جرمنی یورو کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کے قریب تر
8 جون 2011جرمنی کی قومی فٹ بال ٹیم یورو کپ چیمپئن شپ کے لیے کوالیفائی کرنے سے اب چند قدم ہی دور ہے۔ منگل کے روز باکو میں کھیلے گئے ایک میچ میں جرمنی نے آذربائیجان کی ٹیم کو تین ایک سے ہرا دیا۔ اس جیت کے بعد گروپ اے میں جرمنی کی ٹیم نے سات میچ کھیل کر اکیس پوائنٹس حاصل کر لیے ہیں۔ جرمنی کے بعد اس گروپ میں دوسرے نمبر پر بیلجیم کی ٹیم ہے جس کے گیارہ پوائنٹس ہیں۔
آذربائیجان کے خلاف میچ میں جرمنی کی ٹیم کی طرف سے اوزل، گومیس اور شوئرلے نے ایک ایک گول کیا۔ آذربائیجان کی طرف سے میچ ختم ہونے سے ایک منٹ پہلے مراد حسینوف نے گول کیا۔
جمعہ کو کھیلے گئے میچ میں جرمنی کی ٹیم نے آسٹریا کو ایک سخت مقابلے کے بعد دو ایک سے ہرایا تھا۔
جرمنی کی ٹیم میں زیادہ تر نوجوان کھلاڑی تھے اور صرف کپتان فلپ لاہم ہی تھے جن کی عمر ستائیس برس تھی۔ اس حوالے سے لاہم کا کہنا تھا کہ یہ ثابت کرتا ہے کہ جرمن فٹ بال میں کتنی صلاحیت موجود ہے۔
آذربائیجان کے خلاف میچ کے بارے میں جرمن ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم میچ میں بہت اچھا کھیل پیش نہیں کر پائی تاہم اہم بات یہ ہے کہ کھیلے گئے ساتوں میچوں میں جرمنی کی ٹیم فتحیاب ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کو یقین ہے کہ جرمنی یوروکپ کے فائنل مقابلوں کے لیے کوالیفائی کر لے گا۔
رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے
ادارت: مقبول ملک