1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
جرائمجرمنی

جرمنی میں مرسیڈیز کے پلانٹ پر فائرنگ میں دو افراد ہلاک

11 مئی 2023

فائرنگ کا یہ واقعہ جمعرات کی صبح شٹٹ گارٹ شہر کے نزدیک مرسڈیز کی فیکٹری میں علیٰ الصبح پیش آیا۔ پولیس نے مشتبہ حملہ آور کو حراست میں لے لیا۔

https://p.dw.com/p/4RDnA
Deutschland | Ein Toter bei Schüssen auf Werksgelände von Mercedes-Benz
تصویر: Julian Rettig/dpa/picture alliance

جرمن کار ساز ادارے مرسیڈیز کے ایک پلانٹ پر فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔ پولیس نے جمعرات کی صبح اس واقع میں ملوث ایک چون سالہ مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق ہنگامی کالیں موصول ہونے کے بعد اس نے سنڈیلفنگن میں مرسڈیز پلانٹ پر ایک خصوصی آپریشن کیا۔  دو ہیلی کاپٹروں اور کئی ایمرجنسی ڈاکٹروں نے بھی اس کارروائی میں حصہ لیا ۔ اس دوران متاثرہ مقام کو سیل کر دیا گیا تھا۔

Deutschland | Ein Toter bei Schüssen auf Werksgelände von Mercedes-Benz
اس فیکٹری میں مرسڈیز کی فلیگ شپ ایس کلاس گاڑی تیار کی جاتی ہےتصویر: Julian Rettig/dpa/picture alliance

 پولیس کے مطابق فائرنگ کے پس پردہ محرکات  ابھی تک واضح نہیں ہو سکے۔ مبینہ طور پر مقامی وقت کے مطابق صبح سات بج کر پینتالیس منٹ پر متعدد گولیاں چلائی گئیں۔ ہلاک ہونے والے دونوں افراد کی عمر بیالیس سال تھی۔

پولیس نے تقریباً ایک گھنٹے بعد ٹویٹ کیا کہ پولیس اور امدادی کارکنان پر مشتمل ایک آپریشن شٹٹ گارٹ شہر کے جنوب مغرب میں تقریباً 15 کلومیٹر  کے فاصلے پر واقع مرسیڈیز کے پلانٹ پر جاری  ہے۔ حکام نے تصدیق کی کہ ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

جرمن شہر ہیمبرگ میں شوٹنگ، دو افراد ہلاک

استغاثہ نے کہا کہ گرفتار شخص کی عمر ترپن سال ہے اور خیال کیا جاتا ہے کہ اس نے اکیلے ہی یہ حرکت کی تھی۔ اس کے بارے میں یہ بھی کہا جاتا ہے کہ وہ فیکٹری کا ملازم نہیں تھا بلکہ فیکٹری کے ساتھ کام کرنے والی ایک لاجسٹک فرم کا ملازم تھا ۔

 ایمرجنسی سروسز نے عمارت کی تلاشی لی تاکہ  دیگر زخمی افراد کو بھی ڈھونڈا جا سکے۔ ملازمین نے بتایا کہ یہ واقع اس فیکٹری میں پیش آیا، جہاں اس فرم کی فلیگ شپ ایس کلاس گاڑی تیار کی جاتی ہے۔

مرسیڈیز نے تصدیق کی کہ پلانٹ میں ایک واقعہ ہوا تھا اور وہ حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں لیکن انہوں  نے اس بارے مزید تفصیل نہیں بتائی۔ کمپنی نے ایک بیان میں کہا، ''ہم حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں اور حقائق کو واضح کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ملازمین کی حفاظت سب سے پہلے آتی ہے۔‘‘

رچرڈ کونر(ش ر ⁄ ع ت )