1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی فٹ بال ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا

ندیم گِل5 جولائی 2014

جرمنی نے فیفا ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں فرانس کو شکست دے دی ہے۔ سیمی فائنل میں اس کا سامنا برازیل سے ہو گا جو کولمبیا کو شکست دے کر اس مرحلے تک پہنچا ہے۔

https://p.dw.com/p/1CWA5
تصویر: Reuters

جرمنی نے جمعہ چار جولائی کو کھیلے گئے کوارٹر فائنل میں فرانس کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی۔ خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق جرمن کھلاڑیوں نے بڑے مقابلوں کے اپنے تجربے کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے پختہ اور ماہرانہ کھیل دکھایا۔

اس جیت کے ساتھ جرمنی مسلسل چوتھی مرتبہ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک پہنچنے والی پہلی ٹیم بھی بن گئی ہے۔ جرمنی کی جانب سے میچ کا واحد گول کھیل کے تیرھویں منٹ میں ماٹس ہومیلز نے کیا۔

قبل ازیں ہونے والوں مقابلوں میں جرمن ٹیم کو ناقص دفاع کے لیے تنقید کا نشانہ بنایا جا چکا ہے۔ تاہم جرمن کھلاڑیوں نے فرانس کے گِرد گھیرا تنگ رکھا اور انہیں اپنی گول پوسٹ پر حملہ کرنے کے زیادہ مواقع نہیں دیے۔

میچ کے بعد فرانس کے کوچ دیدیے دیشاں نے کہا: ’’ہماری ٹیم جرمنی کی مانند بین الاقوامی کھیل کا تجربہ نہیں رکھتی۔‘‘

Fußball WM 2014 Brasilien Kolumbien Viertelfinale
جرمنی سیمی فائنل میں برازیل کا سامنا کرے گاتصویر: Getty Images

بعدازاں دوسرے کوارٹر فائنل میں برازیل کا سامنا کولمبیا سے ہوا۔ میزبان ٹیم نے کولمبیا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔ اب سیمی فائنل میں برازیل کا سامنا جرمنی سے ہو گا۔ دونوں ٹیمیں منگل آٹھ جولائی کو میدان میں اتریں گی۔

جرمنی کے لیے فٹ بال ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا یہ تیرھواں موقع ہے۔ ہومیلز کا کہنا تھا: ’’میں سمجھتا ہوں کہ ہم ایک ایسا کھیل پیش کر رہے ہیں جس سے ہمیں جیت کا موقع ملے گا۔‘‘

گزشتہ بارہ برس میں برازیل کے لیے فٹ بال ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا یہ پہلا موقع ہے۔ ورلڈ کپ کے گزشتہ دو ایڈیشنز میں برازیل کوارٹر فائنلز سے آگے نہیں بڑھ پایا تھا۔

برازیل کی جانب سے کولمبیا کے خلاف گول اس کے دفاعی کھلاڑیوں تیاگو سلوا اور ڈیوڈ لویز نے کیے۔ سلوا نے پہلا گول کھیل کے ساتویں منٹ میں داغ دیا تھا جبکہ لویز نے دوسرا گول 69ویں منٹ میں کیا۔ برازیل نے کھیل کے پہلے ہاف میں کولمبیا کی گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کیے اور مہمان کھلاڑیوں کو دفاع پر مجبور کیے رکھا۔ کولمبیا کی جانب سے واحد گول کھیل کے 80ویں منٹ میں جیمز روڈرگز نے کیا۔