹا میں پیدا ہوئیں تھیں، جو امریکی ریاست جورجیا کا مرکزی شہر ہے۔ معتبر فیشن جریدے Elle کے اگلے ماہ شائع ہونے والے شمارے میں ان کا انٹرویو شامل ہے اور اس میں انہوں نے اپنے تبدیلیِ مذہب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب باقاعدہ ہندو ہیں۔ وہ اپنے خاندان کے ہمراہ لاس اینجلیز کے مندر میں پرارتھنا کے لئے باقاعدگی سے جاتی ہیں۔
امریکی اداکارہ کے ہندو ہونے پر امریکہ مقیم ہندووں نے مسرت کا اظہار کیا تاہم بعض میڈیا اور مبصرین کا خیال ہے کہ جولیا رابرٹس کا ہندو ہونے کا اقرار سستی شہرت کا نیا انداز ہے۔
یونیورسل سوسائٹی آف ہندوازم کے صدر راجن زید نے اپنے بیان میں جولیا رابرٹس کو ہندو مت اختیار کرنے پر ان کا خیر مقدم کیا ہے۔ بھارت میں بھی اس خبر کا خاصا چرچا ہے۔
جولیا رابرٹس کو اداکاری کے میدان میں شہرت پہلی فلم ’’پریٹی وومن‘‘ سے حاصل ہوئی تھی جبکہ ایرن بروکووچ نامی فلم پر ان کو اکیڈیمی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ جولیا رابرٹس کو امریکی فلمی صنعت ہالی ووڈ کا سپر سٹار خیال کیا جاتا ہے۔
گزشتہ سال ستمبر تا اکتوبر انہیں کوئی تین ہفتے تک بھارت میں رہنے کا اتفاق ہوا۔ وہ بھارت میں اپنے نئی فلم ’’ Eat, Pray & Love ‘‘ کی شوٹنگ کے سلسلے میں مقیم تھیں۔ اس فلم میں وہ ایک مطلقہ خاتون کا کردار ادا کر رہی ہیں جو عمدہ خوراک کے چکر میں پہلے اٹلی اور ذہنی سکون کی خاطر بھارت کا رخ کرتی ہے۔ انجام کار انڈونیشیا کے جزیرے بالی میں وہ اپنا پیار حاصل کر لیتی ہے۔
فلم کی شوٹنگ کے دوران کردار کے مطابق انہیں یوگا اور تپسیا کے حوالے سے بھارتی ضلع گوڑگاؤں کے پرفضا قصبے پٹوڈی کے ہری مندر جانے کا اتفاق ہوتا رہا۔ اسی مندر کے سوامی دھرم دیو نے بھی جولیا رابرٹس کے مذہب تبدیل کرنے کو احسن اور اچھی خبر قرار دیا۔ سوامی کا مزید کہنا ہے کہ اگر وہ دل سے ہندو ہو چکی ہیں تو تب یہ بہت ہی ایک اچھی خبر ہے۔
سوامی کے مطابق شوٹنگ کے دوران انہوں نے جولیا اور ان کے شوہر کو کلائیوں پر باندھنے کے مقدس زعفرانی دھاگہ بھی دئے تھے اور ماتھے پر تلک بھی لگایا تھا۔ جولیا رابرٹس کو تلقین کرتے ہوئے سوامی نے کہا تھا کہ وہ کھانا کھائے یانہ کھائے ، پیار کرے یا نہ کرے لیکن عبادت کو ہر گز نہ بھولے۔ سوامی دھرم دیو کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکی اداکارہ نے ان سے اپنی بیمار ماں کی شفا یابی کی دعا کی درخواست بھی کی تھی۔
جولیا رابرٹس کے ہمراہ فلم’’ پریٹی وومن‘‘ میں مرکزی کردار رچرڈ گیئر نے ادا کیا تھا اور وہ بدھ مت کے پیروکار ہوتے ہوئے دلائی لامہ کے چیلے ہیں۔ مشہور میوزیکل بینڈ ’’بیٹل ‘‘کے جورج ہیریسن نے سن 1969ء میں ہندو مت اختیار کرلیا تھا اور مرنے تک وہ ہندو ہی رہے۔ اس کے علاوہ مشہور مصنف جیروم ڈیوڈ سالنجر بھی جوانی میں اپنے یہودی مذہب کوچھوڑ کر ہندومت سے متاثر ہوگئے تھے۔ سالنجر کا انتقال اسی سال ہوا تھا۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: عاطف بلوچ