1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن شہریت کی درخواست کے بعد اوسط انتظار ایک سال سے زائد تک

3 اپریل 2023

جرمنی میں ملکی شہریت کے لیے درخواست دہندہ غیر ملکیوں کو شہریت ملنے سے پہلے اوسطاﹰ ایک سال سے زائد تک انتظار کرنا پڑتا ہے۔ یہ بات ایک تازہ میڈیا سروے سے پتہ چلی۔ کئی شہروں میں تو انتظار کا اوسط عرصہ ڈیڑھ سال تک بنتا ہے۔

https://p.dw.com/p/4PZMo
Germany, German citizenship, application, waiting time, foreigners, naturalization, migrants, German nationality
تصویر: Marijan Murat/dpa/picture alliance

برلن سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق میڈیا سروس 'اِنٹیگریشن‘ کی طرف سے مکمل کرائے گئے اس جائزے کے نتائج سے پتہ چلا کہ جرمنی میں طویل عرصے تک قانونی قیام کے بعد مقامی شہریت کی درخواست دینے والے غیر ملکیوں کو، جن کے پاس اس یورپی ملک میں قیام کا لامحدود حق بھی ہوتا ہے، ضروری کارروائی کی تکمیل کے لیے اوسطاﹰ فی کس ایک سال سے زائد تک انتظار کرنا پڑتا ہے۔

کئی شہروں میں یہی مدت ڈیڑھ سال تک

کئی جرمن شہروں میں تو اس کارروائی میں اتنی دیر لگ جاتی ہے کہ اس کی تکمیل شہریت کی درخواست دیے جانے کے بعد اوسطاﹰ ڈیڑھ سال تک کے عرصے میں ممکن ہوتی ہے۔ ایسے شہروں میں آخن، بریمن، کارلسروہے اور شٹٹ گارٹ سر فہرست ہیں۔

جرمنوں سے شادیاں کرنے والے غیر ملکیوں کے لیے ویزوں سے انکار

جن شہروں میں جرمن شہریت کی درخواست دیے جانے کے تقریباﹰ ایک سال بعد درخواست دہندہ غیر ملکیوں کو جرمن پاسپورٹ اور دیگر تمام شہری حقوق مل جاتے ہیں، ان میں آؤگسبرگ، ایسن، ہیمبرگ، میونخ اور میونسٹر نمایاں ہیں۔

Germany, German citizenship, application, waiting time, foreigners, naturalization, migrants, German nationality
گزشتہ برس نئے جرمن شہری بننے والے افراد میں سب سے زیادہ تعداد شامی، عراقی، ایرانی اور ترک باشندوں کی رہیتصویر: Marijan Murat/dpa/picture alliance

میرے والد کو ایران میں پھانسی سے بچالیں، بیٹی کی جرمنی سے اپیل

اس کے برعکس جرمن شہر کیمنٹس میں صورت حال ایسی ہے کہ وہاں اس مدت کی طوالت کے بارے میں کوئی پیش گوئی مشکل ہی سے کی جا سکتی ہے۔ اس لیے کہ وہاں کسی بھی درخواست دہندہ غیر ملکی کی طرف سے جرمن شہریت کی درخواست دیے جانے اور اسے دستاویزی طور پر تمام شہری حقوق مل جانے کا درمیانی عرصہ چھ ماہ سے لے کر تین سال تک بھی ہو سکتا ہے۔

اب تک زیر التوا درخواستوں کی تعداد

جرمنی یورپی یونین کا سب سے زیادہ آبادی والا ملک ہے، جس کی مجموعی آبادی تقریباﹰ 83 ملین بنتی ہے۔ اس وقت پورے ملک میں غیر ملکیوں کی طرف سے دی جانے والی جرمن شہریت کی ایسی درخواستوں کی کُل تعداد ایک لاکھ بیس ہزار سے زائد بنتی ہے، جن پر حکام کی طرف سے کارروائی جاری ہے۔

’بڑی دیر کی مہرباں آتے آتے‘ : جرمنی کا دوہری شہریت سے متعلق قانون

ان ایک لاکھ بیس ہزار درخواستوں میں سے ملک کے کُل 16 وفاقی صوبوں میں سے سب سے زیادہ درخواستیں وفاقی دارالحکومت اور شہری ریاست برلن میں زیر التوا ہیں۔

Germany, German citizenship, application, waiting time, foreigners, naturalization, migrants, German nationality
2022ء میں پورے جرمنی میں تقریباﹰ ایک لاکھ 31 ہزار 600 غیر ملکیوں نے جرمن شہریت حاصل کیتصویر: Fabian Sommer/dpa/picture alliance

یورپی ممالک شہریت کو کیسے منظم کرتے ہیں

گزشتہ برس جرمن شہریت حاصل کرنے کے لیے 2021ء کے مقابلے میں غیر ملکیوں کی طرف سے سب سے زیادہ درخواستیں کولون اور ڈریسڈن کے شہروں میں دی گئیں۔ ان دونوں شہروں میں 2022ء میں 2021ء کے مقابلے میں ایسی درخواستوں کی تعداد دو گنا ہو گئی تھی۔

بِیلےفَیلڈ وہ واحد شہر تھا، جہاں پچھلے سال اس سے ایک برس پہلے کے مقابلے میں ایسی درخواستوں کی تعداد بڑھ کر تین گنا ہو گئی۔

ڈیٹا کے حصول کا طریقہ

اس قومی جائزے کے لیے جرمنی میں غیر ملکیوں سے متعلقہ امور کے ذمے دار اور سب سے زیادہ آبادی والے شہروں میں قائم 23 علاقائی دفاتر کے حکام سے تفصیلی معلومات حاصل کی گئیں۔ ان دفاتر کے اعلیٰ حکام سے یہ دریافت کیا گیا تھا کہ ان کے ہاں کتنے غیر ملکیوں نے سالانہ بنیادوں پر جرمن شہریت کے لیے درخواستیں دیں اور ان پر ضروری سرکاری کارروائی کی تکمیل میں اوسطاﹰ کتنا عرصہ لگا۔

نئی حکومت جرمن شہریت آسان بنائے گی اور دہری شہریت بھی ممکن ہو گی

بنیادی جرمن قانون: ملکی شہریت

خاتون سے ہاتھ نہ ملانے والے کو جرمن شہریت نہ دینے کا فیصلہ

ساتھ ہی ان دو درجن کے قریب علاقائی دفاتر سے یہ بھی پوچھا گیا تھا کہ ان کے ہاں جرمن شہریت کی درخواستیں دینے والے مقامی غیر ملکیوں کا تناسب اوسطاﹰ کتنا رہتا ہے اور اگر اس عمل میں کافی تاخیر ہو جاتی ہے، تو اسے مزید تیز رفتار بنانے کے لیے کس طرح کے اقدمات کیے جا رہے ہیں۔

گزشتہ برس کتنے غیر ملکیوں نے جرمن شہریت لی

2022ء میں پورے جرمنی میں تقریباﹰ ایک لاکھ 31 ہزار 600 غیر ملکیوں نے جرمن شہریت حاصل کی۔ ان میں سے سب سے زیادہ تعداد میونخ کے رہائشیوں کی تھی، جن کے بعد بالترتیب ہیمبرگ، کولون، ڈسلڈورف، فرینکفرٹ اور بریمن کے رہائشی غیر ملکی باشندے رہے۔

جرمن شہریت لینے والے برطانوی باشندوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ

گزشتہ برس نئے جرمن شہری بننے والے ایسے افراد میں سب سے زیادہ تعداد شام، عراق، ایران اور ترکی کے باشندوں کی رہی تھی۔ جو غیر ملکی پہلے ہی یورپی یونین کے شہری تھے اور جنہوں نے 2022ء میں جرمنی میں طویل عرصے تک قیام کے بعد جرمن شہریت بھی حاصل کر لی، ان میں سب سے زیادہ تعداد پولینڈ اور رومانیہ کے باشندوں کی تھی۔

دہشت گردوں کی دوہری جرمن شہریت منسوخ: قانونی ترمیم منظور

جرمنی میں مقامی شہریت کی درخواست دیے جانے کے بعد ضروری کارروائی کی تکمیل میں اب مقابلتاﹰ کافی زیادہ وقت اس لیے بھی لگتا ہے کہ متعلقہ سرکاری محکمے کے اہلکار یوکرین میں جنگ کی وجہ سے بہت بڑی تعداد میں آنے والے مہاجرین کے معاملات بھی دیکھ رہے ہیں۔

تاہم ایسے تمام علاقائی دفاتر اور وفاقی حکومت مل کر آئندہ مہینوں میں اس پورے عمل کو زیادہ تیز رفتار اور بہت زیادہ حد تک ڈیجیٹلائز کرنے کی کوششیں بھی کر رہے ہیں۔

م م / ع ا (کے این اے، ای پی ڈی)