جوئے میں جیک پاٹ نے جرمن جواری کو جیل سے بچا لیا
26 ستمبر 2014اطلاعات کے مطابق جرمن شہر بوخم میں اس جواری کو 710 یورو جرمانہ ادا کرنے یا گرفتاری دینے کے احکامات موجود تھے۔ گزشتہ ہفتے پولیس اہلکار اپنے معمول کے گشت کے دوران ایک جوئے خانے میں پہنچے تو وہاں انہیں یہ جواری نظر آ گیا، جو ایک جوئے کی مشین پر قسمت آزمائی کر رہا تھا۔
پولیس اہلکاروں نے اس شخص کو حکم دیا کہ وہ فوری طور پر جرمانہ ادا کرے ورنہ اسے گرفتار کر لیا جائے گا اور اسے 71 روز تک جیل میں رہنا ہو گا۔ تاہم حکام کے مطابق جب پولیس اہلکاروں نے اس جواری سے یہ بات کی، ٹھیک اسی وقت میشن پر ’جیک پاٹ‘ کی بتیاں جلنا بجھنا شروع ہو گئیں، جو یہ بتا رہی تھیں کہ یہ جواری ایک ہزار یورو جیت گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی مشین نے جیت کی رقم اگلنا شروع کر دی۔
پولیس کے مطابق اس 37 سالہ جواری نے موقع پر ہی اہلکاروں کو نقد جرمانہ ادا کر کے اپنی یقینی گرفتاری بچا لی۔ خبر رساں ادارے ڈی پی اے کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ واقعہ گزشتہ جمعرات کو پیش آیا۔ یہ شخص جرمانے کی رقم ادا نہ کرنے پر پولیس کو مطلوب تھا اور اس کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کر دیے گئے تھے۔
ڈی پی اے کے مطابق سادہ لباس میں پولیس اہلکاروں نے اس شخص کو جوئے خانہ میں دیکھا اور شناخی کارڈ طلب کیا، جس سے معلوم ہوا کہ اس شخص کو 710 یورو جرمانہ ادا کرنا ہے اور عدم ادائیگی پر 71 روز تک جیل کی ہوا کھانا ہو گی۔
تاہم ایک ایسے موقع پر جب جوئے خانے میں ایک مشین کے سامنے بیٹھے اس شخص کو پولیس کی گاڑی کی طرف لے جایا جانا تھا، مشین نے اس شخص کا جیک پاٹ نکال کر اسے ایک ہزار یورو جتوا دیے۔ بعد ازاں یہ شخص سینہ پھلا کر نہ صرف اپنے ذمے جرمانے کی پوری رقم نقد ادا کرنے میں کامیاب رہا بلکہ حوالات جانے کی بجائے ایک آزاد شہری کی طرح جوئے خانے سے باہر نکلا۔