1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جنوبی وزیرستان میں جھڑپ، چھ جنگجو اور دو فوجی ہلاک

23 جون 2018

پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے مابین ہونے والی خونریز جھڑپوں کے نتیجے میں چھ جنگجو اور دو فوجی مارے گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/308Hk
Pakistan Waziristan Armee Infanterie ARCHIV
تصویر: picture-alliance/AP

خبررساں ادارے اے ایف پی نے پاکستانی فوجی اور جنگجوؤں کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ افغانستان سے متصل پاکستانی قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں ہفتے کے دن ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں آٹھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

پاکستانی فوج نے آپریشن ردالفساد کے نام سے جاری کردہ ایک عسکری مہم میں قبائلی علاقوں میں جنگجوؤں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر رکھا ہے۔ اس فوجی مہم کی وجہ سے مبینہ طور پر درجنوں دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں جبکہ اس دوران متعدد فوجی اہلکار بھی مارے جا چکے ہیں۔

پاک افغان سرحد پر باڑ کی تنصیب میں تیزی

پاکستانی فوج کے ایک بیان کے مطابق اس لڑائی کے نتیجے میں چھ جنگجو ہلاک کر دیے گئے جبکہ دو فوجی بھی لقمہ اجل بنے۔ فوجی بیان کے مطابق لدھا کے نواح میں واقع اسپینا میلہ نامی گاؤں میں مخبری پر کارروائی کی گئی تو جھڑپ شروع ہو گئی۔

بتایا گیا ہے کہ پاکستانی فوج کو اطلاع ملی تھی کہ کچھ جنگجو مقامی لوگوں کا روپ دھار کر جنوبی وزیرستان داخل ہوئے تھے، جس کے بعد ان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ فوج نے کہا ہے کہ اس لڑائی میں جنگجوؤں کا ایک اہم کمانڈر ’ناناکر‘ بھی مارا گیا ہے۔

پاکستانی فوج کے مطابق ناناکر متعدد مقامی قبائلی افراد کی ہلاکت کی وجہ سے مطلوب تھا۔ بتایا گیا ہے کہ فوج نے اس کارروائی کے بعد جنگجوؤں سے اسلحہ بارود اور کمیونیکیشن کے آلات بھی برآمد کر لیے ہیں۔

پاکستانی فوج کے تعلقات عامہ کے شعبے آئی ایس پی آر کے مطابق ان مواصلاتی آلات کی مدد سے یہ جنگجو افغان صوبے پکتیا میں اپنی کمانڈ سے رابطے میں تھے۔

میران شاہ میں مقامی سکیورٹی حکام نے بھی اس تازہ لڑائی کی تصدیق کرتے ہوئے ہلاکتوں کی تصدیق کر دی ہے۔ یاد رہے کہ افغانستان اور امریکی انتظامیہ پاکستان پر الزام عائد کرتی ہے کہ افغانستان اور پاکستان کی سرحدوں پر جنگجو فعال ہیں، جنہیں پاکستان کا تعاون بھی حاصل ہے۔ تاہم اسلام آباد حکومت ان الزامات کو مسترد کرتی ہے۔

ع ب / ع ت / خبر رساں ادارے

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں