جنوبی کوریا اور امریکہ متفق: شمالی کوریا کا جوہری پروگرام قبول نہیں
17 جون 2009امریکی صدر باراک اوباما اور ان کے جنوبی کوریائی ہم منصب لی میونگ بَک نے کہا ہے کہ کمیونسٹ شمالی کوریا کو اپنا ایٹمی ہتھیاروں کا پروگرام لازمی طور پر ترک کرنا ہوگا اور پیونگ یانگ جس بحران کو ہوا دے رہا ہے، اس کے جواب میں کسی انعام کی توقع نہیں کی جانا چاہئے۔
جنوبی کوریائی صدر کے دورہٴ امریکہ کے دوران واشنگٹن میں امریکی صدر اوباما کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں نے مشترکہ طور پر یہ موقف اختیار کیا کہ شمالی کوریا کے متنازعہ ایٹمی پروگرام کی وجہ سے پیدا ہونے والے بحران کے حوالے سے واشنگٹن اور سیئول کا نقطہ نظر ایک ہے۔
وائٹ ہاؤس میں منگل کی شام صدر لی میونگ بَک کی موجودگی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر اوباما نے کہا کہ کمیونسٹ کوریا اگر ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری کے اپنے مقاصد میں کامیاب ہو گیا تو یہ پیش رفت پوری دنیا کے لئے شدید خطرات کا باعث ہو گی۔ اسی لئے اقوام متحدہ کی طرف سے حال ہی میں منظور کردہ نئی لیکن سخت پابندیوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا جن کا مقصد شمالی کوریا کو ایٹمی ہتھیاروں کے حصول سے ہر قیمت پر روکنا ہے۔
باراک اوباما کے مطابق جس طرح شمالی کوریا مسلسل اپنے ہمسایہ ملکوں کو دھمکیاں دے رہا ہے، وہ لہجہ یہ ثابت کرنے کے لئے کافی ہے کہ اگر پیونگ یانگ ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری میں کامیاب ہو گیا تو یوں نہ صرف پورے خطے کا استحکام خطرے میں پڑ جائے گا بلکہ امریکہ اور پوری دنیا کی سلامتی بھی شدید نوعیت کے خطرات کا شکار ہو جائے گئی۔
شمالی کوریا کے ایٹمی پروگرام کے بارے میں امریکہ اور جنوبی کوریا کی مشترکہ حکمت عملی کی وضاحت کرتے ہوئے باراک اوباما نے کہاکہ وہ اور صدر لی اس بارے میں قطعی طور پر ہم خیال ہیں کہ جزیرہ نما کوریا کو مکمل طور پر ایٹمی ہتھیاروں سے پاک ہونا چاہئے۔ امریکہ جمہوریہ کوریا کے دفاع کا تہیہ کئے ہوئے ہے اور واشنگٹں اور سیئول کے مابین تعاون کی بنیاد دیرپا اتحاد پر ہے۔ امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ بات چیت میں اُن اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جو خِطے میں رُوس، چین اور جاپان جیسے پارٹنر ملکوں کے ساتھ مل کر کئے جارہے ہیں۔ اوباما کے نزدیک اِن تمام اقدامات کا مقصد شمالی کوریا پر یہ واضح کرنا ہے کہ وہ دھمکیوں اور غیر قانونی ہتھیاروں کے ذریعے اپنے لئے نہ تو عزت حاصل کر سکتا ہے اور نہ ہی سلامتی کا احساس۔
اس موقع پر جنوبی کوریا کے صدر نے کہا کہ سلامتی کونسل نے گذشتہ ہفتہ کمیونسٹ کوریا کے خلاف جو نئی سخت پابندیاں منطور کیں ہیں، وہ اس امر کا ثبوت ہیں کہ عالمی برادری پیونگ یونگ کو اُس کے ارادوں سے باز رکھنے کا تہیہ کئے ہوئے ہے۔