1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن ٹین ایجر گرل فرینڈ کے افغان قاتل کی جیل میں خودکشی

10 اکتوبر 2019

ایک نوعمر افغان تارک وطن نے جیل میں خودکشی کر لی ہے۔ اس افغان تارک وطن کو اپنی گرل فرینڈ کو قتل کرنے کے جرم میں جرمن عدالت نے ساڑھے آٹھ برس کی سزائے قید سنائی تھی۔

https://p.dw.com/p/3R2xz
Deutschland | Demos in Kandel | Das Bild der vertorbenen Mia Valentin auf dem Demozug "Kandel ist überall".
تصویر: DW/A. Prange

جرمن دفتر استغاثہ کے مطابق اُس افغان تارک وطن نے جیل میں پھندا ڈال کر خود کشی کر لی ہے، جسے ایک عدالت نے اپنی ٹین ایجر گرل فرینڈ کو قتل کرنے کے جرم میں آٹھ برس سے زائد کی قید سزا سنائی تھی۔ خودکشی کرنے والے افغان تارک وطن کا نام عبدل ڈی بتایا گیا ہے۔ اس کا پورا نام جرمن پرائیویسی قانون کے تحت مخفی رکھا گیا ہے۔

عبدل ڈی نامی افغان تارک وطن کی نعش بچوں اور نوعمر مجرموں کی جیل کے سیل میں جمعرات دس اکتوبر کی صبح جیل حکام کو قیدیوں کی روزانہ کی شناخت کے دوران ملی۔ یہ جیل جرمن صوبے رائن لینڈ پلاٹینیٹ کے ضلع رائن فالز کرائس کے قصبے شیفراسٹڈ میں واقع ہے۔ جیل حکام کے مطابق گزشتہ ایام کے دوران عبدل ڈی کے اندر خودکشی کا رجحان نہیں پایا گیا تھا۔

Polizei bei Demonstration in Kandel
عبدل ڈی اور میا کے درمیان ملاقات کانڈیل کے اسکول میں ہوئی تھیتصویر: picture-alliance/dpa/U. Deck

عبدل ڈی نے اپنی پندرہ برس کی گرل فرینڈ مِیا کو دسمبر سن 2017 میں چاقو کے وار کر کے ہلاک کر دیا تھا۔ جرمن ٹین ایجر کی  چاقو کے گھاؤ لگنے سے ہلاکت جنوب مغربی قصبے کانڈیل میں ہوئی تھی۔ افغان نوعمر نے اپنی گرل فرینڈ کا قتل کھلے عام ایک ڈرگ اسٹور پر کیا تھا۔

عدالت میں وکیل استغاثہ نے قتل کی وجہ مقتولہ مِیا کا عبدل ڈی سے اپنا تعلق ختم کرنا بتایا تھا۔ دوسری طرف وکیل صفائی کے مطابق میا کو قتل کرنے کی وجہ عبدل ڈی کے اندر پیدا ہونے والا دکھ، حسد اور رقابت بنی تھی۔ مقتولہ کے والدین نے قتل کی واردات سے کچھ ایام قبل قاتل کی  ٹین ایجر مِیا کو دی جانے والی دھمکیوں اور ہراساں کرنے کے خلاف پولیس کو شکایت بھی درج کرائی تھی۔

Deutschland Demo des "Frauenbündnis Kandel"
میا کے قتل کے بعد جرمنی میں مہاجرین مخالف بیانیے میں اضافہ ہوا تھاتصویر: DW/R. Staudenmaier

نوعمر افغان مہاجر سن 2016 میں جرمنی پہنچا تھا اور اُس نے خود کو تنہا نابالغ مہاجر کے طور پر رجسٹر کروایا تھا۔ عبدل ڈی اور میا کے درمیان ملاقات کانڈیل کے اسکول میں ہوئی تھی۔

افغان تارک وطن کو ستمبر سن 2018 میں جرمن شہر لنڈاؤ کی عدالت نے واقعات اور شواہد کی روشنی میں قتل کے جرم میں ساڑھے آٹھ برس کی سزائے قید سنائی تھی۔

اس قتل کی واردات سے سارے جرمنی میں رنج، غم اور غصے کی لہر دوڑ گئی تھی۔ مہاجرین کے خلاف مقامی جرمن آبادی میں پیدا ہونے والے جذبات کا اس واقعے سے بھی تعلق جوڑا جاتا ہے۔ اسی قتل کے بعد جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے سیاسی مخالفین اور دائیں بازو کے سیاسی و سماجی حلقوں نے مہاجرین کے حوالے سے اُن کی پالیسی پر کڑی تنقید کی تھی۔

ع ح ⁄  ک م (اے پی، ڈی پی اے)

جرمن بچی کا پاکستانی پناہ کا متلاشی والد ملک بدر