1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستجرمنی

جرمنی کے شہر زیگن میں چاقو حملہ، پانچ افراد زخمی

31 اگست 2024

مغربی جرمن شہر زیگن میں جمعے کی شام ایک بس میں ہوئے چاقو حملے میں پانچ افراد زخمی ہو گئے، جن میں سے تین کی حالت تشویش ناک ہے۔ پولیس کے مطابق مشتبہ حملہ آور ایک 32 سالہ خاتون ہے، جسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/4k84F
واقعے میں زخمی ہونے والوں کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے
اس واقعے میں پانچ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔تصویر: Rene Traut/IMAGO

پولیس کا کہنا ہے کہ حملے کے وقت اس بس پر چالیس افراد سوار تھے اور یہ واقعہ کولون شہر سے 75 کلومیٹر دور واقع شہر زیگن میں پیش آیا، جہاں یہ بس سٹی فیسٹیول میں شرکت کے لیے ان مسافروں کو لیے جا رہی تھی۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ شام سات بج کر چالیس منٹ پر پیش آیا، جب کہ متعدد مسافروں کی جانب سے پولیس کو مطلع کرنے پر مشتبہ حملہ آور خاتون کو حراست میں لیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ خاتون جرمن شہریت کی حامل ہے۔ پولیس کے مطابق اس حملے کے پس پردہ مقاصد تو واضح نہیں، تاہم اس کے دہشت گردانہ واقعہ ہونے کے اشارے نہیں ملے ہیں۔ جرمن اخبار بلڈ کے مطابق مشتبہ حملہ آور ذہنی مسائل کی شکار خاتون ہے۔

واضح رہے کہ یہ واقعہ زولنگن شہر میں ایک ہفتے قبل دہشت گردانہ حملے کے ایک ہفتے بعد پیش آیا ہے۔ زولنگن شہر میں ایک فیسٹیول کے دوران ایک حملہ آور نے چاقو کے وار کر کے تین افراد کو ہلاک جب کہ دیگر آٹھ کو زخمی کر دیا تھا۔

چاقو حملہ اس بس میں کیا گیا
مشتبہ حملہ آور خاتون کو حراست میں لے لیا گیا ہےتصویر: Rene Traut/IMAGO

26 سالہ مشتبہ حملہ شامی شہری ہے اور اور اس وقت پولیس کی حراست میں ہے۔ اس حملے کی ذمہ داری دہشت گرد تنظیم 'اسلامک اسٹیٹ‘ نے قبول کی تھی، تاہم جرمن پولیس ابھی اس دعوے کے حقیقی ہونے کے حوالے سے تفتیش میں مصروف ہے۔

زیگن میں پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں اور رپورٹیں پھیلانے سے احتياط برتیں اور بس میں ہوئے چاقو حملے کو دہشت گردانہ حملہ قرار نہ دیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس حملے میں دہشت گردانہ عنصر کے اشارے بالکل نہیں ملے ہیں۔ پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس اہلکار جائے واقعے پر موجود ہیں اور عینی شاہدین سے پوچھ گچھ جاری ہے۔

واضح رہے کہ زیگن شہر رواں ہفتے اپنے 800ویں سالگرہ منا رہا ہے جب کہ اسی تناظر میں اس ویک اینڈ پر وہاں سٹی فیسٹیول منعقد ہو رہا ہے اور لوگ بسوں کے ذریعے اس شہر پہنچ رہے ہیں۔

جرمنی: برلن کی کرسمس مارکٹ پر حملہ، ’آج بھی یاد ہے‘

زیگن شہر کے میئر نے کہا ہے کہ تمام تر سکیورٹی خدشات کے باوجود یہ فیسٹیول منسوخ نہیں ہو گا۔ ''سٹی فیسٹیول کی مسنوخی نہیں ہو گی کیوں کہ یہ جشن ہماری جمہوریت اور آزادی کا بھی ہے۔‘‘

زیگن شہر کی سرکاری ویب سائٹ پر لکھا گیا ہے کہ فیسٹیول میں کسی شخص کو چاقو کے ساتھ داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔

ع ت، ع س (ڈی پی اے)