1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جوس میں شکر شامل کرنے پر پابندی

24 ستمبر 2010

یورپی کمیشن نے یورپ بھر میں پھلوں کے جوس میں اضافی شکر ملانے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک جلاس میں یہ بتایا گیا کہ شکر سے شہریوں کی صحت پر مرتب ہونے والے منفی اثرات کے بارے میں فیصلہ بحث کے بعد سامنے آیا۔

https://p.dw.com/p/PKWx
تصویر: BilderBox

یورپی سطح پر ایک عرصے سے موٹاپے کے شکار شہریوں کی تعداد میں تیزی سے ہونے والے اضافے اور اس کے سبب گوناگوں بیماریوں کے بڑھتے ہوئے خطرات کے بارے میں بحث جاری تھی۔ طبی ماہرین کے مطابق اگر یورپی باشندوں کی عادات زندگی یا لائف اسٹائل میں تبدیلی نہیں آئی تو عوامی صحت کی صورتحال سنگین ہو سکتی ہے۔ ماہرین کے اس انتباہ کے بعد یورپی کمیشن میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں ہونے والی بچث کے بعد تمام یورپی ممالک میں پھلوں کے جوسوں میں شکر کی اضافی ملاوٹ پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

EU Gipfel in Brüssel
یورپی کمیشن نے یورپ بھر میں پھلوں کے جوس میں اضافی شکر ملانے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہےتصویر: AP

اس ضمن میں Nectars یا پھلوں کے رس یا گُودے سے بنائے گئے جوسوں کو استثناء حاصل ہوگی جو روایتی طور پر بہت زیادہ شکر کی مدد سے تیار کئے جاتے ہیں۔ تاہم اس کی شرط یہ ہے کہ ان پر واضح الفاظ میں لکھا ہوگا کہ یہ اضافی شکر کی ملاوٹ سے تیار کردہ ہیں۔

یورپی یونین کے ممبر ممالک نے صحت عامہ کی حفاظت اور اس بارے میں عوامی شعور میں اضافے کے لئے متعدد پیش قدمیاں کی ہیں، خاص طور سے اشیاء خوردو نوش میں اضافی شکر اور نمک میں کمی کی مہم چلا کر اور عوام کو زیادہ سے زیادہ پھلوں اور سبزیوں کے استعمال کی ترغیب دلا کر۔ تاہم ان اقدامات پر خُوردہ فروشوں اور صارفین کی طرف سے ملا جلا رد عمل دیکھنے میں آیا۔

یورپی کمیشن نے یورپی ممالک میں تیار کردہ ایسے پھلوں اور سبزیوں کی فہرست میں، جس سے جوس تیار کیا جانا چاہئے، اب ٹماٹر کو بھی شامل کرنے کی تجویر علیحدہ سے پیش کی ہے۔ حیاتیاتی طور پر ٹماٹر پھلوں کے زمرے میں آتے ہیں نہ کے سبزیوں کے۔ یورپی یونین کے قوانین کے مطابق یورپی ملکوں میں اب تک ٹماٹر کو دیگر پھلوں کی طرح جوس کے حصول کے لئے استعمال میں نہیں لایا جاتا۔ اس سلسلے میں دنیا بھرمیں غذائی معیارکا تعین کرنے والے ادارے کی طرف سے بنائے گئے کوڈز کے تحت ٹماٹر پھلوں کے زمرے ہی میں آتے ہیں۔ تاہم اس ادارے نے یورپی یونین کو اس بارے میں اپنے لئے فیصلہ کرنے کا اختیار دے رکھا ہے۔

BdT Deutschland Sanddornernte in Brandenburg
پھلوں کے رس یا گُودے سے بنائے گئے جوسوں کو استثناء حاصل ہوگیتصویر: picture-alliance/ ZB

تاہم ان دونوں امور پر حتمی فیصلہ یورپی ریاستوں اور یورپی یارلیمان کے اتفاق سے ہی ہوگا۔

رپورٹ: کشور مصطفیٰ

ادارت: افسر اعوان