1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن شہری ماحولیاتی تبدیلیوں اور مہاجر پالیسی سے شدید پریشان

10 جنوری 2020

ایک نئے سروے میں جرمن عوام کی پریشانیوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔ ان میں سب سے زیادہ گھمبیر مسئلہ ماحولیاتی تبدیلیوں کو قرار دیا۔ کلائمیٹ چینج کے بارے میں جرمن شہریوں کی پریشانی حیران کن اندار میں بڑھی ہے۔

https://p.dw.com/p/3VzJm
Deutsche Flagge
تصویر: picture-alliance/NurPhoto/B. Zawrfel

 

 

ڈوئچ لانڈ ٹرینڈ نے اپنے رائے عامہ کے تازہ جائزے میں جرمن شہریوں کی پریشانیوں کے اعداد و شمار مرتب کیے ہیں۔ نتائج کے مطابق جرمن شہریوں کے لیے آج کل سب سے پریشان کن معاملہ ماحولیاتی تبدیلیوں کا ہے۔ عوام کلائمیٹ چینج کی موجودہ صورتحال پر ذہنی دباؤ محسوس کرتے ہیں۔

رائے عامہ کے جائزے میں شامل ایک تہائی سے زائد نے کہا کہ وہ عالمی سطح پر ہونے والی ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے اعصابی دباؤ محسوس کرتے ہیں۔ سابقہ جائزے کے مقابلے میں جمعرات نو جنوری کو مکمل ہونے والے اس جائزے میں ماحولیاتی تبدیلی پر تحفظات رکھنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ یہ اضافہ اٹھارہ فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ مجموعی طور پر ستائیس فیصد افراد نے اس معاملے کو اہم اور باعث پریشانی قرار دیا۔

Infografik DT20 01 Wichtige Fragen EN
سروے کے مطابق سب سے بڑے مسئلے ماحولیاتی تبدیلی اور حکومت کی مہاجر پالیسی ہے

سابقہ جائزے میں برلن حکومت کی مہاجر پالیسی ایک بڑی تعداد کے لیے اہم مسئلہ تھی۔ تازہ جائزے میں جرمن حکومت کی مہاجر پالیسی اب دوسرا سب سے اہم مسئلہ  ہے۔ اس کی شدت میں بظاہر سولہ فیصد کمی ہوئی ہے لیکن پھر بھی ایک تہائی افراد کے لیے یہ پالیسی باعث سکون نہیں ہے۔

ان لوگوں کا خیال ہے کہ مہاجر پالیسی سے ذہنی دباؤ بڑھا ہے۔ اس سروے میں کئی دیگر معاملات پر بھی جرمن عوام نے رائے دی ہے۔ کم اہمیت کے معاملات میں تعلیم، سماجی انصاف، نقل و حرکت، سکیورٹی کی مجموعی صورت حال، جرائم میں اضافہ اور دہشت گردی شامل ہیں۔ ان سب کی شرح چھ فیصد بنتی ہے۔

Infografik DT20 01 Sonntagsfrage EN
سب سے مقبول سیاسی جماعت چانسلر میرکل کی سی ڈی یو ہے

اس سروے میں جب یہ پوچھا گیا کہ اگر اگلے اتوار کو عام پارلیمانی انتخابات کرائے جائیں تو وہ ووٹ کس کو دیں گے تو اس کے جواب میں ایک کثیر تعداد نے چانسلر میرکل کی قدامت پسند جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین (CDU) کے حق میں رائے دی۔ اس جماعت کی پسندیدگی کی شرح ستائیس فیصد رہی۔

دوسری پسندیدہ سیاسی جماعت ماحول دوست گرین پارٹی رہی، اس کے حق میں تیئیس فیصد عوام نے رائے دی۔ تیسری مقبول پارٹی انتہائی دائیں بازو کی آلٹرنیٹو فار ڈوئچ لانڈ (AfD) رہی۔ اس کو چودہ فیصد لوگوں نے پسندیدہ جماعت قرار دیا۔ ماضی کی مقبول سیاسی جماعت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی (SPD) اپنی غیرمقبولیت کے ساتھ تیرہ فیصد لوگوں کی پسندیدہ جماعت قرار پائی۔

ع ح ⁄ ع ا (ڈی پی اے، اے ایف پی)