جرمن ڈرائیور فیٹل نے موناکو گراں پری ریس جیت لی
30 مئی 2011موناکو گراں پری مقابلہ 78 راؤنڈز پر مشتمل تھا، جن کا مجموعی فاصلہ 260.520 کلومیٹر بنتا تھا۔ فارمولا وَن کی رواں سیزن کی مجموعی طور پر اُنیس میں سے یہ چھٹی ریس تھی، جسے اپنے تنگ موڑوں کی وجہ سے دُنیا کی مشکل ترین ریس گردانا جاتا ہے۔
ایک سنسنی خیز اور پُر خطر مقابلے کے بعد فولادی اعصاب کے مالک سیباستیان فیٹل پہلے نمبر پر رہے۔ اُنہوں نے اپنے کیریئر میں 20 ویں مرتبہ پول پوزیشن سے ریس شروع کرتے ہوئے یہ فاصلہ دو گھنٹے 9 منٹ اور 38 اعشاریہ 373 سیکنڈز میں طے کیا۔ فیراری سوار ہسپانوی ڈرائیور فیرنانڈو الونسو، جو دو مرتبہ عالمی چیمپئن رہ چکے ہیں، اتوار کی اس ریس میں دوسرے نمبر پر رہے۔ میکلارن مرسیڈیز ٹیم کے 2009ء میں عالمی چیمپیئن بننے والے برطانوی ڈرائیور جینسن بٹن نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ چوٹی کی تینوں پوزیشنوں پر موجود ڈرائیور صرف 2.3 سیکنڈز کے وقفے سے منزل پر پہنچے تھے۔
ریڈ بُل ٹیم کے 23 سالہ فیٹل کو موناکو ریس میں فتح کے ذریعے اپنے سب سے قریبی حریف لیوئس ہیملٹن پر 58 پوائنس کی سبقت حاصل ہو گئی ہے۔ رواں سیزن کی چھ ریسز مکمل ہونے کے بعد میکلارن سوار برطانوی کھلاڑی ہیملٹن کے 85 پوائنٹس ہیں جبکہ فیٹل کے پوائنٹس کی تعداد بڑھ کر 143 ہو گئی ہے۔ اب تک مجموعی طور پر تیسری پوزیشن آسٹریلیا کے مارک ویبر کی ہے، جو فیٹل کی ریڈ بُل رینالٹ ٹیم ہی کے ساتھ ہیں اور جن کے پوائنٹس کی مجموعی تعداد 79 ہے۔
موناکو گراں پری میں فیٹل کی یہ پہلی کامیابی تھی، جس پر بے انتہا خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا، ’یہ ناقابلِ یقین بات لگتی ہے۔ مجھے اس ریس کے فاتحین میں اپنا نام دیکھ کر بے انتہا فخر محسوس ہو رہا ہے۔‘
ٹیموں میں پوائنٹس کے اعتبار سے ریڈ بُل رینالٹ ٹیم 222 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر جا رہی ہے۔ 161 پوائنٹس کے ساتھ میکلارن ٹیم دوسرے اور 93 پوائنٹس کے ساتھ فیراری تیسرے نمبر پر ہے۔ اگلی ریس یعنی کینیڈین گراں پری بارہ جون کو مونٹریال میں منعقد ہو گی۔
رپورٹ: امجد علی
ادارت: ندیم گِل