1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہجرمنی

جرمنی: اسکول فائرنگ واقعے میں زخمی طالب علم چل بسا

10 نومبر 2023

جرمن پولیس نے بتایا کہ جمعرات کے روز جنوب مغربی جرمنی کے آفنبرگ میں ایک اسکول میں فائرنگ میں بری طرح زخمی ہو جانے والا طالب علم چل بسا۔ حالانکہ جرمنی میں اسکولوں میں فائرنگ کے واقعات شاذ و نادر ہی پیش آتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/4YeDQ
مشتبہ حملہ آور، جو کہ ایک 15سالہ طالب علم ہے، کو حراست میں لے لیا گیا ہے
مشتبہ حملہ آور، جو کہ ایک 15سالہ طالب علم ہے، کو حراست میں لے لیا گیا ہےتصویر: Christina Häußler/Einsatz-Report24/IMAGO

جرمن پولیس نے بتایا کہ جنوب مغربی شہر آفنبرگ میں جمعرات کے روز ایک خصوصی تعلیمی اسکول میں ایک 15سالہ طالب علم کو گولی مار دی گئی تھی، جس کی بعد میں موت ہو گئی۔

مشتبہ حملہ آور، جو کہ ایک اور 15سالہ طالب علم ہے، کو بڑے پیمانے پر پولیس کارروائی کے بعد حراست میں لے لیا گیا ہے۔

پولیس اور استغاثہ نے بتایا کہ اسے قتل عام کے شبہے میں حراست میں لیا گیا ہے۔

جرمن خبر رساں ایجنسی ڈی پی اے کے مطابق حملہ آور نویں جماعت کے کلاس روم میں داخل ہوا اور فائرنگ کردی۔

گزشتہ 20 سالوں میں اندھا دھند فائرنگ کے باعث ہلاکتوں کے واقعات

فائرنگ کے وقت اسکول میں تقریباً180 طلبہ موجود تھے، انہیں بحفاظت نکال لیا گیا اور سرپرستوں اور والدین کے سپرد کر دیا گیا۔ ان کی کاونسلنگ بھی کی گئی۔

پولیس کو' ذاتی رنجش' کا شبہ

تفتیش کاروں کے مطابق حملہ آور لنچ کے وقت ایک کلاس روم میں داخل ہوا اور وہاں بیٹھے ہم جماعت کے قریب پہنچا اور ہینڈ گن سے فائرنگ کردی۔ زخمی طالب علم کو ہسپتال لے جایا گیا لیکن اس نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔

ہائیڈل برگ یونیورسٹی میں فائرنگ: حملہ آور سمیت دو افراد ہلاک

پولس اور استغاثہ کا خیال ہے کہ مشتبہ حملہ آور طالب علم نے تنہا ہی اس جرم کو انجام دیا ہے۔ پولیس نے مزید کہا کہ ابتدائی نتائج سے معلوم ہوا ہے کہ ملزم اور مقتول طالب علموں کے درمیان رنجش تھی۔

پولیس نے کہا کہ دو نابالغ لڑکوں کے درمیان جھگڑے میں "ذاتی رنجش" کا شبہ ہے۔

ہمبرگ میں دو اسکولوں میں فائرنگ کے واقعات میں کوئی زخمی نہیں ہوا تاہم اس نے شہرمیں تشویش کی لہر دوڑا دی
ہمبرگ میں دو اسکولوں میں فائرنگ کے واقعات میں کوئی زخمی نہیں ہوا تاہم اس نے شہرمیں تشویش کی لہر دوڑا دیتصویر: Bodo Marks/dpa/picture alliance

جرمنی میں اسکولوں میں فائرنگ کے واقعات شاذ و نادر

جرمنی میں اسکولوں میں فائرنگ کے واقعات شاذ و نادر ہی ہوتے ہیں لیکن جمعرات کے روز آفنبرگ کے واقعے سے ایک ہی روز قبل شمالی بندرگاہی شہر ہمبرگ میں دو اسکولوں میں اسی سے ملتے جلتے واقعات پیش آئے۔

 گوکہ یکے بعد دیگر ہونے والے ان واقعات میں کوئی زخمی نہیں ہوا تاہم اس نے ہمبر گ شہرمیں تشویش کی لہر دوڑا دی۔

پہلا واقعہ بدھ کی سہ پہر کو پیش آیا جب بلینکنیز میں دو طالب علموں نے ایک ٹیچر کو بظاہر کھلونا بندوق دکھاتے ہوئے مارنے کی دھمکی دی۔

اس واقعے کے بعد پولیس بڑے پیمانے پر سرگرم ہو گئی۔ ان کارروائیوں میں ہیلی کاپٹر وں کا استعمال کیا گیا، سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے تلاشیاں لی گئیں۔ ان کارروائیوں میں سینکڑوں پولیس افسران نے حصہ لیا اور چار گھنٹے کے بعد یہ اعلان کیا گیا کہ سب کچھ ٹھیک ٹھاک ہے۔

تبصرہ: جرمنی کے دل پر ’نفرت کا وار‘

تقریباً اسی وقت مذکورہ اسکول سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ایک دوسرے اسکول میں اسی طرح کے واقعے کے سلسلے میں پولیس کو الرٹ کیا گیا۔ یہاں بھی ایک اسکول ٹیچر کو دھمکی دی گئی، حالانکہ اس کی تفصیلات نہیں ظاہر کی گئی ہیں۔

لیکن گیارہ سے 14برس کی عمر کے پانچ لڑکوں کو حراست میں لیا گیا اور کم از کم تین کھلونا بندوقیں ضبط کی گئیں۔

دو دن گزرجانے کے باوجود ابھی تک ہمبرگ میں پیش آنے والے واقعات کے بارے میں یہ واضح نہیں ہے کہ بچوں نے ٹیچروں کو دھمکیاں کیوں دیں اور کیا ان دونوں واقعات میں کوئی ربط ہے۔

فائرنگ کے واقعے کے بعد میونخ صدمے کی کیفت میں

 ج  ا/  ص ز(ڈی پی اے،  اے ایف پی)