1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن لڑکی کا ریپ، ملزم جسونت سنگھ دلّی سے گرفتار

1 ستمبر 2009

جرمنی میں 12سال قبل ایک جواں سالہ لڑکی کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزم کو نئی دہلی سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق 36 سالہ جسونت سنگھ کو آدرش نگر کے علاقے میں اس کےگھر سے گرفتار کیا گیا۔

https://p.dw.com/p/JMp7
تصویر: AP
Deutsches Polen Institut in der Künstlerkolonie in Darmstadt
جواں سالہ لڑکی کو جرمن علاقے ڈارم شٹاٹ میں زیادتی کا نشانہ بنایا گیاتصویر: DW / Barbara Cöllen

بھارتی پولیس کے ایک اعلیٰ عہدے دار نے بتایا کہ ملزم جسونت سنگھ انیس سو بانوے میں جرمنی گیا تھا اور وہاں غیرقانونی طور پر رُکا ہوا تھا۔ سنگھ نے انیس سو ستانوے میں اپنے دو ساتھیوں، بھارتی شہری کَرن سنگھ اور پاکستانی شہری محمد شہزاد کے ساتھ مل کر علاقے ڈارم شٹاٹ میں ایک ٹین ایجر جرمن لڑکی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔

پولیس کے مطابق وہ لڑکی یکم اگست انیس سو ستانوے کو ٹرین مس کرنے کے باعث پیدل اپنے گھر کی طرف جا رہی تھی۔ اسی دوران اس کا سامنا ان تینوں ملزمان سے ہوا۔ جسونت سنگھ کسی طرح لڑکی کو قریبی پارک میں لے گیا، جہاں اس کی اجتماعی طور پر آبرو ریزی کی گئی۔

اس وقت جسونت سنگھ جرمنی کے ایک ریستوران میں بحیثیت ’شیف‘ کام کرتا تھا۔ ریپ کے واقعے کا پتہ اس وقت چلا جب ریستوران کے مالک نے کرن سنگھ اور جسونت سنگھ کی باتیں سن کر پولیس کو خبر کی۔ کرن سنگھ اور محمد شہزاد کو تو گرفتار کر لیا گیا لیکن جسونت سنگھ فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ وہ ہالینڈ چلا گیا اور وہیں سے بعدازاں بھارت لوٹا۔

کرن سنگھ اور محمد شہزاد پر جرمنی میں ہی مقدمہ چلا۔ کرن سنگھ کو دس سال اور محمد شہزاد کو آٹھ سال قید کی سزا سنائی گئی۔ چونکہ جسونت سنگھ مفرور تھا، نئی دہلی میں جرمن سفارت خانے نے دو ہزار آٹھ میں بھارتی وزارت خارجہ کو اس کے خلاف کارروائی کرنے کے لئے کہا۔ جرمنی میں درج اس مقدمے کا ریکارڈ بھی بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا، جنہوں نے دہلی پولیس کو کارروائی کی ہدایت کی۔

BdT Polizeiaufgebot
جرمن پولیس نےدو ملزمان کو گرفتار کر لیا تھاتصویر: AP

بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ جرمن حکام کو جسونت سنگھ کے بارے میں زیادہ معلومات نہیں تھیں۔ صرف اس کا نام اور جائے پیدائش، بھارتی پنجاب کا علاقہ ہوشیار پور، بس اس کے علاوہ کوئی معلومات نہیں۔

بھارتی پولیس نے ہوشیارپور میں جسونت سنگھ نام کے ان تمام لوگوں کے بارےمیں معلومات اکھٹی کرنی شروع کیں جو گزشتہ چند برسوں میں جرمنی سے واپس بھارت لوٹے تھے۔ اس حوالے سے تفتیش کا دائرہ کار امیگریشن سے وابستہ افراد تک بھی بڑھادیا گیا۔ آخر کار جسونت سنگھ پولیس کی گرفت میں آہی گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جسونت سنگھ پر نئی دہلی میں مقدمہ قائم کیا جائے گا کیوں کہ جرمن حکام نے اپنے ملک میں ملزم پر مقدمہ چلانے کی خواہش ظاہر نہیں کی ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: گوہر نذیر گیلانی