1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جوان بوڑھے اور بوڑھے جوان ہونے لگے، نئی تحقیق

مقبول ملک14 جولائی 2015

ایک نئی تحقیق کے مطابق کسی بھی انسان کی حقیقی عمر اپنی جگہ، عام مردوں اور خواتین کی حیاتیاتی عمر اصل سے بہت زیادہ یا کم بھی ہو سکتی ہے، یعنی جوان لوگ دراصل بہت بوڑھے اور بوڑھے بہت جوان بھی ہو سکتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1FyO9
تصویر: picture-alliance/dpa/Bernd Thissen

امریکی دارالحکومت واشنگٹن سے منگل چودہ جولائی کو ملنے والی جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق امریکا ہی کے طبی ماہرین کی ایک نئی ریسرچ کے نتائج سے پتہ چلا ہے کہ لازمی نہیں کہ ایسا صرف بڑھاپے ہی میں ہو، بلکہ جوانی میں بھی عین ممکن ہے کہ عام مردوں اور خواتین کی حقیقی اور حیاتیاتی عمروں میں واضح فرق پایا جائے۔

اس مطالعے کے دوران ریاست شمالی کیرولائنا کی ڈیوک یونیورسٹی کے ماہرین کی ایک ٹیم نے 800 سے زائد ایسے افراد کی صحت کا تفصیلی جائزہ لیا، جن میں سے ہر ایک کی طبعی عمر 38 برس تھی۔ محققین کو پتہ یہ چلا کہ ان زیر مطالعہ افراد میں سے کافی زیادہ کی انفرادی طور پر طبعی اور حیاتیاتی عمروں میں بہت زیادہ فرق پایا جاتا تھا۔

اس تحقیقی ٹیم کے سربراہ اور مطالعے کے نتائج مرتب کرنے والے ماہر ڈینئل بَیلسکی نے بتایا کہ انہیں اور ان کے ساتھیوں کو پتہ یہ چلا کہ ان آٹھ سو سے زائد افراد میں سے کئی کی حیاتیاتی عمریں 40 اور 50 برس کے درمیان تھیں، متعدد کی حیاتیاتی عمریں 50 اور 59 برس کے درمیان نکلیں جبکہ ایک واقعے میں تو متعلقہ فرد کی حیاتیاتی عمر 61 برس نکلی حالانکہ طبعی طور پر ہر کسی کی عمر صرف 38 برس تھی۔

اس ریسرچ کے دوران متعلقہ افراد کے مختلف جسمانی اعضاء کی کارکردگی اور صلاحیت کا تعین کرتے ہوئے ان کی حیاتیاتی عمروں کا تعین کیا گیا۔ اس کے لیے ان افراد کے گردوں اور پھیپھڑوں کی فعالیت کے علاوہ ان کے بلڈ پریشر اور کھانا ہضم کرنے کے نظام تک کا سائنسی بنیادوں پر تجزیہ کیا گیا۔ اس سے قبل انہی سینکڑوں زیر مطالعہ افراد کے ایسے جسمانی اعضاء اور عوامل کا اس وقت بھی مطالعہ کیا گیا تھا جب ان میں سے ہر ایک کی طبعی عمر پہلے 22 اور پھر 32 برس تھی۔

Deutschland Hitzewelle
طبعی عمر کے مقابلے میں کسی انسان کی حیاتیاتی عمر کے کم یا زیادہ ہونے کا انحصار اس بات پر بھی ہوتا ہے کہ اس کا طرز زندگی کیسا ہےتصویر: Reuters/I. Fassbender

آخری مرحلے میں جب اس تحقیق میں حصہ لینے والے ہر شہری کی طبعی عمر ٹھیک 38 برس ہو گئی، تو ان کی حیاتیاتی عمروں کا تعین کیا گیا۔ اس پر ماہرین کو پتہ یہ چلا کہ اگر بہت سے افراد کی حیاتیاتی عمریں پچاس اور ساٹھ برس تک تھیں تو کئی شہریوں کی یہی عمریں 32، 30 اور 28 برس تک بھی پائی گئیں۔

ڈینئل بَیلسکی کے بقول انسانوں میں اکثر بیماریوں کی وجہ بڑھاپا بنتا ہے اور اس ریسرچ کے نتیجے میں یہ بات طے ہو گئی ہے کہ مختلف بیماریوں کے علاج کے لیے اس بڑھاپے پر بھی توجہ دی جانی چاہیے جو طبعی جواں عمری میں آنا شروع ہو جاتا ہے۔

ڈیوک یونیورسٹی کے اس محقق نے کہا، ’’موجودہ طبی سائنس میں زیادہ توجہ مختلف بیماریوں کا سبب بننے والے اس بڑھاپے یا ضعف پر دی جاتی ہے جو بزرگ شہریوں میں نظر آتا ہے۔ اب جوانوں میں ضعف اور بڑھاپے پر بھی توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘