1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن ٹیم فٹ بال ورلڈ کپ کے ساتھ وطن لوٹ آئی

ندیم گِل15 جولائی 2014

جرمن قومی ٹیم، فٹ بال ورلڈ کپ میں فتح کے بعد ٹرافی کے ساتھ وطن لوٹ آئی ہے۔ جرمنی نے فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں ارجنٹائن کو ایک صفر سے شکست دے کر چوبیس برس بعد یہ ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1CdYf
تصویر: picture-alliance/dpa

منگل کو جرمنی واپسی پر دارالحکومت برلن میں ہزاروں افراد نے ٹیم کا زبردست استقبال کیا۔ ٹیم نے بھی پرزور حمایت پر پوری قوم کا شکریہ ادا کیا ہے۔

جرمنی کی قومی فٹ بال ٹیم کے استقبال کے لیے برلن کے معروف برانڈنبرگ گیٹ پر تقریباﹰ ڈھائی لاکھ مداح جمع تھے۔ ہزاروں افراد کل رات سے ہی برلن میں اپنی ٹیم کے منتظر تھے۔

Fußball WM 2014 Empfang Nationalmannschaft in Berlin
ہزاروں مداحوں نے جرمن ٹیم کا استقبال کیاتصویر: picture-alliance/dpa

جرمن ٹیم برلن کے ٹیگال ایئرپورٹ سے ایک قافلے کی صورت برانڈنبرگ گیٹ پہنچی۔ قافلے کے راستے میں بھی سینکڑوں مداح موجود تھے جو قومی پرچم لہرا کر ٹیم کا استقبال کر رہے تھے۔

برانڈنبرگ میں جیت کے جشن کی اس تقریب سے خطاب میں جرمن ٹیم کے کوچ یوآخم لوو نے کہا کہ ورلڈ کپ میں جرمن ٹیم کی جیت پوری قوم کی فتح ہے۔ انہوں نے کہا: ’’ہم سب ورلڈ چیمپیئن ہیں۔ بلاشبہ ہم سب اپنے فینز کے درمیان آ کر بہت زیادہ خوش ہیں۔‘‘

جرمن ٹیم کے کپتان فیلپ لاہم نے ورلڈ کپ ٹرافی فضا میں بلند کرتے ہوئے ہجوم کو دکھائی۔ انہوں نے کہا: ’’یہاں لوگوں کا جذبہ قابلِ دید ہے۔ آپ سب کا بہت شکریہ۔‘‘

باستیان شوائنشٹائیگر نے بھی مداحوں سے خطاب میں ان کا شکریہ ادا کیا۔

Siegerflieger Fanhansa Flugzeug Lackierung Lufthansa Flughafen Rio de Janeiro WM 2014
قومی ٹیم کو وطن لانے والے لفتھانزا کو ’فینہانزا‘ کا نام دیا گیا تھاتصویر: picture-alliance/dpa

کھلاڑیوں نے سیاہ ٹی شرٹس پہن رکھی تھیں۔ انہوں نے ایک بینر بھی اٹھا رکھا تھا جس پر پرتگالی زبان میں ’شکریہ‘ کے الفاظ تحریر تھے۔ ساتھ ہی ’چوتھی جیت‘ کے الفاظ بھی درج تھے۔

ٹیم جرمن ایئرلائن لفتھانزا کی ایک پرواز سے ریوڈی جنیرو سے برلن پہنچی۔ ٹیم کو وطن لانے والے طیارے کو ’فینہازا‘ کا نام دیا گیا تھا جبکہ طیارے پر یہ الفاظ بھی درج تھے: ’’فاتحین کا طیارہ‘‘۔

ارجنٹائن کے خلاف فائنل میں میچ کا واحد گول کرنے والے ماریو گوئٹسے نے اس جیت کو ایک خواب قرار دیا۔ انہوں نے کہا: ’’ہم نے ایک زبردست ٹورنامنٹ میں حصہ لیا۔ بہت ہی خوشگوار احساس ہے۔‘‘

کھلاڑیوں نے اسٹیج پر رقص بھی کیا۔ اس موقع پر وہ جرمنی کی فتح کی خوشی میں گیت بھی گا رہے تھے۔

اُدھر گزشتہ روز ارجنٹائن کی ٹیم وطن پہنچی تو بیونس آئرس کے ہوائی اڈے پر ہزاروں مداحوں نے اس کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس کے برعکس ارجنٹائن کی صدر کرسٹینا فرنینڈس نے اپنی ٹیم سے ملاقات میں تسلیم کیا ہے کہ انہوں نے فائنل سمیت ورلڈ کپ کا کوئی بھی میچ نہیں دیکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ فٹ بال کی مداح نہیں ہیں۔

برازیل کے دارالحکومت ریو ڈی جنیرو میں اتوار کو فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں جرمنی اور ارجنٹائن کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔ مقررہ نوّے منٹ کے کھیل میں کوئی بھی ٹیم گول نہ کر سکی جس کے بعد ماریو گوئٹسے نے کھیل کے 113ویں منٹ میں گول کیا۔