1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں گرمی کا ریکارڈ ٹوٹ گیا

26 جون 2019

جرمنی میں جون کے مہینے میں تاریخ کا بلند ترین درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔ یہ بات جرمنی کے قومی محکمہ موسمیات کی طرف سے بتائی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/3L8r5
Deutschland Hitzewelle
تصویر: Reuters/I. Fassbender

جرمنی میں تاریخ کا یہ بلند ترین درجہ حرات پولینڈ کی سرحد پر واقع جرمن شہر کَوشن میں مقامی وقت کے مطابق دن 2:50 پر ریکارڈ کیا گیا جو 38.6 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔ قبل ازیں بلند ترین درجہ حرارت 27 جون 1947ء کو ملک کے ایک مغربی شہر بیوہلرٹال میں ریکارڈ کیا گیا تھا جو 38.5 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔

گرمی کی شدت میں مزید اضافے کی توقع

جرمن محکمہ موسمیات قبل ازیں متنبہ کر چکا ہے کہ ملک کے بعض حصوں میں آئندہ دنوں کے دوران درجہ حرات 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک بھی پہنچ سکتا ہے۔ اس کی وجہ براعظم افریقہ کے شمالی حصے کی طرف سے خشک اور گرم ہواؤں کا یورپ کی طرف بڑھنا ہے۔

گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی جرمنی میں عوام سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا کہا گیا ہے۔ جرمنی کی مشرقی ریاست سیکسنی انہالٹ کی ٹرانسپورٹ کی وزارت نے اس صوبے کی سڑکوں پر رفتار کی زیادہ سے زیادہ حد 100 کلومیٹر فی گھنٹہ سے 120 کلومیٹر فی گھنٹہ تک مقرر کر دی ہے۔ خیال رہے کہ جرمنی کی اکثر شاہراہوں پر رفتار کی کوئی حد مقرر نہیں ہوتی۔

طبی حکام نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی اور فضا میں نمی کے تناسب میں اضافہ لوگوں کی صحت کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے۔ اسی باعث بچوں، بزرگوں اور ایسے افراد سے کہا گیا ہے کہ وہ گرمی سے بچیں جنہیں صحت کے حوالے سے مسائل درپیش ہیں۔

ا ب ا / ب ج (ایسوسی ایٹڈ پریس).