1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جنوبی کوریائی صدر کی کم جونگ اُن سے غیراعلانیہ ملاقات

26 مئی 2018

شمالی کوریا کے سپریم لیڈر نے جنوبی کوریا کے صدر مون جے اِن سے ہفتہ چھبیس مئی کو ملاقات کی ہے۔ دونوں لیڈروں کے درمیان رواں برس ستائیس اپریل کو بھی ملاقات ہو چکی ہے۔

https://p.dw.com/p/2yMS0
Treffen Regierungschefs Süd- und Nordkorea
تصویر: Reuters/Presidential Blue House

جنوبی کوریائی سرحدی قصبے پانمُنجوم میں جزیرہ نما کوریا کے دونوں ملکوں کے لیڈروں کی ہفتہ کے روز سہ پہر میں ہونے والی ملاقات کی تفصیلات صدر مون جے اِن اتوار ستائیس مئی کو ایک پریس کانفرنس میں اعلان کریں گے۔ پانمُنجوم میں کم جونگ اُن اور جنوبی کوریائی صدر کے درمیان ہونے والی ملاقات دو گھنٹے تک جاری رہی۔

ایسے اندازے لگائے گئے ہیں کہ اس ملاقات میں جنوبی کوریائی صدر نے چیئرمین کم جونگ اُن کو قائل کرنے کی کوشش کی ہے کہ وہ بارہ جون کو امریکی صدر کے ساتھ ہونے والی ملاقات پر قائم رہیں۔ اس ملاقات میں دونوں لیڈروں نے قریب ایک ماہ قبل ہونے والی ملاقات میں طے پانے والے امن قائم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Treffen Regierungschefs Süd- und Nordkorea
سرحدی قصبے پانمُنجوم میں جزیرہ نما کوریا کے دونوں ملکوں کے لیڈروں نے چھبیس مئی کو ملاقات کیتصویر: Reuters/Presidential Blue House

ان دونوں لیڈروں کی رواں برس میں ایک ماہ کے دوران یہ دوسری ملاقات ہے۔  اُدھر کم جونگ اُن نے بھی کہا ہے کہ امکان ہے کہ بارہ جون کی سمٹ بحال ہو سکتی ہے۔ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی جب چند روز قبل امریکی صدر نے بارہ جون کی سمٹ کے لیے وقت کو نامناسب خیال کرتے ہوئے منسوخ کر دیا تھا۔

کوریائی لیڈروں کی غیراعلانیہ ملاقات کے حوالے سے سفارتکاروں نے خیال ظاہر کیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں سامنے آنے والے مثبت بیانات نے امریکی اور شمالی کوریائی سمٹ کی دم توڑتی امیدوں میں ایک نئی زندگی کی لہر پھونک دی ہے۔ شمالی کوریا نے اس امید کا بھی اظہار کیا ہے کہ کوریائی خطے کے بحران کے لیے ٹرمپ فارمولے پر بحث کی جا سکتی ہے۔

اس صورت حال پر سیول حکومت نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ تمام تبدیلیوں اور پیش رفتوں کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بارہ جون کی میٹنگ کی منسوخی کے باوجود شمالی کوریا نے امریکا کے ساتھ مذاکرات پر رضا مندی کا اظہار کیا ہے، جسے امریکی صدر نے ایک اچھا ردعمل قرار دیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن سے ملاقات مجوزہ تاریخ پر اب بھی ممکن ہے۔ جمعہ 25 مئی کو واشنگٹن میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ شمالی کوریا یہ ملاقات چاہتا ہے اور امریکی خواہش بھی یہی ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں