1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہجرمنی

جرمنی: نئے جنگی بنکَروں کی تعمیر کا منصوبہ

2 جولائی 2024

جرمنی کے متعدد شہر نئے بنکَروں کی تعمیر کا مطالبہ کر رہے ہیں تاکہ ممکنہ جنگ کی صورت میں لوگوں کو تحفظ مل سکے۔ تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ اس کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔

https://p.dw.com/p/4hlYh
مقامی کونسلوں نے سرد جنگ کے زمانے کے ملک کے دو ہزار بنکروں کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے
مقامی کونسلوں نے سرد جنگ کے زمانے کے ملک کے دو ہزار بنکروں کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہےتصویر: Sina Schuldt/dpa/picture alliance

کسی ملک کی پریشانیوں کا اندازہ لگانے کا اس سے بہتر طریقہ اور کیا ہو سکتا کہ یہ معلوم کیا جائے کہ نجی کمپنیاں خوف و ہراس کے دوران پناہ لینے کے لیے مخصوص کمرے اور بنکروں کی تعمیر کتنی تیزی سے کر رہی ہیں۔

نجی، کاروباری اور فوجی استعمال کے لیے 'پروٹیکشن روم سسٹم' تیار کرنے والی برلن کی کمپنی بی ایس ایس ڈی ڈیفنس کا کاروبار تشویش ناک حد تک بڑی تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔ یہ کمپنی بیس ہزار یورو میں استعمال کے لیے فوراً تیار کر لیے جانے والے کمرے سے لے کر دو لاکھ یورو کا مکمل بنکر سمیت ہوم سکیورٹی آلات کی ایک پوری رینج پیش کرتی ہے۔

یورپ ایک اور جنگ کے دہانے پر ہے، پولش وزیر اعظم کا انتباہ

جرمن فوج میں نئے کمانڈ ڈھانچے کے ساتھ اصلاحات کا آغاز

بی ایس ایس ڈی کے ٹیکنیکل ڈائریکٹر ماریو پیچڈے کا کہنا ہے کہ کمپنی کو حالیہ برسوں میں نجی شہریوں، فائر سروسز اور مقامی کونسلوں سے بہت زیادہ فون کالز موصول ہوئے ہیں۔ اس کا سلسلہ کووڈ انیس کی وبا کے دوران شروع ہوا تھا اور جب روس نے یوکرین پر حملہ کیا تو اس میں کافی اضافہ ہو گیا۔

انہوں نے کہا،"کسی کو یہ توقع نہیں تھی کہ یورپ میں دوبارہ روایتی جنگ چھڑ سکتی ہے لیکن بدقسمتی سے تاریخ خود کو دہراتی ہے۔ اس لیے جو لوگ پہلے حفاظت سے متعلق سوچ رہے تھے وہ اب اپنے منصوبوں پر عمل درآمد شروع کرچکے ہیں۔" انہوں نے مزید کہا کہ یہاں بنکروں اور دیگر حفاظتی اشیاء کی مانگ زیادہ ہے جب کہ سپلائر ناکافی ہیں۔

جرمن بجٹ میں فلاح وبہبود کی بجائے دفاعی اخراجات کو ترجیح؟

جرمن فوج کو یورپ کے دفاع کے لیے 'ریڑھ کی ہڈی' ہونا چاہیے، جرمن وزیر دفاع

ایسا لگتا ہے کہ سیاسی حلقوں میں بھی یہ احساس تیزی سے بڑھتا جا رہا ہے۔ جون کے اوائل میں پوٹسڈم میں وزرائے داخلہ کی ایک کانفرنس کے دوران وفاقی جرمن وزارت داخلہ نے اپنے ریاستی ہم منصبوں کو جرمن آبادی کے لیے ایک جدید پناہ گاہ کی تیاری کے متعلق اسٹیٹس رپورٹ پیش کی تھی۔

یہ رپورٹ جرمن ایسوسی ایشن آف ٹاونز اینڈ میونسپلیٹیز کی ایک رپورٹ کے تین ماہ بعد آئی۔ ملک کے چودہ ہزار مقامی کونسلوں کی نمائندگی کرنے والے اس ادارے نے وفاقی حکومت سے شہریوں کی حفاظت کے لیے اگلے دس برسوں کے دوران دس بلین یورو کی سرمایہ کاری کرنے کا مطالبہ کیا تھا تاکہ سرد جنگ کے زمانے کے ملک کے دو ہزار بنکروں کی تجدید کی جاسکے۔

یہ کوئی چھوٹا کام نہیں ہے۔ شہری تحفظ اور آفات میں امداد کے وفاقی دفتر(بی کے کے) نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ اس وقت ملک میں ایسے صرف 579 بنکر ہیں جہاں لوگ پناہ لے سکتے ہیں۔ ان میں تقریباً چار لاکھ 78 ہزار لوگوں (جرمن آبادی کا 0.56 فیصد) کے پناہ کی گنجائش ہے۔ "لیکن سن 2007 میں سابقہ شیلٹر سسٹم کو ختم کرنے کے بعد سے یہ بنکر بھی نہ تو فعال ہیں اور نہی استعمال کے لیے تیار ہیں۔"

بی بی کے کا کہنا ہے کہ بنکروں کی تعمیر کا ایک نیاتصور منصوبہ بندی کے مراحل میں ہے۔ تاہم جرمن میڈیا میں لیک ہونے والی حکومتی رپورٹوں کے مطابق پوری جرمن آبادی کے تحفظ کے لیے تقریباً دو لاکھ دس ہزار ایک سو اضافی بنکروں کی ضرورت ہو گی۔ اس کی تعمیر میں 25 سال لگیں گے اور اس پر 140.2بلین یورو کی لاگت آئے گی۔

ماریو پیچڈے کا کہنا تھا کہ گزشتہ 35 سالوں میں آبادی کی حفاظت کے لیے تعمیرات کو یقینی طور پر نظر انداز کیا گیا ہے۔ لیکن اس طرح کی پناہ گاہوں کو بحال کرنا ممکن بنایا جانا چاہئے۔

 حکومتی رپورٹوں کے مطابق پوری جرمن آبادی کے تحفظ کے لیے تقریباً دو لاکھ دس ہزار ایک سو اضافی بنکروں کی ضرورت ہو گی
حکومتی رپورٹوں کے مطابق پوری جرمن آبادی کے تحفظ کے لیے تقریباً دو لاکھ دس ہزار ایک سو اضافی بنکروں کی ضرورت ہو گیتصویر: Schoening/picture alliance

لیکن ایک بنکر کتنا محفوظ ہے؟

مغربی جرمنی میں وٹن یونیورسٹی میں اکنامک اینڈ سکیورٹی اسٹڈیز کے ڈائریکٹر ہانس والٹر بورس اس بات سے متفق ہیں کہ آبادی کی حفاظت کے معاملے کو کافی نظر انداز کیا گیا ہے۔

لیکن وہ سوال کرتے ہیں کہ نیٹو اور روس کے درمیان جنگ کی صورت میں استعمال ہونے والے ہتھیاروں کے تعداد کے مدنظر اس طرح کے بنکرز حقیقتاً کتنے موثر ہو سکیں گے۔ مثال کے طور پر روس کے پاس اب ہائپر سونک میزائل ہیں جو صرف دو سے پانچ منٹ کے اندر کالنن گراد سے کسی بھی یورپی شہر تک پہنچ سکتے ہیں۔

بورس کہتے ہیں،"یہ دوسری عالمی جنگ جیسا نہیں ہے، جب ہنوور کے اوپر سے برلن کی طرف بمبار جہازوں کی پرواز کی وارننگ کے بعد لوگوں کو بنکر تک پہنچنے کے لیے پندرہ سے بیس منٹ کا وقت مل جاتا تھا۔" جرمن فوج کے سابق کرنل بورس کا مزید کہنا تھا،"اب فوجی کارروائی کے دوران آبادی کو متنبہ کرنے کا کوئی طریقہ نہیں ہے۔"

جرمن وفاقی حکومت اس مسئلے کو تسلیم کرتی ہے۔ جنگ کے متعلق ایک حکومتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈی سنٹرلائز محفوظ مقامات کے مقابلے میں بڑے رہائشی عمارتوں کے اندرموجود بڑے مرکزی بنکر کم استعمال ہوں گے۔ اسی لیے حکومت یہ مشورہ دینے کا منصوبہ بنارہی ہے کہ شہریوں کواپنی حفاظت کے لیے اپنے تہہ خانوں میں محفوظ کمرے بنانے کے لیے سستے اور آسانی سے دستیاب تعمیراتی سامان حاصل کرنا چاہئے۔

ج ا/ ص ز (بین نائٹ)