1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستجرمنی

جرمنی میں روسی جاسوس گرفتار

11 اگست 2021

جرمنی میں ایک برطانوی شہری کو روس کے لیے جاسوسی کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔ زیرحراست ملزم برلن میں برطانوی سفارت خانے سے بھی منسلک رہا۔

https://p.dw.com/p/3yqXw
Berlin Botschaft Großbritannien Wilhelmstrasse
تصویر: Markus Schreiber/AP/picture alliance

جرمنی کے وفاقی دفتر استغاثہ نے بتایا کہ برطانوی شہری ڈیوڈ ایس کو پوٹسڈام شہر سے منگل کے روز گرفتار کیا گیا۔ جرمنی میں نجی کوائف کے قوانین کے تحت اس ملزم کا پورا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔

پراسیکیوٹرز کے مطابق ملزم روسی خفیہ ادارے کے لیے جاسوسی کی سرگرمیوں میں ملوث رہا۔ اس گرفتاری کے لیے جرمن اور برطانوی حکام نے تفتیش میں ایک دوسرے کی معاونت کی۔ 

پیگاسس جاسوسی معاملے پر بھارتی شہری خاموش کيوں؟

درجنوں امريکی جاسوس اور سفارت کار ’پراسرار بيماری‘ ميں مبتلا

بتایا گیا ہے کہ ملزم کم از کم نومبر سے روسی خفیہ ادارے کے لیے کام میں مصروف تھا۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ ملزم نے دارالحکومت برلن میں قائم برطانوی سفارت خانے میں بھی کام کیا جب کہ اس نے اس دوران روسیوں کو کچھ دستاویزات فراہم کیں۔

جرمن وزارت خارجہ کے ترجمان کرسٹوفر برگر نے کہا ہے کہ جرمن حکومت اس معاملے پر گہری نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا، ''ہم زیرحراست ملزم کے روسی خفیہ ادارے کے لیے کام کرنے کی خبروں کو نہایت سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔ جرمن سرزمین پر جرمنی کے قریبی اتحادیوں کی جاسوسی کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔‘‘

پیگاسس، کیسے جاسوسی کرتا ہے؟

خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق روسی حکام کی جانب سے فی الحال اس معاملے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے، تاہم برطانوی حکومت نے اس سلسلے میں کچھ تفصیلات بتاتے ہوئے کہا، ''ایک فرد جو حکومت کے لیے کانٹریکٹ پر کام کرنے کے لیے رکھا گیا تھا، اسے جرمن حکام نے گرفتار کیا ہے۔‘‘

برطانوی بیان میں مزید کہا گیا، ''چوں کہ یہ معاملہ زیرتفتیش ہے اس لیے اس پر مزید کوئی تبصرہ مناسب نہیں ہو گا۔‘‘

برطانوی میٹروپولیٹین پولیس کی جانب سے ایک علیحدہ بیان میں کہا گیا ہے کہ برلن کے علاقے میں ایک شخص کو جاسوسی سے متعلق سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے شبے میں گرفتار کیا گیا ہے۔

ع ت / ش ح (اے پی، روئٹرز)