1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن کپ: فرائی بُرگ اور وُولفس برگ سیمی فائنل میں

27 فروری 2013

جرمنی میں بنڈس لیگا کے بعد جرمن کپ انتہائی اہم ٹورنامنٹ ہے۔ اس میں کُل 64 ٹیمیں حصہ لیتی ہیں۔ جرمن کپ کے لیے چار کوارٹر فائنل میچوں میں سے دو کل منگل کی شام کھیلے گئے۔ بقیہ دو آج کھیلے جائیں گے۔

https://p.dw.com/p/17mM0
تصویر: Bongarts/Getty Images

جرمن کپ برائے سن 2013 کا آغاز سترہ اگست سن 2012 سے ہوا تھا۔ اس ٹورنامنٹ میں پانچ درجن سے زائد ٹیمیں شریک تھیں۔ ناک آؤٹ بنیاد پر کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کے پری کوارٹر فائنل مرحلے کے میچ گزشتہ برس دسمبر کے وسط میں مکمل ہو گئے تھے۔ اب اس ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل مرحلے کے میچوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ کل منگل کے روز دو میچ مکمل ہوئے اور بقیہ دو میچ آج کھیلے جائیں گے۔

Marco Caligiuri und Daniel Caligiuri
کالیگیوری فرائی برگ کے لیے دو گول کیےتصویر: Bongarts/Getty Images

منگل کے روز کھیلے گئے دو میچوں میں سے ایک فرائی برگ اور مائنز کے درمیان کھیلا گیا جب کہ دوسرا میچ وولفس برگ اور ککرز اوفن باخ کے درمیان تھا۔ فرائی برگ نے مائنز کی ٹیم کو دو کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا۔ میچ کا فیصلے اضافی وقت میں ہوا۔ یہ میچ اس لیے حیران کن رہا کہ مائنز کی ٹیم نے ابتدائی پانچ منٹوں میں دو گول کر دیے تھے۔

دوسرے منٹ میں پہلا گول نائجیرین نژاد چی نیڈو ایڈے (Chinedu Ede) نے کیا۔ دو ہی منٹ بعد چیک جمہوریہ سے تعلق رکھنے والے زڈینیئک پوش پیش (Zdenek Pospech) نے گول کر کے سبقت کو مستحکم کر دیا لیکن یہ برتری میچ کے آخری لمحات میں عارضی ثابت ہوئی۔ میچ کے چھیاسویں منٹ میں فرائی برگ کے کروشیائی کھلاڑی ایوان سنتینی ( Ivan Santini) نے گول کر دیا اور پھر اختتام میچ پر ضائع شدہ وقت کے لیے مخصوص انجری ٹائم میں اطالوی نژاد جرمن کھلاڑی ڈینئیل کالیگیوری (Daniel Caligiuri) نے دوسرا گول کر دیا۔ کالیگیوری نے اضافی وقت میں دوسرا گول کر کے مائنز کی ٹیم کو ٹورنامنٹ سے باہر کردیا۔

DFB Pokal Logo Archiv
جرمن کپ کا لوگوتصویر: picture-alliance/dpa

دوسرے میچ میں وولفس برگ نے ککرز اوفن باخ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ وولفس برگ کی جانب سے پہلا گول انچاسویں منٹ میں کروشیائی کھلاڑی اویٹسا اولچ (Ivica Olic) نے کیا۔ وولفس برگ کے لیے دوسرا گول باس دوشت (Bas Dost) نے کیا۔ میچ کے اختتامی منٹوں میں ککرز اوفن باخ کی جانب سے مارسیل اشٹیڈل (Marcel Stadel) نے گول کیا۔ بدھ کے روز کھیلے جانے والے دو کوارٹر فائنل میں ایک ڈورٹمنڈ اور بائرن میونخ کے درمیان اور دوسرا اشٹٹ گارٹ اور بوخم کے درمیان ہے۔

جرمن کپ کے سیمی فائنل اپریل کی سولہ اور سترہ تاریخوں پر شیڈیول ہیں۔ فائنل میں روایت کے مطابق جرمن دارالحکومت برلن کے اولمپک اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اب تک بائرن میونخ کی ٹیم جرمن کپ کو پندرہ مرتبہ جیتنے کا اعزاز رکھتی ہے۔ جرمن فٹ بال کپ کے حصول کا ٹورنامنٹ اس لیے دلچسپ ہے کہ اس میں جرمنی کی بیشتر ٹیمیں شرکت کرتی ہیں۔ جرمن کپ میں کل 64 ٹیمیں شریک ہوتی ہیں۔ بنڈس لیگا کے ٹاپ لیول سے لے کر چوتھے درجے کی ٹیموں کو اس ٹورنامنٹ میں شرکت کا موقع ملتا ہے۔

(ah/at(AP